انسانی کہانیاں عالمی تناظر

ہم بندوقوں کے سائے میں کام نہیں کر سکتے: مارٹن گرفتھس

چاڈ کی سرحد کے قریب سوڈان سے آئے پناہ گزین عارضی پناہ گناہوں میں بیٹھے ہیں۔
© WFP/Eloge Mbaihondoum
چاڈ کی سرحد کے قریب سوڈان سے آئے پناہ گزین عارضی پناہ گناہوں میں بیٹھے ہیں۔

ہم بندوقوں کے سائے میں کام نہیں کر سکتے: مارٹن گرفتھس

انسانی امداد

اقوام متحدہ کے شعبہ امدادی امور کے رابطہ کار مارٹن گرفتھس نے کہا ہے کہ سوڈان میں متحارب دھڑے بین الاقوامی قانون کا احترام کریں، شہریوں کو تحفظ دیں اور امدادی کارکنوں کو ہدف بنانا بند کریں۔

ایک بیان میں ان کا کہنا ہے کہ ملک میں تین ماہ سے جاری لڑائی میں لوگوں نے ناقابل بیان تکالیف جھیلی ہیں اور یہ تشدد ان کے ملک کو تقسیم کر رہا ہے۔

Tweet URL

اب اس تنازعے کو چوتھا مہینہ شروع ہو گیا ہے اور فریقین کے مابین لڑائی شدت اختیار کرتی جا رہی ہے جس کے باعث ان لوگوں تک پہنچنا مزید مشکل ہو رہا ہے جنہیں فوری انسانی امداد کی ضرورت ہے۔ 

اقوام متحدہ میں امدادی امور کے رابطہ دفتر (او سی ایچ اے) کا کہنا ہے کہ اس لڑائی کے باعث تین ملین سے زیادہ لوگ سوڈان کے اندر اور اس کی سرحدوں سے باہر نقل مکانی کر چکے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق اپریل کے وسط میں شروع ہونے والی اس لڑائی میں 1,100 سے زیادہ لوگ ہلاک اور 12,000 سے زیادہ زخمی ہو گئے ہیں۔

طبی کارکنوں اور تنصیبات کو بھی حملوں کا نشانہ بنایا گیا ہے جس کے باعث ضرورت مند لوگوں کی ان تک رسائی بری طرح محدود ہو گئی ہے۔ بارشوں کے موسم کا آغاز ہو رہا ہے اور ایسے میں پانی اور ویکٹر کے ذریعے پھیلنے والی بیماریوں کا خطرہ بھی بڑھ گیا ہے جبکہ فضلے کو ٹھکانے لگانے اور سازوسامان کی کمی کے باعث یہ مسائل اور بھی گمبھیر صورت اختیار کر گئے ہیں۔ 

ان حالات میں بچے سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں اور اندازاً ان میں 13.6 ملین کو مدد کی فوری ضرورت ہے۔ یہ سوڈان میں رہ جانے والے بچوں کی تقریباً نصف تعداد ہے۔

'دنیا کی مشکل ترین جگہ' 

مارٹن گرفتھس نے سوڈان کو امدادی کارکنوں کے کام کے لیے دنیا کی ایک مشکل ترین جگہ قرار دیتے ہوئے تحفظ زندگی کے لیے درکار مدد کی فراہمی کی غرض سے مقامی تنظیموں اور بین الاقوامی امدادی گروپوں پر مشترکہ کوششوں کے لیے زور دیا ہے۔ 

تاہم ان کا کہنا ہے کہ جب امدادی کارکن ہی خطرے کی زد میں ہوں گے تو یہ کام انجام نہیں دیا جا سکتا۔ 

انہوں نے کہا کہ بندوق کی نالی کے سامنے کام نہیں کیا جا سکتا۔ اگر امدادی سامان کی کھلے عام لوٹ مار جاری رہے تو خوراک، پانی اور ادویات کے خالی ہوتے ذخائر کو بھرا نہیں جا سکتا۔ اگر امدادی عملے کو ضرورت مند لوگوں تک پہنچنے سے روکا جائے تو پھر امداد نہیں پہنچائی جا سکتی۔ 

انہوں نے واضح کیا کہ سوڈان کے لوگوں کی تکالیف اسی وقت ختم ہوں گی جب یہ لڑائی ختم ہو گی۔ انہوں نے متحارب فریقین سے کہا کہ وہ شہریوں کو تحفظ دینے اور بین الاقوامی انسانی قانون کے احترام سے متعلق وعدوں کے اس اعلامیے کی پاسداری کریں جس پر انہوں نے جدہ میں دستخط کیے تھے۔ 

'تکالیف شدت اختیار کر رہی ہیں' 

مارٹن گرفتھس نے مغربی ڈارفر میں اجتماعی قبروں کی حالیہ دریافت کی جانب توجہ دلاتے ہوئے علاقے میں نسلی بنیادوں پر قتل و غارت دوبارہ شروع ہونے کے خطرے کو واضح کیا۔ 

انہوں نے کہا کہ یہ لڑائی روزانہ سوڈان کے شہریوں کی تکالیف میں مزید شدت لے آتی ہے۔ یہ یقینی بنانے کے لیے ہمیں اپنی کوششوں میں اضافہ کرنا ہو گا کہ سوڈان کی لڑائی وحشیانہ اور لامتناہی خانہ جنگی میں تبدیل نہ ہو جس کے نتائج اس خطے کے لیے بہت سنگین ہوں گے۔

مارٹن گرفتھس نے کہا کہ سوڈان کے لوگ اس لڑائی کے مزید جاری رہنے کے متحمل نہیں ہو سکتے۔