انسانی کہانیاں عالمی تناظر

جنرل اسمبلی کے صدر کا غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ

جنرل اسمبلی کے موجودہ صدر ڈینس فرانسس غزہ سمیت مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر اجلاس سے خطاب کر رہے ہیں۔
UN Photo
جنرل اسمبلی کے موجودہ صدر ڈینس فرانسس غزہ سمیت مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر اجلاس سے خطاب کر رہے ہیں۔

جنرل اسمبلی کے صدر کا غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ

امن اور سلامتی

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے صدر ڈینس فرانسس نے غزہ کے حالات کو تباہ کن، نا قابل جواز، اور شرمناک قرار دیتے ہوئے فوری جنگ بندی عمل میں لانے پر زور دیا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ گزشتہ دنوں امداد کی تقسیم کے موقع پر سیکڑوں افراد کے ہلاک و زخمی ہونے کا واقعہ ہولناک ہے۔ غزہ میں شہریوں کی اموات متواتر بڑھ رہی ہیں، بچے بھوک سے ہلاک ہو رہے ہیں اور علاقے کی 85 فیصد آبادی بے گھر ہو چکی ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ تمام یرغمالیوں کی فوری و غیرمشروط رہائی عمل میں لائی جائے اور لوگوں کی انسانی امداد تک بلارکاوٹ رسائی یقینی بنائی جائے۔

امداد میں اضافے کی اپیل

ڈینس فرانسس نے کہا ہے کہ بے گناہ شہریوں کی زندگیاں بچانے کے لیے زیادہ سے زیادہ تحمل سے کام لینے کی ضرورت ہے۔ اسرائیل کی پابندیوں کے باعث غزہ میں آنے والی امداد انتہائی محدود ہے۔ انسانی جانوں کو تحفظ دینے کے لیے امدادی کارروائیوں میں اضافہ کرنا اور تمام ضرورت مند شہریوں تک مدد کی بلارکاوٹ رسائی یقینی بنانا ضروری ہے۔

فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے اقوام متحدہ کے امدادی ادارے (انرا) کے مطابق جنوری سے فروری تک غزہ میں آنے والے امدادی ٹرکوں کی تعداد میں 50 فیصد تک کمی آ چکی ہے۔ 

جنرل اسمبلی کے صدر نے تمام فریقین پر انسانی حقوق کے بین الاقوامی قانون اور بین الاقوامی انسانی قانون کے تحت ذمہ داریاں پوری کرنے پر زور دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ جب شہریوں اور شہری تنصیبات کے تحفظ کا معاملہ ہو تو اس کی اہمیت اور بھی بڑھ جاتی ہے۔ انہوں نے رفح میں اسرائیل کے متوقع زمینی حملے پر بھی شدید تشویش کا اظہار کیا ہے جہاں اس وقت تقریباً 15 لاکھ لوگ مقیم ہیں۔

امریکی ویٹو پر بحث

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی جنگ بندی کے لیے سلامتی کونسل میں پیش کی جانے والی تازہ ترین قرارداد کو امریکہ کی جانب سے ویٹو کیے جانے پر بات چیت کر رہی ہے۔ یہ بات چیت ایک مخصوص طریقہ کار کے تحت ہوتی ہے جس کے ذریعے ویٹو کا جائزہ لیا جاتا ہے اور ضرورت پڑنے پر متعلقہ معاملے پر جنرل اسمبلی کا خصوصی اجلاس بھی بلایا جا سکتا ہے۔

جنرل اسمبلی کے اجلاس سے اب تک امریکہ، فلسطین، اسرائیل، قطر، عرب لیگ، یورپی یونین، برطانیہ، اور بلجیئم کے نمائندے خطاب کر چکے ہیں۔

یاد رہے کہ سلامتی کونسل غزہ میں جنگ بندی کی قرارداد منظور کرنے میں اب تک ناکام رہی ہے۔ اس جنگ کے آغاز سے اب تک امریکہ نے ایسی کئی قراردادوں کو ویٹو (مسترد) کیا ہے۔ ویٹو کا اختیار کونسل کے پانچوں مستقل ارکان (چین، فرانس، روس، برطانیہ اور امریکہ) کے پاس ہے۔ 

سلامتی کونسل کی تشویش

گزشتہ ہفتے کے اختتام پر سلامتی کونسل نے ایک بیان جاری کیا تھا جس میں غزہ اور بالخصوص اس کے شمالی علاقے میں امداد کی فراہمی میں فوری اضافہ کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔ 

یہ بیان جب جمعرات کو شمالی غزہ میں امداد کے حصول کی کوشش میں سیکڑوں فلسطینیوں کی ہلاکت کے بعد جاری کیا گیا۔

کونسل نے اس واقعے میں سیکڑوں افراد کے ہلاک و زخمی ہونے پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ اطلاعات کے مطابق ان لوگوں کے جسم پر اسرائیلی فوجیوں کی جانب سے چلائی گئی گولیوں کے زخم بھی پائے گئے ہیں۔

ہفتے کو ایسے ہی ایک اور واقعے میں متعدد افراد کے ہلاک و زخمی ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