انسانی کہانیاں عالمی تناظر

سوڈان: یو این مشن کا خاتمہ لیکن گوتیرش کا عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی

سوڈان کے ابو سنان پیلتھ سنٹر میں غذائیت کی کمی کا شکار ایک زیر علاج بچہ اپنی ماں کے ساتھ۔
© UNICEF/Sara Awad
سوڈان کے ابو سنان پیلتھ سنٹر میں غذائیت کی کمی کا شکار ایک زیر علاج بچہ اپنی ماں کے ساتھ۔

سوڈان: یو این مشن کا خاتمہ لیکن گوتیرش کا عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی

امن اور سلامتی

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش نے سوڈان میں ادارے کے معاون مشن کے خاتمے پر ملک کے لوگوں سے اپنی مضبوط وابستگی کا اظہار کیا ہے۔

ان کا کہنا ہےکہ وہ سوڈان میں اقوام متحدہ کے عبوری معاون مشن (یونیٹیمس) میں کام کرنے والے ملکی و بین الاقوامی عملے کی خدمات کو دلی طور پر سراہتے ہیں۔ 

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی جانب سے دی گئی ذمہ داری کی مدت ختم ہونے کے بعد یہ مشن سوڈان سے واپس روانہ ہو چکا ہے۔ 

سیکرٹری جنرل کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ سوڈان کو چھوڑ کر نہیں جا رہا بلکہ سوڈانی لوگوں کو تحفط دینے کے لیے انسانی امداد کی فراہمی اور پُرامن و محفوظ مستقبل کے لیے ان کی خواہشات کو عملی جامہ پہنانے میں مدد دیتا رہے گا۔ 

خطے کی سلامتی کو خطرہ

سوڈان میں اقوام متحدہ کے مشن کا خاتمہ ایسے موقع پر ہوا ہے جب ملک بھر میں متحارب عسکری دھڑوں کے مابین شدید لڑائی جاری ہے۔ اس خانہ جنگی کے نتیجے میں لاکھوں لوگ بے گھر ہو گئے ہیں اور ملک کو بدترین انسانی بحران کا سامنا ہے۔ 

سیکرٹری جنرل نے متحارب فریقین پر زور دیا ہے کہ وہ وسیع تر امن بات چیت شروع کریں اور سویلین جمہوری حکومت کو اقتدار کی منتقلی عمل میں لائیں۔ 

انہوں نے خبردار کیا ہے کہ سوڈان کے تنازع سے ملکی نظم و نسق تباہ ہو رہا ہے اور شہریوں، ملک اور پورے خطے کی سلامتی خطرے میں پڑ گئی ہے۔ 

ثالثی کی کوششیں

سوڈان کے پُرامن مستقبل کے لیے اقوام متحدہ کی شراکت سے ثالثی کی کوششیں پہلے ہی شروع ہو چکی ہیں۔ اس عمل کی قیادت الجزائر کے سابق وزیر خارجہ اور سوڈان کے لیے سیکرٹری جنرل کے خصوصی نمائندے رمطان لعمامرہ کر رہے ہیں۔ 

اس مقصد کے لیے وہ افریقی ممالک اور دیگر بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ کام کرتے ہوئے ملک میں اقوام متحدہ کی ٹیم کے کام میں مدد دے رہے ہیں جس میں ضروری انسانی امداد کی فراہمی بھی شامل ہے۔

انتونیو گوتیرش نے امداد کی بلا رکاوٹ فراہمی میں عالمی برادری کے تعاون کی ضرورت کو واضح کرتے ہوئے سوڈان کے حکام سے کہا ہے کہ وہ اقوام متحدہ اور اس کے شراکت داروں کو ویزوں کے اجرا میں تعاون جاری رکھیں۔