انسانی کہانیاں عالمی تناظر

نئے سال کے آغاز پر یوکرین میں ’کئی شہری ہلاکتیں‘

یوکرین کے ایوانو فرینکوچ علاقے میں ایک گھر کے واحد گرم کمرے میں بچے اکٹھے ہیں۔
© UNICEF/Yana Sidash
یوکرین کے ایوانو فرینکوچ علاقے میں ایک گھر کے واحد گرم کمرے میں بچے اکٹھے ہیں۔

نئے سال کے آغاز پر یوکرین میں ’کئی شہری ہلاکتیں‘

امن اور سلامتی

نئے سال کی چھٹیوں کے دوران یوکرین میں روسی فوج کے مہلک حملوں میں نیا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جن میں عام شہریوں کی ہلاکتوں کی اطلاعات ہیں جبکہ روس نے لڑائی میں بڑی تعداد میں اپنے فوجیوں کی ہلاکتوں کا اعتراف کیا ہے۔

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے نائب ترجمان فرحان حق نے معمول کی پریس بریفنگ میں اقوام متحدہ کے امدادی شرکائے کار کا حوالہ دیتے ہوئے صحافیوں کو بتایا ہے کہ جنگ زدہ ملک کے مختلف حصوں میں بڑھتی ہوئی جنگی کارروائیوں کے نتیجے میں ''بہت سے شہریوں کی ہلاکتیں'' ہوئی ہیں جن میں بچے اور صحافی بھی شامل ہیں۔

فرحان حق کا کہنا تھا کہ ''یوکرین کے حکام نے اطلاع دی ہے کہ 31 دسمبر کو ہی 50 سے زیادہ شہری ہلاک ہوئے۔''

بڑھتی ہوئی ہلاکتیں

دارالحکومت کیئو پر ہونے والے تازہ ترین حملوں میں ایک ہوٹل، رہائشی مکانات اور متعدد تعلیمی مراکز بشمول ایک یونیورسٹی کو نقصان پہنچا۔

فرحان حق نے علاقائی گورنر کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ 31 دسمبر کو کیرسون میں لڑائی کے دوران دو بچے زخمی ہوئے جن میں ایک 13 سالہ لڑکا بھی شامل ہے جسے کیرسون میں بچوں کے ہسپتال میں منتقل کیا گیا جبکہ نئے سال کے پہلے دن یہ ہسپتال بھی بمباری کی زد میں آیا۔

متواتر حملوں کے باوجود ہم اپنے امدادی شرکائے کار کے ساتھ مل کرزیادہ متاثرہ علاقوں میں ضرورت مند لوگوں کو مدد پہنچا رہے ہیں۔

فرحان حق

مزید برآں مشرقی ڈونیسک اور لوہانسک میں بھی شدید لڑائی جاری ہے جس میں ''محاذ جنگ کے دونوں جانب'' شہریوں کی ہلاکتوں اور تنصیبات کی تباہی کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

امداد جاری ہے

نائب ترجمان نے کہا کہ ''متواتر حملوں کے باوجود ہم اپنے امدادی شرکائے کار کے ساتھ مل کرزیادہ متاثرہ علاقوں میں ضرورت مند لوگوں کو مدد پہنچا رہے ہیں۔''

انہوں نے جاری جنگ کے دوران امدادی اداروں کی جانب سے تحفظ زندگی میں مددگار امداد کی فراہمی کی تفصیل بتائی۔

ان کا کہنا تھا کہ ''28 دسمبر کو ایک بین الاداری امدادی قافلے نے عالمی ادارہ برائے مہاجرین (آئی او ایم)، اقوام متحدہ میں پناہ گزینوں سے متعلق ادارے (یو این ایچ سی آر)، اقوام متحدہ میں بچوں سے متعلق ادارے (یونیسف) اور عالمی پروگرام برائے خوراک (ڈبلیو ایف پی) کی جانب سے ڈونیسک اوبلاسٹ میں محاذ جنگ کے قریبی علاقے لیمان اور سویاٹوئرسک میں خوراک، پانی، کمبل، ہنگامی پناہ کا سامان اور دیگر اشیا پہنچائیں''۔

یہ دونوں علاقے شدید لڑائی کی زد میں ہیں جس میں گھر تباہ ہو گئے ہیں، اہم تنصیبات منہدم ہو چکی ہیں اور بنیادی خدمات تک رسائی ختم ہو گئی ہے۔

جو لوگ تاحال ان علاقوں میں مقیم ہیں ان میں معمر اور ایسے افراد شامل ہیں جن کے لیے زیادہ نقل و حرکت کرنا ممکن نہیں ہے۔

درجنوں روسی فوجیوں کی ہلاکت کی اطلاع

اطلاعات کے مطابق نئے سال کے موقع پر یوکرین کے مشرقی مقبوضہ علاقے میں میزائل کے حملے میں روسی فوجیوں کی بڑی تعداد ہلاک ہوئی۔ یہ 24 فروری کو ملک پر حملے کے بعد روس کی جانب سے تسلیم کیا جانے والا اپنا سب سے بڑا جانی نقصان ہے۔

یوکرین کی فوج کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ماکیوکا میں ہونے والی اس کارروائی میں 400 افراد ہلاک یا زخمی ہوئے تاہم اس تعداد کی غیرجانبدارانہ ذرائع سے تصدیق نہیں ہوئی۔

روس کی وزارت دفاع نے سوموار کو تسلیم کیا تھا کہ نئے بھرتی کیے جانے والے فوجیوں کی رہائش گاہ کے طور پر استعمال ہونے والا ایک ووکیشنل کالج 'ہیمارس' راکٹوں کے حملے میں تباہ ہو گیا جس میں موجود 63 فوجی ہلاک ہوئے۔