انسانی کہانیاں عالمی تناظر

جی20 ممالک مالی و موسمیاتی انصاف کی قیادت کریں، گوتیرش

سیکرٹری جنرل چلی سے ویڈیو لنک کے ذریعے G20 کانفرنس سے خطاب کر رہے ہیں۔
UN Photo/Mark Garten
سیکرٹری جنرل چلی سے ویڈیو لنک کے ذریعے G20 کانفرنس سے خطاب کر رہے ہیں۔

جی20 ممالک مالی و موسمیاتی انصاف کی قیادت کریں، گوتیرش

پائیدار ترقی کے اہداف

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش نے کہا ہے کہ دنیا کو موسمیاتی تبدیلی کے باعث کڑے مسائل کا سامنا ہے جن سے نمٹنے کے لیے ترقی یافتہ معیشتوں کو مالیاتی و موسمیاتی انصاف ممکن بنانا ہو گا۔

انڈیا میں منعقدہ جی20 کانفرنس میں ورچوئل خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دنیا بھر کے لوگ تکلیف میں ہیں اور زمین جل رہی ہے۔ ایسے حالات میں امیر ممالک مالیاتی، ساختیاتی اور موسمیاتی انصاف یقینی بنانے میں سرکردہ کردار ادا کر سکتے ہیں۔

Tweet URL

سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ خاص طور پر ترقی پذیر ممالک کو بڑھتی ہوئی عدم مساوات، موسمیاتی ابتری، جنگوں اور بھوک کی صورت میں 'مکمل طوفان' کا سامنا ہے۔ اسی دوران بہت سے ممالک کے لیے مالیاتی گنجائش محدود ہوتی جا رہی ہے جو قرضوں اور آسمان سے باتیں کرتی قیمتوں کے بوجھ تلے دبے ہیں۔یہ حالات عالمگیر عدم استحکام اور تکالیف کا سبب بن رہے ہیں۔

غریب ممالک کے لیے 500 ارب ڈالر

انتونیو گوتیرش نے پائیدار ترقی کے اہداف (ایس ڈی جی) کے حصول کی رفتار تیز کرنے کے منصوبے کے تحت امیر ممالک کی جانب سے سالانہ 500 ارب ڈالر کی فراہمی کے اقدام کو سراہا۔انہوں نے جی20 پر زور دیا کہ وہ مالیاتی انصاف مہیا کرنے کے لیے قائدانہ کردار ادا کرے۔ 

اس موقع پر سیکرٹری جنرل نے بتایا کہ وہ طویل مدتی مالیاتی معاونت کے لیے مزید 500 ارب ڈالر کا اہتمام کرنے کی غرض سے اس منصوبے پر عملدرآمد کی نگرانی کے لیے رہنماؤں کا گروپ قائم کریں گے۔ 

مالیاتی نظام میں اصلاحات

سیکرٹری جنرل نے کثیرفریقی ترقیاتی بینکوں میں اصلاحات کے لیے جی20 کے اقدامات کو سراہا اور فورم کی صدارت کے عرصہ میں عالمگیر انتظام کے حوالے سے برازیل کے کام کی ستائش کی۔

انہوں نے موجودہ عالمی مالیاتی نظام میں اصلاحات لانے کے کام کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ نظام دقیانوسی، غیرفعال اور غیرمنصفانہ ہے، تاہم اس مسئلے کے عملی حل آئندہ برس مستقبل کی کانفرنس میں پیش کیے جانے چاہئیں۔ 

موسمیاتی وعدوں کی تکمیل

سیکرٹری جنرل اس وقت چلی میں موجود ہیں اور آئندہ ہفتے دبئی میں شروع ہونے والی کاپ 28 موسمیاتی کانفرنس سے قبل انٹارکٹکا کا دورہ کریں گے۔ 

انہوں نے جی20 ممالک پر زور دیا کہ وہ عالمی حدت میں اضافے کو 1.5 ڈگری سیلسیئس کی حد میں رکھنے کے لیے پُرعزم، قابل بھروسہ اور منصفانہ اقدامات کریں۔ 

اس کا مطلب بروقت مالیاتی وسائل کی فراہمی کے ذریعے نقصان اور تباہی کے فنڈ کو فعال رکھنا، وعدوں کے مطابق ہر طرح کا مالیاتی تعاون فراہم کرنا، قابل تجدید توانائی پیدا کرنے کی صلاحیت کو تین گنا بڑھانا، توانائی کی استعداد میں اضافہ کرنا اور 2030 تک تمام لوگوں کو ماحول دوست توانائی مہیا کرنا ہے۔ 

انہوں  نے کہا کہ اس کا مطلب 1.5 ڈگری کی حد سے ہم آہنگ دورانیے میں معدنی ایندھن کا بتدریج خاتمہ کرنا بھی ہے۔ 

اسرائیل حماس معاہدہ

سیکرٹری جنرل نے اپنے خطاب کا آغاز اسرائیل اور حماس کے مابین غزہ میں جنگ بندی اور یرغمالیوں کی رہائی کے معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کیا۔ 

انہوں نے کہا کہ یہ درست سمت میں اہم قدم ہے لیکن لوگوں کی تکالیف میں کمی لانے کے لیے ابھی مزید بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے۔ اقوام متحدہ اس معاہدے پر عملدرآمد میں تعاون اور غزہ میں غیرمعمولی انسانی صورتحال پر اس کے مثبت اثرات کو بڑھانے کے لیے اپنی تمام صلاحیتوں کو بروئے کار لائے گا۔