انسانی کہانیاں عالمی تناظر

حیضی حفظان صحت کے دن ماہواری سے متعلق غربت ختم کرنے کا عہد

گیمبیا میں اساتو، ماریامہ، اور فاطوماتا کو اب ماہواری کے دوران سکول سے چھٹی کرنے کی ضرورت نہیں کیونکہ یو این ایف پی اے نے انہیں اور ان جیسی کئی بچیوں کو سینٹری پیڈ اور حیضی حفظان صحت کی دوسری مصنوعات مفت فراہم کی ہیں۔
© UNFPA The Gambia
گیمبیا میں اساتو، ماریامہ، اور فاطوماتا کو اب ماہواری کے دوران سکول سے چھٹی کرنے کی ضرورت نہیں کیونکہ یو این ایف پی اے نے انہیں اور ان جیسی کئی بچیوں کو سینٹری پیڈ اور حیضی حفظان صحت کی دوسری مصنوعات مفت فراہم کی ہیں۔

حیضی حفظان صحت کے دن ماہواری سے متعلق غربت ختم کرنے کا عہد

صحت

گیمبیا کی فاطوماتا فیتی کو برسات میں پرانی اور خراب وہیل چیئر پر سفر میں دو گھنٹے لگتے ہیں مگر وہ سینیٹری پیڈ بنانے والے مرکز میں اپنی ساتھی کارکنوں سے مل کر خوش ہیں جہاں انہیں ایسی چیزیں بنانے پر فخر ہے جن سے خواتین کو "حیض کی غربت" پر قابو پانے میں مدد ملتی ہے۔

حیضی غربت یا ایام حیض/ ماہواری میں صحت و صفائی میں مدد دینے والی اشیا کے حصول کی عدم اہلیت خاص طور پر ترقی پذیر ممالک میں ایک اہم مسئلہ ہے۔

Tweet URL

جن لڑکیوں اور خواتین کو حیض آتا ہے انہیں ہر ماہ اس مسئلے کا سامنا ہوتا ہے اور ہر سال 28 مئی کو منایا جانے والا 'حیض میں صحت و صفائی کا دن' اسی موضوع کو نمایاں کرتا ہے۔

ہر ماہواری پیڈ پر تصویر لگانے والی ایک خاص مشین پر کام کرتی فیتی کا کہنا ہے کہ "میں یہاں کام کر کے خوشی محسوس کرتی ہوں کیونکہ اس جگہ مجھے دوسرے لوگوں کے ساتھ ملنے اور کام کا موقع حاصل ہوتا ہے۔ یہ جگہ مجھے خوشی دیتی ہے کیونکہ میں یہاں کام کرتے ہوئے اپنی معذوری کو بھول جاتی ہوں۔" 

یہاں وہ مضبوط اور دیرپا پیڈ تیار کرتی ہیں جن کی بدولت انہی کی طرح چلنے پھرنے سے معذور خواتین کو مدد ملتی ہے جو ضرورت کے وقت باآسانی چل کر آرام گاہ میں نہیں جا سکتیں۔

فیتی اس جگہ ایک سال سے کام کر رہی ہیں اور انہیں امید ہے کہ وہ یہ کام کرتی رہیں گی۔ اگرچہ معذوری کی وجہ سے انہیں بہت سے مسائل کا سامنا ہے اور انہیں طویل عرصہ تک روزی کمانے کے لئے کڑی جدوجہد کرنا پڑی لیکن جب سے وہ اس منصوبے کا حصہ بنی ہیں ان کے حالات بہتر ہو گئے ہیں۔

حیض اور تعلیم

گیمبیا افریقہ کا سب سے چھوٹا ملک ہے جہاں "حیضی غربت" ہر جگہ عام ہے۔ تاہم اقوام متحدہ کے پاپولیشن فنڈ (یو این ایف پی اے) کے مطابق دیہی علاقوں میں اس حوالے سے صورتحال زیادہ خراب ہے۔

بعض لڑکیاں حیض میں صحت و صفائی کی سہولیات نہ ہونے کے باعث ہر ماہ تقریباً پانچ روز تک سکول سے غیرحاضر رہتی ہیں۔

