انسانی کہانیاں عالمی تناظر

پلاسٹک آلودگی ختم کرنے کے معاہدے پر حوصلہ افزاء پیش رفت

پلاسٹک کے استعمال سے پیدا ہونے والی آلودگی دریاؤں اور جھیلوں کے گرد بسیرا کرنے والے جانداروں کے لیے نقصان دہ ثابت ہو رہی ہے۔
Pawan Prasad
پلاسٹک کے استعمال سے پیدا ہونے والی آلودگی دریاؤں اور جھیلوں کے گرد بسیرا کرنے والے جانداروں کے لیے نقصان دہ ثابت ہو رہی ہے۔

پلاسٹک آلودگی ختم کرنے کے معاہدے پر حوصلہ افزاء پیش رفت

موسم اور ماحول

پلاسٹک کی آلودگی کے خلاف بین الاقوامی معاہدے کے لیے مذاکرات کینیا کے دارالحکومت نیروبی میں جاری ہیں۔ اس دوران معاہدے کے ابتدائی مسودے پر غور کیا جا رہا ہے جسے آئندہ برس حتمی شکل دی جائے گی۔

یہ بات چیت اس مسئلے پر قائم کردہ بین الحکومتی مذاکراتی کمیٹی (آئی این سی) کے اجلاس میں ہو رہی ہے۔

Tweet URL

کمیٹی کے سیکرٹریٹ کی سربراہ جیوتی ماتھر فلپ کا کہنا ہے کہ پلاسٹک کی آلودگی سے موسمیاتی بحران میں اضافہ ہو رہا ہے۔ دنیا کو بڑے پیمانے پر تیار ہونے والے پلاسٹک کی مقدار میں کمی لانے کے لیے مضبوط، پُرعزم اور منصفانہ معاہدے کی ضرورت ہے۔ 

اس سیکرٹریٹ کا قیام اقوام متحدہ کی ماحولیاتی اسمبلی میں ایک قرارداد کے نتیجے میں عمل میں آیا تھا۔

ہر سال لاکھوں ٹن پلاسٹک زمین، دریاؤں اور سمندروں میں جمع ہوتا رہتا ہے۔ یہ پلاسٹک خوراک کی ترسیل کے سلسلے کا حصہ بن کر انسانی صحت اور ماحول کو نقصان پہنچا سکتا ہے۔ 

معاہدے پر پیشگی عملدرآمد کی ضرورت 

1972 میں سٹاک ہوم میں ہونے والی پہلی عالمی ماحولیاتی کانفرنس کے بعد ماحولیاتی شعبے میں کثیرفریقی طریقہ ہائے کار کو فروغ حاصل رہا ہے۔

اس طرح پلاسٹک کی آلودگی کے خلاف ایک ایسے عالمی معاہدے کے لیے دباؤ بھی بڑھتا رہا ہے جس کی پابندی قانوناً تمام رکن ممالک پر لازمی ہو۔ 

رواں ہفتے دنیا بھر سے مذاکرات کار معاہدے کے مجوزہ متن پر بات چیت کرتے رہے ہیں۔

مسودے کی تیاری

جیوتی ماتھر فلپ نے یو این نیوز کو بتایا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ تمام متعلقہ فریقین یہ دیکھنا شروع کریں کہ اس معاہدے پر عملدرآمد کیسے کیا جا سکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا وہ سمجھتی ہیں یہ عمل معاہدے کی مکمل منظوری اور اس کے نفاذ سے پہلے ہی شروع کیا جا سکتا ہے۔

یہ پہلا موقع ہے کہ رکن ممالک مستقبل کے اس معاہدے کی ابتدائی شکل پر بات چیت کر رہے ہیں۔ ان کا مقصد آئندہ برس کے اختتام تک حتمی مسودہ تیار کرنا اور اس کے فوری بعد اسے دستخط کے لیے پیش کرنا ہے۔