انسانی کہانیاں عالمی تناظر

امریکہ میکسیکو بارڈر مہاجرت کا خطرناک ترین زمینی راستہ: آئی او ایم

امریکہ میکسیکو بارڈر کے قریب دو افراد۔
© IOM/Camilo Cruz
امریکہ میکسیکو بارڈر کے قریب دو افراد۔

امریکہ میکسیکو بارڈر مہاجرت کا خطرناک ترین زمینی راستہ: آئی او ایم

مہاجرین اور پناہ گزین

اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرت (آئی او ایم) نے کہا ہے کہ امریکہ۔میکسیکو سرحد دنیا میں مہاجرت کا مہلک ترین زمینی راستہ ہے جہاں گزشتہ برس کم از کم 686 افراد ہلاک و لاپتہ ہوئے۔

اس سرحد پر تقریباً نصف اموات سونورین اور چیہواہوان صحراؤں کو عبور کرنے کے خطرناک سفر کے دوران ہوئیں۔

Tweet URL

وسطی و شمالی امریکہ اور غرب الہند کے لیے 'آئی او ایم' کی ریجنل ڈائریکٹر مشیل کلین سولومن نے کہا ہے کہ یہ تشویشناک اعدادوشمار ممالک کی جانب سے فیصلہ کن اقدامات کی ضرورت کی واضح یاد دہانی ہیں۔ 

اس حوالے سے معلومات جمع کرنے کے عمل کو بہتر بنانا بہت ضروری ہے۔ بالآخر ممالک کو مہاجرت کے محفوظ اور باضابطہ راستوں تک رسائی یقینی بنانے کے لیے معلومات کی بنیاد پر کام کرنے کی ضرورت ہو گی۔ 

'آئی او ایم' کے مطابق براعظم ہائے امریکہ میں 2022 کے دوران 1,457 تارکین وطن ہلاک و لاپتہ ہوئے جو اس حوالے سے مہلک ترین سال رہا۔ 

درست معلومات کا فقدان 

تاہم یہ اعدادوشمار کم ترین دستیاب اندازوں پر مبنی ہیں کیونکہ معلومات کی کمی کے باعث بہت سی اموات سامنے نہیں آ پاتیں۔ 

گزشتہ برس غرب الہند میں مہاجرت کے راستے پر اموات میں 42 فیصد اضافہ اور ڈیریئن گیپ میں متواتر غیرمعمولی صورتحال براعظم ہائے امریکہ میں اس معاملے سے متعلق دیگر تشویشناک رحجانات ہیں۔ 

پانامہ اور کولمبیا کے مابین اس خاص طور پر خطرناک جنگلی سرحدی گزرگاہ پر 2022 میں 141 مہاجرین کی اموات ہوئیں۔ 

اقوام متحدہ کے ادارے نے انکشاف کیا ہے کہ اس راستے سے گزرنے کی کوشش کرنے والے لوگوں کے جائزے میں ہر 25 افراد میں سے ایک نے بتایا کہ ان کے ساتھ سفر کرنے والا فرد لاپتہ ہو چکا ہے۔ 

لاپتہ افراد خاندانوں پر اثرات 

جنوبی امریکہ کے لیے آئی او ایم کے ریجنل ڈائریکٹر مارسیلو پیسانی کے مطابق یہ ایک خوفناک حقیقت ہے کہ براعظم ہائے امریکہ میں لاپتہ ہو جانے والے مہاجرین کے بارے میں ہمارے پاس بہت کم معلومات ہیں۔

اپنے گمشدہ عزیزوں کی لامتناہی تلاش کرنے والے خاندانوں پر اس کے گہرے اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ 

'آئی او ایم' اور اقوام متحدہ کا ادارہ برائے مہاجرین (یو این ایچ سی آر) اس پورے خطے میں سفر کرنے والے مہاجرین کی انسانی اور حفاظتی ضروریات کی تکمیل کے لیے مشترکہ، جامع اور علاقائی صورتحال کے مطابق طریقہ کار اختیار کرنے وکالت کر رہے ہیں۔