انسانی کہانیاں عالمی تناظر

جی20: نیو دلی رہنماء اعلامیہ کا یو این کی طرف سے خیرمقدم

انڈیا کے دارالحکومت نئی دلی میں منعقدہ جی20 سربراہ کانفرنس کے موقع پر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش وزیراعظم نریندرا مودی کے ساتھ۔
G20 India
انڈیا کے دارالحکومت نئی دلی میں منعقدہ جی20 سربراہ کانفرنس کے موقع پر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش وزیراعظم نریندرا مودی کے ساتھ۔

جی20: نیو دلی رہنماء اعلامیہ کا یو این کی طرف سے خیرمقدم

معاشی ترقی

اقوام متحدہ نے آج نئی دہلی میں جی20 کانفرنس میں منظور کردہ اعلامیے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے دنیا میں بڑے پیمانے پر پائی جانے والی تقسیم کے وقت موثر قیادت کی مثال قرار دیا ہے۔

انڈیا کے دارالحکومت میں جاری سالانہ جی20 کانفرنس میں عالمی رہنماؤں نے اس اعلامیے کی متفقہ منظوری دی ہے جس میں موسمیاتی تبدیلی سے لے کر ماحول دوست ترقی، صںفی مساوات اور انسداد دہشت گردی تک بہت سے مسائل کا احاطہ کیا گیا ہے۔

Tweet URL

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش کے ترجمان سٹیفن ڈوجیرک نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ نے پائیدار ترقی کے اہداف (ایس ڈی جی) کی جانب پیش رفت کی رفتار تیز کرنے سے متعلق اعلامیے کی زبان کا خاص طور پر خیرمقدم کیا ہے۔

پائیدار ترقی کے اہداف پر پیش رفت

انہوں نے کہا کہ اعلامیے میں کیے گئے وعدوں اور اس بارے میں پڑھ کر خاص طور پر خوشی ہوئی ہے کہ 2030 کی مقررہ مدت تک ان اہداف کے قریب تر پہنچنے کے لیے بھی سب کو نئی توانائی اور نئی سرمایہ کاری سے کیسے کام لینا ہو گا۔

ڈوجیرک کا کہنا ہے کہ طویل گفت و شنید کے بعد اور خاص طور پر عالمگیر تقسیم کے دور میں اتفاق رائے سے اعلامیے کی منظوری انڈیا کی کوششوں کو خراج تحسین ہے جو اس وقت جی20 کی صدارت کر رہا ہے۔

انڈیا کا قائدانہ کردار

اس سے دنیا کے جنوبی حصے اور ترقی پذیر ممالک کے رہنما کی حیثیت سے انڈیا کے کردار کی عکاسی بھی ہوتی ہے۔ اس سے سیاسی اور جغرافیائی طور پر فاصلے ختم کرانے والے ملک کی حیثیت سے انڈیا کی صلاحیتوں کا اظہار ہوتا ہے۔ 

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش کے بقول وہ جی20 رہنماؤں کے لیے ایک سادہ مگر ہنگامی نوعیت کی اپیل لے کر آئے ہیں کہ وہ انسانیت کو درپیش سب سے بڑے مسائل کو حل کرنے کے لیے متحد ہوں۔

انہوں نے واضح کیا کہ موسمیاتی تبدیلی کے خلاف اقدامات اور پائیدار ترقی کے لیے عالمگیر قیادت خاص طور پر ضروری ہے۔

موسمیاتی تبدیلی

اس سے قبل انتونیو گوتیرش نے کانفرنس میں موسمیاتی اور ماحولیاتی مسائل کے لیے مختص ایک اجلاس سے خطاب کیا۔ اس موقع پر انہوں نے رہنماؤں پر زور دیا کہ وہ گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج میں کمی لانے اور موسمیاتی انصاف ممکن بنانے کے لیے مزید عزائم کا مظاہرہ کریں۔ جی20 ارکان 80 فیصد گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج کے ذمہ دار ہیں۔

نیا رکن

دریں اثںا، جی20 نے آج افریقن یونین (اے یو) کو نئے رکن کی حیثیت سے اپنے ساتھ شامل کرنے کی منظوری دی اور اقوام متحدہ نے اس فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے۔ 

سٹیفن ڈوجیرک نے کہا کہ اس سے افریقہ کے بڑھتے ہوئے اثرورسوخ اور عالمی منظرنامے پر اس کی اہمیت کی عکاسی ہوتی ہے۔ جب موجودہ بین الاقوامی کثیرفریقی نظام کا بڑا حصہ وضع کیا جا رہا تھا تو افریقہ کا زیادہ تر حصہ بدستور نوآبادیاتی حکمرانی کے تابع تھا اور اسے اپنی بات کہنے کا موقع نہ مل سکا۔ یہ اس عدم توازن کو ختم کرنے کی جانب ایک اور قدم ہے۔