انسانی کہانیاں عالمی تناظر

سوڈان: متحارب گروہ احترام رمضان میں فائربندی کریں، یو این چیف

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش سوڈان کی صورتحال پر سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کر رہے ہیں۔
UN Photo/Eskinder Debebe
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش سوڈان کی صورتحال پر سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کر رہے ہیں۔

سوڈان: متحارب گروہ احترام رمضان میں فائربندی کریں، یو این چیف

امن اور سلامتی

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش نے سوڈان کے متحارب فریقین سے اپیل کی ہے کہ وہ رمضان کے احترام میں لڑائی روک دیں اور انسانی امداد کی بلارکاوٹ فراہمی ممکن بنانے میں تعاون کریں۔

سیکرٹری جنرل نے سلامتی کونسل کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ جنگ بندی کے نتیجے میں لڑائی کا مستقل خاتمہ ہونا چاہیے اور اس سے سوڈانی عوام کے لیے پائیدار امن کی راہ نکلنی چاہیے۔

Tweet URL

سوڈان کی مسلح افواج (ایس اے ایف) اور اس کی متحارب ریپڈ سپورٹ فورسز (آر ایس ایف) کے مابین لڑائی اب گیارہویں مہینے میں داخل ہو گئی ہے۔ اس خانہ جنگی میں ہزاروں افراد ہلاک ہو چکے ہیں، 60 لاکھ اندرون ملک بے گھر ہوگئے ہیں اور 17 لاکھ کو ہمسایہ ممالک میں نقل مکانی کرنا پڑی ہے۔

امدادی رسائی کا مطالبہ

سیکرٹری جنرل نے یہ اپیل ایسے موقع پر کی ہے جب سوڈان کو بڑے پیمانے پر انسانی بحران کا سامنا ہے۔ 

اس وقت ملک میں ڈھائی کروڑ افراد یا نصف آبادی کو اپنی بقا کے لیے انسانی امداد کی ضرورت ہے۔ خانہ جنگی کے باعث ایک کروڑ 80 لاکھ افراد کو شدید درجے کا غذائی عدم تحفظ درپیش ہے۔ یہ فصلوں کی کٹائی کے موسم میں خوراک کی قلت کا شکار افراد کی اب تک سب سے بڑی تعداد ہے۔ 

انہوں نے سوڈان کی حکومت کی جانب سے ملک میں امداد کی رسائی  میں سہولت دینے کے حالیہ فیصلوں کا خیرمقدم کیا ہے۔ تاہم ان کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے دشوار گزار مقامات پر شدید غذائی قلت پر قابو پانے سمیت پائیدار کوششوں کی ضرورت ہے۔ اقوام متحدہ اور اس کے امدادی شراکت دار لوگوں کی تکالیف کا خاتمہ کرنے کی ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں۔ تاہم لاکھوں ضرورت مند لوگوں تک رسائی میں کئی طرح کے بڑے مسائل کا سامنا ہے۔

سیکرٹری جنرل نے متحارب فریقین سے کہا ہے کہ وہ امدادی اداروں کو تمام دستیاب راستوں سے غیرمحفوظ لوگوں تک فوری اور مکمل رسائی دیں۔ 

انہوں نے عالمی برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ 2024 میں سوڈان میں انسانی امداد کی فراہمی کے منصوبے پر عملدرآمد کے لیے درکار مالی وسائل میں کمی کو پورا کریں۔اس وقت بے شمار زندگیاں داؤ پر لگی ہیں اور ایک ایک لمحہ قیمتی ہے۔ 

انسانی حقوق کا بحران

انتونیو گوتیرش نے سوڈان میں اندھا دھند حملوں، لوٹ مار، ناجائز گرفتاریوں، جبری گمشدگیوں، تشدد، بچوں کو حراست میں لیے جانے اور ان کی جنگی مقاصد کے لیے بھرتیوں کے واقعات پر خدشات کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے دوران جنگ منظم طور سے جنسی تشدد، جنسی زیادتی اور جنسی مقاصد کے لیے انسانی سمگلنگ کو بھی تشویشناک قرار دیا۔

سیکرٹری جنرل نے متحارب فریقین پر زور دیا ہے کہ وہ شہریوں کے تحفظ اور انسانی امداد کی محفوظ اور بلارکاوٹ رسائی میں سہولت دینے کے لیے بین الاقوامی انسانی قانون کے تحت اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔

'یونیٹیمس' کو خراج تحسین

سیکرٹری جنرل نے سوڈان میں اقوام متحدہ کے معاون مشن (یونیٹیمس) کی خدمات پر اس کے عملے کو خراج تحسین پیش کیا اور ملک کو پائیدار امن کی راہ پر ڈالنے کے لیے اجتماعی کوششوں کے لیے کہا۔ 

انہوں نے دنیا پر زور دیا کہ وہ پرامن اور محفوظ مستقبل کے لیے سوڈان کے لوگوں کی جائز خواہشات پوری کرنے میں ہرممکن تعاون کرے۔ 

سلامتی کونسل کی قرارداد 2715 کے تحت 'یونیٹمس' نے سوڈان میں اپنے قیام کی مدت پوری ہونے پر اپنی سرگرمیاں 29 فروری کو بند کر دی تھیں۔