انسانی کہانیاں عالمی تناظر

خواتین پر یو این کے لیے کام کرنے پر طالبان کی پابندی کے خلاف قرارداد منظور

سلامتی کونسل نے افغانستان کے مرکزی بینک کی ملکیت بیرون ملک منجمد اثاثوں کو مصائب میں گھرے افغان عوام کے فائدے کے لیےاستعمال کرنے کی اجازت دینے کا بھی مطالبہ کیا ہے (فائل فوٹو)
UN Photo/Eskinder Debebe
سلامتی کونسل نے افغانستان کے مرکزی بینک کی ملکیت بیرون ملک منجمد اثاثوں کو مصائب میں گھرے افغان عوام کے فائدے کے لیےاستعمال کرنے کی اجازت دینے کا بھی مطالبہ کیا ہے (فائل فوٹو)

خواتین پر یو این کے لیے کام کرنے پر طالبان کی پابندی کے خلاف قرارداد منظور

خواتین

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں متفقہ طور پر منظور کی گئی قرارداد (2681) میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ افغانستان میں خواتین اور لڑکیوں کو معاشرے میں مکمل، مساوی، بامعنی اور محفوظ شرکت کا حق دیا جائے۔

سلامتی کونسل نے خواتین کے افغانستان میں اقوام متحدہ کے ساتھ کام کرنے پر پابندی کے طالبان کے فیصلے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے انسانی حقوق اور انسانی بنیادوں پر کارروائی کے اصولوں کو نقصان پہنچا ہے۔

کونسل کے ارکان نے طالبان سے فوری طور پر ایسی پالیسیوں اور طریقوں کو تبدیل کرنے کا مطالبہ کیا جو خواتین اور لڑکیوں کے انسانی حقوق اور بنیادی آزادیوں بشمول تعلیم تک رسائی، ملازمت کے مواقع اور نقل و حرکت کی آزادی کے حوالے سے مستفیذ ہونے پر پابندی لگاتے ہیں۔

خواتین کی جگہ مرد نہیں لیں گے

کونسل نے تمام ریاستوں اور تنظیموں کو ان پالیسیوں اور طریقوں کو فوری طور پر ترک کرنے کی ترغیب دینے میں اپنا اثرورسوخ استعمال کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

اس ماہ کے شروع میں، طالبان نے افغان خواتین پر افغانستان میں اقوام متحدہ کے لیے کام کرنے پر پابندی عائد کر دی تھی، جس کی عالمی طور پر بڑے پیمانے پر مذمت کی گئی۔

اس اقدام کی مذمت کرنے والوں میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریش نمایاں تھے۔ اقوام متحدہ کے ترجمان سٹیفن ڈوجیرک نے ایک بیان میں واضع طور کہا تھا کہ خواتین عملے کی جگہ مردوں کو بھرتی نہیں کیا جائے گا۔

وسطی افغانستان میں ایک ہیلتھ ورکر ماں اور بچوں کو غذائیت بارے معلومات دے رہی ہے۔
© UNICEF/Christine Nesbitt
وسطی افغانستان میں ایک ہیلتھ ورکر ماں اور بچوں کو غذائیت بارے معلومات دے رہی ہے۔

منجمد اثاثے

مذکورہ قرارداد میں سلامتی کونسل نے افغانستان کے مرکزی بینک کی ملکیت بیرون ملک منجمد اثاثوں کو مصائب میں گھرے افغان عوام کے فائدے کے لیےاستعمال کرنے کی اجازت دینے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔

قرارداد میں افغانستان میں اقوام متحدہ کے امدادی مشن اور اقوام متحدہ کے دیگر اداروں، فنڈز اور ملک بھر میں پروگراموں کی مسلسل موجودگی کی اہمیت پر بھی زور دیتے ہوئے سلامتی کونسل نے اقوام متحدہ کے مشن (یونیما) کو کام کرنے کے لیے سازگار ماحول اور اس کے عملے کے تحفظ کو یقینی بنانے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔

انہوں نے مشن کے مینڈیٹ کے نفاذ کے لیے سازگار حالات کو محفوظ بنانے اور ملک بھر میں اقوام متحدہ اور اس سے وابستہ اہلکاروں کی حفاظت، سلامتی اور نقل و حرکت کی آزادی کو یقینی بنانے پر زور دیا۔