انسانی کہانیاں عالمی تناظر

ہنرمند نوجوان پائیدار اور پرامن مستقبل کی ضرورت، گوتیرش

انتیس سالہ تریدھا ترپاٹھی انڈیا کے شہر بھوپال میں شمسی توانائی مکینک کے طور پر کام کرتی ہیں۔
UNDP
انتیس سالہ تریدھا ترپاٹھی انڈیا کے شہر بھوپال میں شمسی توانائی مکینک کے طور پر کام کرتی ہیں۔

ہنرمند نوجوان پائیدار اور پرامن مستقبل کی ضرورت، گوتیرش

ثقافت اور تعلیم

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش نے نوجوانوں کو تمام لوگوں کے لیے مزید پرامن اور پائیدار مستقبل کی تشکیل کے لیے درکار صلاحیتوں سے آراستہ کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

نوجوانوں میں ہنرمندی سے متعلق عالمی دن  پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا ہے کہ دنیا بھر کے نوجوان پہلے ہی اپنے معاشروں کو محفوظ و مضبوط تر بنانے کے لیے کام کر رہے ہیں تاہم ان کی تقریباً ایک چوتھائی تعداد تعلیم، روزگار یا تربیت سے محروم ہے۔

Tweet URL

اگر ان نوجوانوں کو ماحول دوست اور ڈیجیٹل معیشت سے متعلق تربیت، نفرت پر مبنی اظہار اور گمراہ کن اطلاعات پر قابو پانے کے لیے تعلیم اور ثالثی و مکالمے کے لیے درکار ذرائع تک رسائی دی جائے تو وہ دنیا کے مشترکہ مستقبل کے لیے بڑے پیمانے پر بہتری لا سکتے ہیں۔

سیکرٹری جنرل کا کہنا ہے کہ جن ممالک کی حکومتیں تعلیم پر وسائل خرچ کرتی ہیں اور جہاں سکول کی تعلیم مکمل کرنے کی شرح بہتر ہوتی ہے وہ ممالک اور معاشرے دوسروں سے زیادہ پرامن ہوتے ہیں۔ دنیا کو تعلیم میں تبدیلی لانے کے لیےکام کرنا چاہیے اور یہ یقینی بنایا جائے کہ نوجوان تمام لوگوں کے لیے مزید پرامن اور پائیدار مستقبل کی تشکیل کے لیے درکار صلاحیتوں یا ہنر سے آراستہ ہوں۔

نوجوانوں میں ہنرمندی کا عالمی دن

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے 2014 میں 15 جولائی کو نوجوانوں میں ہنرمندی کا عالمی دن قرار دیا تھا۔ اس کا مقصد نوجوانوں کو روزگار، باوقار کام اور کاروبار کی صلاحیتوں سے آراستہ کرنے کی اہمیت کو واضح کرنا تھا۔

گزشتہ ایک دہائی میں اس دن نے نوجوانوں، تکنیکی و پیشہ وارانہ تعلیم و تربیت کے اداروں، کمپنیوں، آجروں اور کارکنوں کی تنظیموں، پالیسی سازوں اور ترقیاتی شراکت داروں کے مابین بات چیت کا پلیٹ فارم مہیا کیا ہے۔

یونیسکو اور آئی ایل او کا اقدام

امسال اقوام متحدہ کے تعلیمی، سائنسی و ثقافتی ادارے (یونیسکو)، عالمی ادارہ محنت (آئی ایل او) اور اقوام متحدہ کے دفتر برائے نوجواناں نے اس دن کے حوالے سے پرتگال اور سری لنکا کے مستقل مشن کے تعاون سے ایک گروہی مباحثے کا اہتمام کیا ہے۔ اس بات چیت میں نوجوان ماہرین، شراکت دار اور حکومتوں کے نمائندے شرکت کریں گے۔

مباحثے میں نوجوانوں کو ہنر سکھانے، پائیدار ترقی کے اہداف کو حاصل کرنے میں نوجوانوں کے کردار، تشدد و ہراسانی سے نمٹنے میں مدد دینے اور تعلیم و تربیت کے نظام میں سماجی و جذباتی تعلیم کو بہتر بنانے کے طریقہ ہائے کار اور اقدامات کا جائزہ لیا جائے گا۔