ادارے کا کہنا ہے کہ لڑکیاں اپنے کپڑے داغ دار ہونے اور اس کے نتیجے میں ہراساں کئے جانے یا بدسلوکی سے ڈرتی ہیں۔ نتیجتاً صںفی عدم مساوات بڑھتی جاتی ہے کیونکہ زیادہ ایام سکول میں حاضر رہنے کی وجہ سے لڑکوں کو لڑکیوں پر فوقیت حاصل ہو جاتی ہے جن کا تعلیم چھوڑنے کا امکان بھی لڑکوں کے مقابلے میں کہیں زیادہ ہوتا ہے۔

اس مسئلے کو حل کرنے کے لئے 'یو این ایف پی اے' نے ملک کے بالائی دریائی علاقے بیسے میں دوبارہ قابل استعمال بنائے جانے والے سینیٹری پیڈ تیار کرنے کا منصوبہ شروع کیا ہے۔ یہ پیڈ مقامی سکولوں اور ہسپتالوں میں تقسیم کئے جاتے ہیں۔

ادارہ اس منصوبے کو حیض سے وابستہ شرمندگی اور بدنامی کو کم کرنے کے لئے نوجوان لڑکیوں کے ساتھ جسمانی خود اختیاری اور جنسی و تولیدی صحت کے بارے میں بات کرنے کا موقع تصور کرتا ہے۔

میکسیکو میں خواتین اور لڑکیاں حیضی حفظان صحت کی مصنوعات کی مفت فراہمی کا مطالبہ کر رہی ہیں۔
Nora Hinojo
میکسیکو میں خواتین اور لڑکیاں حیضی حفظان صحت کی مصنوعات کی مفت فراہمی کا مطالبہ کر رہی ہیں۔

نوجوان خواتین کی بااختیاری

یہ منصوبہ مقامی سطح پر نوجوان خواتین کو بااختیار بنانے میں بھی مدد دیتا ہے کیونکہ اس کی بدولت انہیں محفوظ نوکری اور نئی صلاحیتیں سیکھنے کا موقع میسر آتا ہے۔

2014 سے ہر سال پانچویں مہینے کے 28 تاریخ کو ایام حیض میں صحت و صفائی کا دن منایا جاتا ہے۔ اس دن کے لئے یہ تاریخ سال میں ایام حیض کی اوسط مجموعی تعداد کی مناسبت سے رکھی گئی ہے اور پانچویں مہینے کا انتخاب ہر ماہ حیض کے مجموعی طور پر اوسطاً پانچ ایام کی مطابقت سے کیا گیا ہے۔

حیض میں صحت و صفائی کے ناقص انتظام سے خواتین، لڑکیوں اور حیض کا سامنا کرنے والے افراد کے بنیادی حقوق بشمول کام اور سکول جانے کا حق کمزور پڑ جاتا ہے۔

ادارے کا کہنا ہے کہ اس سے سماجی و معاشی عدم مساوات کی صورت حال بھی مزید بگڑی ہے۔ علاوہ ازیں حیض میں صحت و صفائی کے لئے ناقص ذرائع اور خواتین کے سماجی اخراج اور حیض سے وابستہ شرمندگی انسانی وقار کو بھی نقصان پہنچاتی ہے۔ صنفی عدم مساوات، شدید غربت، انسانی بحران اور نقصان دہ روایات محرومی اور بدنامی میں مزید اضافہ کر دیتی ہیں۔

'یو این ایف پی اے' کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر نتالیہ کینم نے کہا ہے کہ اسی بات کو مدنظر رکھتے ہوئے امسال حیض میں صحت و صفائی سے متعلق عالمی دن پر "2030 تک حیض کو زندگی میں معمول کی حقیقت" بنانے کا ہدف طے کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ "کسی لڑکی کو پہلی مرتبہ حیض آنا اس کی زندگی کی خوشگوار حقیقت اور باوقار انداز میں بڑے ہونے کی علامت ہونا چاہئیے۔ اسے اپنے جسم کو سمجھنے اور اس کی حفاظت کے لئے درکار ہر چیز تک رسائی ہونی چاہئیے اور اسے بدنامی یا شرمندگی کے بغیر سکول جانا چاہئیے۔"

