انسانی کہانیاں عالمی تناظر

انتخابات کا سال 2024 جمہوریت کے لیے سنگ میل، انسانی حقوق چیف

اظہار رائے کے بعد ووٹر کے ہاتھ پر انمٹ سیاہی لگائی جا رہی ہے۔
UN Photo/Marco Dormino
اظہار رائے کے بعد ووٹر کے ہاتھ پر انمٹ سیاہی لگائی جا رہی ہے۔

انتخابات کا سال 2024 جمہوریت کے لیے سنگ میل، انسانی حقوق چیف

انسانی حقوق

اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق وولکر تُرک نے 2024 کو دنیا میں 'انتخابات کا بڑا سال'  قرار دیتے ہوئے انسانی حقوق، شہری آزادیوں اور حق رائے دہی کے احترام کی ضرورت کو واضح کیا ہے۔

رواں سال 60 سے زیادہ ممالک میں انتخابات ہو رہے ہیں جن میں دنیا کی تقریباً نصف آبادی حق رائے دہی استعمال کر رہی ہے۔

Tweet URL

ہائی کمشنر نے اب تک متعدد ممالک میں ہونے والے انتخابات پر سنگین خدشات کا اظہار کیا ہے۔ تاہم، ان کا کہنا ہے کہ ہر طرح کے انتخابات جمہوریت کے لیے عالمگیر خواہش کو کم از کم رسمی طور پر تسلیم کرنے کا اظہار ضرور ہوتے ہیں خواہ ان کا انعقاد کس قدر ہی ناقص کیوں نہ ہو۔

پاکستان: جبری گمشدگیاں اور حقوق کی پامالی

وولکر تُرک نے کہا ہے کہ پاکستان میں گزشتہ مہینے ہونے والے انتخابات میں لوگوں کی بہت بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ پاکستانی اپنے لیے جمہوریت کو کس قدر اہم سمجھتے ہیں اور سویلین اقتدار میں مداخلت کا خاتمہ چاہتے ہیں۔

انہوں نے پاکستان کی نئی حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ سیاسی مخالفین، صحافیوں، اقلیتی گروہوں کے ارکان اور دیگر کی ناجائز گرفتاریوں اور جبری گمشدگیوں کا خاتمہ کرے۔ ان میں سے بعض لوگوں کے بارے میں ہفتوں، مہینوں اور بعض اوقات سالہا سال تک کوئی اطلاع نہیں آتی کہ انہیں کہاں رکھا گیا ہے۔ 

ہائی کمشنر کا کہنا ہے کہ جمہوری مضبوطی اور طویل مدتی معاشی و ترقیاتی مسائل کو حل کرنے کے لیے رائے، اظہار، پُرامن اجتماع اور میل جول کی آزادی کے حقوق کا احترام کیا جانا ضروری ہے۔ 

بنگلہ دیش: سیاسی تشدد کی مذمت

وولکر تُرک ںے کہا ہے کہ انہیں بنگلہ دیش میں اکتوبر سے اب تک حزب اختلاف کی جماعت کے ہزاروں رہنماؤں اور کارکنوں کی گرفتاری اور ان میں متعدد لوگوں کی دوران حراست ہلاکتوں پر تشویش ہے۔ انہوں نے ہر طرح کے سیاسی تشدد کی مذمت کرتے ہوئے ایسے واقعات کے فوری جائزے اور ان قیدیوں کی رہائی پر زور دیا ہے تاکہ سیاسی مکالمے اور مفاہمت کی حوصلہ افزائی ہو۔

انہوں نے انسانی حقوق کے حامیوں، صحافیوں اور سول سوسائٹی کے رہنماؤں کو عدالتوں کے ذریعے ہراساں کیے جانے کے الزامات پر بھی تشویش ظاہر کی ہے۔ 

ہائی کمشنر بنگلہ دیش میں جبری گمشدگیوں اور ماورائے عدالت ہلاکتوں کے الزامات کی بین الاقوامی معیار کے مطابق تفتیش کرنے پر زور دیا ہے۔ 

