روس یوکرینی علاقوں سے اپنی فوجیں واپس بلائے، یو این جنرل اسمبلی
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے یوکرین میں جنگ بندی کے مطالبے پر مبنی قرارداد کی منظوری دے دی ہے جس میں روس سے مطالبہ کیا ہےکہ وہ جارحیت کو فوری روکے اور یوکرین کے علاقے سے اپنی تمام فوجیں واپس بلائے۔
اسمبلی نے اس قرارداد کے ذریعے روس سے یوکرین میں توانائی کی اہم تنصیبات پر حملوں کو فوری روکنے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔ 'یوکرین میں جوہری تنصیبات کا تحفظ و سلامتی' کے عنوان سے اس قرارداد کے حق میں 99 ووٹ آئے اور نو ممالک (بیلاروس، برونڈی، کیوبا، جمہوریہ کوریا، اریٹریا، مالی، نکاراگوا، روس اور شام) نے اس کی مخالفت کی جبکہ 60 ممالک رائے شماری سے غیرحاضر رہے۔
قراداد جمعرات کو یوکرین کی جانب سے پیش کی گئی جسے فرانس، جرمنی اور امریکہ سمیت 50 سے زیادہ دیگر ممالک کا تعاون بھی حاصل تھا۔
جوہری مطالبہ
قرارداد میں روس سے کہا گیا ہے کہ وہ یوکرین کے علاقے ژیپوریژیا میں واقع جوہری پاور پلانٹ سے اپنی فوج کے علاوہ دیگر غیرمجاز اہلکاروں کو بھی واپس بلائے اور پلانٹ کا مکمل کنٹرول فوری طور پر یوکرین کے حوالے کرے۔
اسمبلی نے روس سے کہا ہے کہ پاور پلانٹ کی یوکرین کو واپسی تک جوہری توانائی کے بین الاقوامی ادارے (آئی اے ای اے) کو اس کی ایسی جگہوں پر بروقت اور مکمل رسائی فراہم کی جائے جن کی جوہری تحفظ و سلامتی کے ضمن میں خاص اہمیت ہے۔
تباہی کو روکا جائے: یوکرین
اقوام متحدہ میں یوکرین کے مستقل نمائندے سرگئی سلتسیا نے کہا کہ ژیپوریژیا جوہری پاور پلانٹ کو سوچے سمجھے انداز میں روس کی عسکری حکمت عملی کا اہم حصہ بنایا گیا ہے اور اگر وہاں کوئی حادثہ ہوا تو اس کے تباہ کن نتائج برآمد ہوں گے۔ تابکاری کسی ایک ملک کی سرحدوں تک محدود نہیں رہتی بلکہ یہ طویل فاصلوں اور دور دراز علاقوں تک پھیل سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ قرارداد 'آئی اے ای اے' کی ذمہ داری اور اختیار کی مکمل حمایت کرتی ہے اور اس سے جوہری تحفظ و سلامتی کے سات لازمی ستونوں کی اہمیت واضح ہوتی ہے۔
انہوں نے تمام ممالک پر زور دیا کہ وہ اس قرارداد کی حمایت میں ووٹ دیں اور کہا کہ آئندہ نسلوں کی خاطر دنیا کو یہ یقینی بنانا ہے کہ جوہری تباہی دوبارہ رونما نہ ہو۔
قرارداد نقصان دہ اور سیاسی ہے: روس
اقوام متحدہ میں روس کے نائب مستقل نمائندے دمتری پولیانسکی نے اپنے ملک کا موقف واضح کرتے ہوئے کہا کہ یہ قرارداد نقصان دہ اور انتہائی سیاسی نوعیت کی ہے اور اس کا جوہری تحفظ سے کوئی لینا دینا نہیں۔ قرارداد کو پیش کرنے والوں نے غیرمشمولہ اور غیرشفاف طریقے سے کام کرتے ہوئے کئی مندوبین کی جانب سے اس میں تجویز کردہ ترامیم کو در خور اعتنا نہیں سمجھا۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ یوکرین جوہری تحفظ اور سلامتی کے لیے حقیقی خطرہ ہے جو ژیپوریژیا پاور پلانٹ، اس سے ملحقہ تنصیبات اور قریبی شہر پر متواتر اور لاپرواہانہ حملے کر رہا ہے جہاں پلانٹ کے ملازمین اور ان کے خاندان رہتے ہیں۔