یہ دن حکومتوں، غیرمنفعی اداروں، نجی شعبے اور افراد کو حیض کے حوالے سے اچھی صحت اور دنیا میں ہر ایک کے لئے جسمانی صفائی کے فروغ کے لئے اکٹھا کرتا ہے۔ اس دن کا مقصد حیض سے متعلقہ مسائل پر خاموشی کو ختم کرنا، آگاہی بیدار کرنا اور بہتر صحت و صفائی کے لئے فیصلہ سازوں کو ساتھ لینا ہے۔

حیضی غربت کا خاتمہ کرنے کے لئے 'یو این ایف پی اے' کے اقدامات کے بارے میں یہاں مزید جانئے۔

میکسیکو میں ’باوقار حیض‘ کا مطالبہ کرنے والوں نے حیضی حفظان صحت کی مصنوعات پر زیرو ٹیکس کا مطالبہ کیا ہے۔
Nora Hinojo
میکسیکو میں ’باوقار حیض‘ کا مطالبہ کرنے والوں نے حیضی حفظان صحت کی مصنوعات پر زیرو ٹیکس کا مطالبہ کیا ہے۔

حیضی غربت کا خاتمہ

'یو این ایف پی اے' نے دنیا بھر میں ایام حیض کے دوران صحت و صفائی کے فروغ اور اسے بہتر بنانے کے لئے چار وسیع طریقہ کار اختیار کئے ہیں:

  • ضروری اشیا اور بیت الخلا: 2017 میں ہنگامی انسانی حالات سے دوچار دنیا کے 18 ممالک میں پیڈ، صابن اور زیرجاموں  سمیت صحت و صفائی کے سامان پر مشتمل 484,000 تھیلے تقسیم کئے گئے۔ 'یو این ایف پی اے' بے گھر افراد کے کیمپوں میں تحفظ صحت کو بہتر بنانے، وہاں روشنیوں کے انتظام اور بیت الخلاؤں میں شمسی روشنیاں نصب کرنے میں بھی مدد دیتا ہے۔ ادارہ ایام حیض میں صحت سے متعلق معلومات کی فراہمی اور صلاحیتوں میں اضافے کے منصوبے بھی چلاتا ہے جن میں لڑکیوں کو دوبارہ قابل استعمال ماہواری پیڈ بنانے یا ان میں ماہواری کَپ کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے میں مدد دینا بھی شامل ہے۔
  • تعلیم و اطلاعات میں بہتری لانے کے اقدامات: 'یو این ایف پی اے' نوجوانوں کے لئے اپنے پروگراموں اور جنسی تعلیم سے متعلق جامع کوششوں کے ذریعے لڑکوں اور لڑکیوں کو یہ سمجھنے میں مدد دیتا ہے کہ حیض ایک صحت مند معمول ہے۔
  • قومی نظام ہائے صحت کے ساتھ تعاون: اس سلسلے میں کی جانے والی کوششوں میں حیض کے حوالے سے صحت کے فروغ اور ایام حیض کی بے ترتیبی سے متاثرہ لڑکیوں اور خواتین کو علاج کی فراہمی شامل ہیں۔ ادارہ حیض سے متعلق جسمانی خرابیوں کے علاج میں مددگار تولیدی صحت کی اشیا بھی حاصل کرتا اور انہیں لوگوں کو فراہم کرتا ہے۔
  • حیض سے متعلق صحت اور اس کے عالمی ترقی سے ربط کے بارے میں معلومات اور شہادتوں کا حصول: یہ ایک ایسا موضوع ہے جو طویل عرصہ سے تحقیق طلب ہے۔ یو این ایف پی اے کی مدد سے کئے جانے والے جائزے ہر ماہ ایام حیض، صحت اور جسمانی صفائی کی سہولیات تک رسائی کے حوالے سے لڑکیوں اور خواتین کے علم سے متعلق اہم آگاہی مہیا کرتے ہیں۔