یو این چیف کا جی20 رہنماؤں کو مشترکہ مفادات کے لیے متحد ہونے کا پیغام
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش سالانہ جی20 کانفرنس میں شرکت کے لیے نئی دہلی پہنچ گئے ہیں۔ یہاں وہ عالمی رہنماؤں سے انسانیت کے سب سے بڑے مسائل کو حل کرنے کے لیے متحد ہونے کی سادہ مگر ہنگامی اہمیت کی اپیل کریں گے۔
ترقی یافتہ معیشتوں کی جی20 کانفرنس 9 تا 10 ستمبر انڈیا کے دارالحکومت میں منعقد ہو رہی ہے۔ اس موقع پر ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ موسمیاتی تبدیلی کے خلاف اقدامات اور پائیدار ترقی دو ایسے ترجیحی شعبے ہیں جہاں عالمی قیادت کی بطور خاص ضرورت ہے۔
وقت ضائع کرنے کی مہلت نہیں
سیکرٹری جنرل نے کہا کہ ہمارے پاس ضائع کرنے کو وقت نہیں ہے۔ ہمارے سامنے لامحدود مسائل پھیلے ہیں۔
انہوں نے متنبہ کیا کہ دنیا تبدیلی کے ایک مشکل دور سے گزر رہی ہے جسے بڑھتی ہوئی عدم مساوات، غربت اور بھوک کا سامنا ہے جبکہ ان مسائل پر قابو پانے کے لیے عالمگیر یکجہتی کی واضح کمی ہے۔
اس طرح آگے نہیں بڑھا جا سکتا اور ہمیں مشترکہ بھلائی کے لیے اکٹھے ہونا اور باہم مل کر کام کرنا ہو گا۔
موسمیاتی مسئلے پر قیادت کی ضرورت
انتونیو گوتیرش نے کہا کہ جی20 کے ارکان سب سے زیادہ مقدار میں گرین ہاؤس گیسیں خارج کرنے والے ممالک ہیں جو دنیا بھر میں اخراج کے 80 فیصد کے ذمہ دار ہیں اور اسی لیے انہیں موسمیاتی تبدیلی کے خلاف اقدامات کے ضمن میں بھرپور قائدانہ کردار ادا کرنا ہو گا۔
سیکرٹری جنرل نے کہا کہ قیادت کا مطلب 1.5 ڈگری کے ہدف کو برقرار رکھنا، موسمیاتی انصاف کی بنیاد پر اعتماد کی بحالی اور ماحول دوست معیشت کی جانب منصفانہ اور مساوی منتقلی کو فروغ دینا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ قیادت کا یہ مطلب بھی ہے کہ ترقی یافتہ ممالک ترقی پذیر ملکوں کو گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج میں کمی لانےکے اہداف تک پہنچنے میں مالی مدد مہیا کرنے کے اپنے دیرینہ وعدوں کو بالاآخر پورا کریں۔ اس سلسلے میں گرین کلائمیٹ فنڈ کے ذریعے مالی وسائل کی فراہمی جیسے اقدامات بھی شامل ہیں۔
سیکرٹری جنرل نے کہا رہنماؤں کو چاہیے کہ وہ یہ یقینی بنانے کے لیے ٹھوس اقدامات کریں کہ دنیا 2030 تک پائیدار ترقی کے اہداف (ایس ڈی جی) حاصل کر لے جو اس مقصد کے لیے مقرر کردہ مدت ہے۔
اس حوالے سے مخصوص اقدامات درج ذیل ہیں:
- ایس ڈی جی کے حصول کی رفتار تیز کرنے کے اقدام کے لیے کم از کم 500 بلین ڈالر کی فراہمی
- غریب ممالک پر قرض کا بوجھ کم کرنے کے لیے موثر طریقہ کار وضع کرنا
- بہت بڑے پیمانے پر نجی سرمایہ کاری لانے کے لیے کثیرفریقی ترقیاتی بینکوں کے کاروباری انداز میں تبدیلی لانا
- معدنی ایندھن پر دی جانے والی امدادی قیمتوں کا خاتمہ کر کے ان وسائل کو مزید مفید انداز میں استعمال کرنا
پائیدار ترقی پر پیش رفت تیز کرنے کے اقدامات
انتونیو گوتیرش نے کہا کہ باہم مل کر یہ اقدامات ایس ڈی جی کے حصول کی جانب پیش رفت کو تیز کرنے اور ترقی پذیر معیشتوں کو توانائی، نظام ہائے خوراک، ڈیجیٹل نظام، تعلیم، صحت، اچھے روزگار اور سماجی تحفظ پر خرچ کرنے میں مدد دیں گے۔
جب تک تمام ممالک، خطوں اور گروہوں کی جانب سے نیک نیتی موجود ہے اس وقت تک ان اہداف کی جانب نمایاں پیش رفت کرنا اب بھی ممکن ہے۔
سیکرٹری جنرل رواں ہفتے کے اختتام پر سالانہ جی20 کانفرنس میں شرکت کریں گے جس کی صدارت انڈیا کر رہا ہے اور امسال 'ایک زمین، ایک خاندان، ایک مستقبل' اس کانفرنس کا بنیادی موضوع ہے۔
انہوں ںے جمعے کو اپنی پریس کانفرنس میں یہی پیغام دہراتے ہوئے واضح کیا کہ ہمیں اپنی زمین کے تحفظ اور اپنے مستقبل کی حفاظت کے لیے ایک خاندان کی حیثیت سے اکٹھے کام کرنا ہو گا۔