انڈیا: تقسیم اور تفریق

انڈیا میں آئندہ انتخابات اس اعتبار سے منفرد ہوں گے کہ ان میں 96 کروڑ افراد حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ وولکر تُرک نے انتخابات سےقبل ملک میں شہری آزادیوں پر قدغن، اظہار نفرت کے پھیلاؤ اور اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کے خلاف امتیازی سلوک پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

ایران: اصلاحات کی ضرورت

ایران کا تذکرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ وہاں حالیہ انتخابات ایسے وقت میں ہوئے ہیں جب جینا مہاسا امینی کی پولیس حراست میں موت کے بعد احتجاجی مظاہروں پر تشدد کے باعث ملک میں گہری تقسیم پائی جاتی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ ایران کے تمام لوگوں بالخصوص خواتین کے حقوق کو برقرار رکھنے اور سزائے موت کا استعمال روکنے کے لیے فوری اصلاحات کی ضرورت ہے۔

لیبیا: سازگارماحول درکار

آنے والے دنوں میں لیبیا میں بھی انتخابات ہونے جا رہے ہیں جہاں سابق صدر معمر قذافی کے اقتدار کا خاتمہ ہونے کے بعد خانہ جنگی نے ملک کو دو حصوں میں تقسیم کر دیا ہے۔ وولکر تُرک کا کہنا ہے کہ ملک میں متحدہ اور قانونی جواز کے حامل ادارے قائم کرنے اور لوگوں کو آزاد اور محفوظ ماحول مہیا کرنے کے لیے حقیقی کوششیں درکار ہیں۔ 

روس: سیاسی مخالفین پر جبر

روس کا تذکرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ وہاں صدارتی انتخابات سے قبل مخالفانہ آوازوں کو خاموش کرانے کے لیے جبر میں اضافہ ہو گیا ہے۔ 

بہت سے امیدواروں کو انتخابات میں حصہ لینے سے روک دیا گیا ہے جبکہ ہزاروں سیاست دانوں، صحافیوں، انسانی حقوق کے محافظوں، وکلا اور سوشل میڈیا استعمال کرنے والوں کو روس کی مسلح افواج کے خلاف جھوٹی اور پریشان کن معلومات پھیلانے کے الزامات میں کارروائی کا سامنا ہے۔ حالیہ مہینوں کے دوران ان حالات میں مزید بگاڑ پیدا ہوا ہے جب ثقافتی شعبے سے تعلق رکھنے والوں کو ہدف بنانے کی اطلاعات بھی آ رہی ہیں۔ 

وولکر تُرک کا کہنا ہے کہ حزب اختلاف کے رہنما الیکسی نوالنی کی زیرحراست ہلاکت سے ان پر ہونے والے مظالم کے بارے میں ان کی سنگین تشویش اور بھی بڑھ گئی ہے۔ انہوں نے لوگوں کو قید میں ڈالے جانے اور انہیں بنیادی آزادیوں سے محروم کرنے کے تمام واقعات کے فوری اور جامع جائزے کا مطالبہ کیا ہے۔

امریکہ: ووٹ کو عزت دینے کا مطالبہ

ہائی کمشنر کا کہنا ہے کہ امریکہ میں آزادانہ و منصفانہ انتخابات یقینی بنانے کی کوششیں جاری ہیں۔ یہ انتخابات رواں سال 5 نومبر کو ہو رہے ہیں۔ ملک کی 22 ریاستوں میں ڈاک کے ذریعے ووٹ ڈالنے پر پابندیوں کی اطلاعات بھی آئی ہیں جو 2020 کے انتخابات میں دھوکہ دہی کے خدشات کے بعد متعارف کرائی گئی تھیں۔ 

انہوں نے کہا ہےکہ سیاسی تقسیم کے تناظر میں تمام شہریوں کے مساوی حقوق اور ان کے ووٹ کی قدر ہونی چاہیے۔