انسانی کہانیاں عالمی تناظر

یو کرین: روسی حملے جاری جبکہ 33 لاکھ افراد امداد کے منتظر

روسی حملے کے بعد امدادی کارکن یوکرین کے ایک علاقے میں سے ملبہ ہٹا رہے ہیں۔
Angels of Salvation CSO/Mariia Ostashko
روسی حملے کے بعد امدادی کارکن یوکرین کے ایک علاقے میں سے ملبہ ہٹا رہے ہیں۔

یو کرین: روسی حملے جاری جبکہ 33 لاکھ افراد امداد کے منتظر

امن اور سلامتی

اقوام متحدہ کے ادارہ مہاجرت (آئی او ایم) نے کہا ہے کہ یوکرین کے لوگوں کو روس کے متواتر حملوں کا سامنا ہے جبکہ محاذ جنگ کے قریب رہنے والے 33 لاکھ لوگوں کو ہنگامی مدد کی فوری ضرورت ہے۔

ملک کے مشرقی اور جنوبی علاقوں میں ہونے والے راکٹ حملوں میں درجنوں افراد کی ہلاکت کے بعد 'آئی او ایم' کی ڈائریکٹر جنرل ایمی پوپ نے خبردار کیا ہے کہ ملک میں بہت سے لوگوں کے لیے حالات بدترین ہوتے جا رہے ہیں۔

بجلی کی فراہمی میں متواتر خلل

ڈائریکٹر جنرل کا کہنا ہے کہ یوکرین میں بے گھر ہونے والے لوگوں اور ان کی میزبان آبادیوں کو فوری مدد کی ضرورت ہے۔ ان لوگوں کو میزائل حملوں، تنصیبات کی تباہی اور بجلی کی فراہمی میں متواتر خلل کا سامنا ہے۔

ادارے کا اندازہ ہے کہ محاذ جنگ کے قریبی علاقوں میں رہنے والے ایک کروڑ 46 لاکھ لوگوں میں تقریباً آٹھ لاکھ بچے بھی شامل ہیں جو روس کے متواتر حملوں کا سامنا کر رہے ہیں اور انہیں اپنی بقا کے لیے فوری انسانی امداد درکار ہے۔ 

فروری 2022 میں اس جنگ کے آغاز سے اب تک 'آئی او ایم' نے محاذ جنگ کے قریب رہنے والوں اور یوکرین بھر میں دیگر جگہوں پر نقل مکانی کرنے والے ہزاروں لوگوں کو امداد فراہم کی ہے۔ اس میں ان کے روزگار کی بحالی اور مقامی آبادیوں کو مشکل حالات کا مقابلہ کرنے کے لیے مہیا کردہ مدد بھی شامل ہے۔