انسانی کہانیاں عالمی تناظر

طالبان سے انسانی حقوق کی خواتین کارکنوں کی رہائی کا مطالبہ

افغانستان کے لیے اقوام متحدہ کے خصوصی اطلاع کار رچرڈ بینیٹ (فائل فوٹو)۔
UNAMA/Fardin Waezi
افغانستان کے لیے اقوام متحدہ کے خصوصی اطلاع کار رچرڈ بینیٹ (فائل فوٹو)۔

طالبان سے انسانی حقوق کی خواتین کارکنوں کی رہائی کا مطالبہ

انسانی حقوق

انسانی حقوق کے لیے اقوام متحدہ کے مقرر کردہ غیرجانبدار ماہرین نے افغانستان میں ایک ماہ سے قید انسانی حقوق کی کارکنوں ندا پروان، زولیہ پارسی اور ان کےاہلخانہ کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔

افغانستان کے لیے اقوام متحدہ کے خصوصی اطلاع کار رچرڈ بینیٹ سمیت ماہرین کا کہنا ہےکہ انہیں دونوں خواتین کی جسمانی و ذہنی صحت اور ان کے اہلخانہ کے بارے میں تشویش ہے، جنہیں کوئی وجہ بتائے بغیر حراست میں رکھا گیا ہے۔

Tweet URL

تاحال دونوں خواتین پر نہ تو فرد جرم عائد کی گئی ہے اور نہ ہی انہیں قانونی مدد تک رسائی ملی ہے۔ 

دونوں زیر حراست کارکن افغانستان میں خواتین کے حقوق کی تحریک سے منسلک ہیں۔ ندا کے شوہر اور زولیہ کے بالغ بیٹے کو بھی حراست میں لیا گیا ہے۔

اگرچہ ان کی گرفتاری کی بھی کوئی وجہ بیان نہیں کی گئی تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ انہیں پُرامن احتجاج کے اپنے بنیادی حق سے کام لینے پر قید میں ڈالا گیا ہے۔

انسانی حقوق کے احترام کا مطالبہ 

ماہرین نے پُرامن اجتماع اور میل جول کی آزادی کے حقوق قائم رکھنے کی اہمیت واضح کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ لوگوں کو محض مخالفانہ نقطہ نظر کا اظہار کرنے اور اپنے جائز حقوق سے کام لینے پر ان کی آزادی سے محروم نہیں رکھا جا سکتا۔

ان کا کہنا ہے کہ طالبان شہری آزادیوں پر سختیوں میں شدت لا رہے ہیں جس میں خاص طور پر خواتین اور لڑکیوں کی آوازوں کو دبایا جا رہا ہے۔

انہوں نے طالبان حکام پر زور دیا کہ وہ انسانی حقوق سے متعلق معاہدوں کے تحت افغانستان کی ذمہ داریوں کو نبھاتے ہوئےاظہار ، نقل و حرکت، میل جول اور پُرامن احتجاج کی آزادی کے حق کا احترام کریں۔ 

ماہرین نے افغان نژاد فرانسیسی صحافی مرتضیٰ بہبودی اور تعلیم کے حق کے لیے سرگرمی سے آواز اٹھانے والے سول سوسائٹی کے ادارے پین پاتھ کے بانی مطیع اللہ ویسا کی حالیہ دنوں قید سے رہائی کا خیرمقدم کیا اور ملکی حکمرانوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ دونوں خواتین اور ان کے اہلخانہ کو بھی بلاتاخیر رہا کریں کیونکہ ان کی گرفتاری کا کوئی جواز نہیں ہے۔

خصوصی اطلاع کار 

خصوصی اطلاع کار، غیرجانبدار ماہرین اور ورکنگ گروپ اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے خصوصی طریقہ ہائے کار کا حصہ ہیں۔ یہ اقوام متحدہ کے عملے کا حصہ بھی نہیں ہوتے اور کسی حکومت یا ادارے کے ماتحت کام کرنےکے بجائے انفرادی حیثیت میں اپنی ذمہ داریاں نبھاتے ہیں۔