انسانی کہانیاں عالمی تناظر

یوکرین: شہری علاقوں پر روسی حملوں میں ہلاکتوں کی مذمت

یوکرین کے دارالحکومت کیئو میں ایک رہائشی عمارت جو گولہ باری کی زد میں آئی (فائل فوٹو)۔
© UNICEF/Oleksii Filippov
یوکرین کے دارالحکومت کیئو میں ایک رہائشی عمارت جو گولہ باری کی زد میں آئی (فائل فوٹو)۔

یوکرین: شہری علاقوں پر روسی حملوں میں ہلاکتوں کی مذمت

امن اور سلامتی

یوکرین کے لیے اقوام متحدہ کی امدادی رابطہ کار ڈنیز براؤن نے ملک کے وسطی علاقے میں کثیر منزلہ رہائشی عمارت پر روس کے میزائل حملے کی سخت مذمت کی ہے جس میں تین افراد ہلاک اور 40 زخمی ہوئے۔

انہوں نے دوران جنگ بین الاقوامی انسانی قانون کے مکمل احترام، شہریوں کو تحفظ دینے اور شہری تنصیبات کو حملوں کا ہدف نہ بنانے پر زور دیا ہے۔

ڈنیز براؤن نے حالیہ حملے کو ہولناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ جب شہریوں کو میزائل سے نشانہ بنایا گیا تو وہ اپنے گھروں میں شام کے کھانے کے لیے بیٹھے تھے۔ یہ حملہ بھی محاذ جنگ سے ہٹ کر کی جانے والی بہت عسکری کارروائیوں کا حصہ ہے جن میں رہائشی عمارتوں اور اہم شہری تنصیبات کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ 

10 ہزار ہلاکتیں 

یوکرین میں اقوام متحدہ کے دفتر نے بتایا ہے کہ نیپرو کے شہر کریویری میں اس حملے کا نشانہ بننے والی رہائشی عمارت کو بڑے پیمانے پر نقصان ہوا۔ حملے کے بعد بچوں سمیت بہت سے لوگ عمارت کے ملبے تلے دب گئے۔

رابطہ کار نے ایسے حملے فوری طور پر روکے جانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہریوں کو جنگ کی ہولناکیوں سے محفوظ ہونا چاہیے۔

یوکرین میں انسانی حقوق کی نگرانی کرنے والے اقوام متحدہ کے مشن نے ملک پر روس کے حملے کو دو سال مکمل ہونے پر جاری کردہ اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ اس جنگ میں اب تک 10 ہزار سے زیادہ شہری ہلاک اور 20 ہزار سے زیادہ زخمی ہو چکے ہیں جبکہ ان کی اصل تعداد اس سے کہیں زیادہ ہو سکتی ہے۔

اطلاعات کے مطابق 2023 کے اواخر کے بعد یوکرین نے بھی نزنی نووگورود سمیت روس کے علاقوں میں حملے تیز کر دیے ہیں جن میں عسکری مقاصد کے لیے استعمال ہونے والی فضائی پٹیوں اور تیل صاف کرنے کے کارخانوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