میکسیکو: مہاجر کیمپ میں آگ لگنے کے اندوہناک واقعہ کی تحقیقات کا مطالبہ
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش نے میکسیکو اور امریکہ کی سرحد پر مہاجرین کے امور نمٹانے والے مرکز میں آتشزدگی سے کم از کم 39 افراد کی ہلاکتوں سے متعلق صورتحال کی مکمل تحقیقات کے لیے کہا ہے۔
مقامی حکام کے مطابق سیوڈاڈ خوآریز میں میکسیکو کے قومی ادارہ برائے مہاجرت کے زیراہتمام چلائے جانے والے مہاجرین کے مرکز میں سوموار کی رات اس وقت آگ بھڑک اٹھی جب لوگوں کو ملک بدر کیے جانے کے خلاف ایک مظاہرہ شروع ہوا تھا۔
ادارے کا کہنا ہے کہ اس وقت مرکز میں 68 بالغ مرد قیام پذیر تھے۔
اطلاعات کے مطابق بیشتر متاثرین کا تعلق وینزویلا، گوئٹے مالا یا وسطی امریکہ کے دیگر ممالک سے تھا۔
میکسیکو کے صدر آندریز مینوئل لوپیز اوبراڈور نے ٹیلی ویژن پر دکھائی جانے والی نیوز کانفرنس میں کہا کہ مقامی ذرائع کے مطابق مظاہرین نے وہاں سے نکالے جانے کا اندازہ ہونے پر اپنے ہی گدوں کو نذرآتش کیا اور انہیں اس احتجاج کے المناک نتائج کا اندازہ نہیں تھا۔
یہ شہر امریکی سرحد پر ریاست ٹیکساس کے شہر ال پیسو کے متوازی واقع ہے اور کووڈ وبا کے دوران عائد کردہ ٹائٹل 42 نامی پابندیوں کے متوقع خاتمے کی خبر سن کر مہاجرین کی بہت بڑی تعداد امریکہ پہنچنے کی امید میں یہاں آئی ہے۔ ان پابندیوں کے تحت حکام کو ہنگامی طبی بنیادوں پر مہاجرین کو ملک بدر کرنے کا اختیار دیا گیا تھا۔
سیکرٹری جنرل کا اظہار افسوس
نیویارک میں دوپہر کے وقت معمول کی بریفنگ میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے اقوام متحدہ کے ترجمان سٹیفن ڈوجیرک نے بتایا کہ سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش کو ان اموات پر ''شدید دکھ'' پہنچا ہے اور انہوں ںے زخمیوں کی فوری بحالی کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ سیکرٹری جنرل ''اس المناک واقعے کی مفصل تحقیقات کے لیے کہہ رہے ہیں اور یقیناً ہم سب مہاجرت کے راستوں کو محفوظ تر، مزید باقاعدہ اور مزید منظم بنانے کے لیے ایسے ممالک کے حکام کے ساتھ کام کرنے کے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہیں جہاں لوگوں کی ملی جلی نقل و حرکت دیکھنے میں آتی ہے۔''
جرائم پیشہ گروہوں کے ہاتھوں استحصال
مہاجرین کے لیے میکسیکو۔امریکہ سرحد کے حالات کو مزید محفوظ بنانے کے لیے اقوام متحدہ کے ممکنہ اقدامات کے بارے میں سوال پر ڈوجیرک نے کہا کہ رکن ممالک کو چاہیے کہ وہ مہاجرت کے بارے میں اقوام متحدہ کے زیرقیادت عالمگیر معاہدے کے فریقین کی حیثیت سے اپنے وعدے پورے کریں۔
انہوں ںے کہا کہ ''اس وقت جرائم پیشہ گروہ عالمگیر مہاجرت کو چلا رہے ہیں جس کے ہولناک نتائج کا ہم روزانہ مشاہدہ کرتے ہیں۔''