انسانی کہانیاں عالمی تناظر

یوکرین: دو سالہ جنگ میں تاریخی مقامات کو 3.5 ارب ڈالر کا نقصان

یوکرین کے شہر اوڈیسا کا ایک تاریخی کتھیڈرل بمباری سے متاثر ہوا ہے۔
© UNOCHA/Saviano Abreu
یوکرین کے شہر اوڈیسا کا ایک تاریخی کتھیڈرل بمباری سے متاثر ہوا ہے۔

یوکرین: دو سالہ جنگ میں تاریخی مقامات کو 3.5 ارب ڈالر کا نقصان

ثقافت اور تعلیم

اقوام متحدہ کے تعلیمی، سائنسی و ثقافتی ادارے (یونیسکو) نے بتایا ہے کہ یوکرین میں جنگ سے ملک کے ثقافتی و سیاحتی ورثے کو 3.5 ارب ڈالر کا نقصان ہوا ہے جس کی بحالی کے لیے آئندہ دس برس میں 9 ارب ڈالر درکار ہوں گے۔

یوکرین پر روس کے حملے کو دو سال مکمل ہونے پر یونیسکو نے دونوں شعبوں پر جنگ کے اثرات کا نیا تخمینہ جاری کیا ہے۔ اس کے مطابق ایک سال پہلے اس نقصان کا مالی حجم 2.6 ارب ڈالر تھا۔ یہ فروری 2022 کے بعد نقصان اور بحالی کی ضروریات سے متعلق ایسا تیسرا تخمینہ ہے جو عالمی بینک، یوکرین کی حکومت، یورپی کمیشن اور اقوام متحدہ نے مشترکہ طور پر لگایا ہے۔

Tweet URL

یونیسکو کی ڈائریکٹر جنرل آدرے آزولے نے بتایا ہے کہ تخمینہ لگانے کے لیے 4,779 ثقافتی و سیاحتی مقامات کا جائزہ لیا گیا۔ اس کے مطابق ثقافتی ورثہ قرار دی گئی جگہوں اور عمارتوں کو 2.41 ارب ڈالر، فن کے نمونوں، مجموعوں اور ثقافتی توشہ خانوں کو 161 ملین ڈالر، ثقافتی و تخلیقی صنعتوں کی عمارتوں اور کارخانوں کو 262 ملین ڈالر اور سیاحتی سہولیات کو 650 ملین ڈالر کا نقصان ہوا۔ 

سب سے زیادہ (25 فیصد) نقصان خارکیئو میں ہوا۔ اس کے بعد دونیسک میں 14.7 فیصد اور اوڈیسا میں 7.6 فیصد نقصان ریکارڈ کیا گیا۔

ڈائریکٹر جنرل کے مطابق فروری 2022 سے اب تک ثقافتی و سیاحتی شعبوں کی آمدنی میں 19.6 ارب ڈالر کمی بھی واقع ہوئی۔ گزشتہ ایک سال کے عرصہ میں اس نقصان میں 30 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ اس میں نصف سے زیادہ نقصان کیئو میں ہوا۔ اس کا بڑا سبب جنگ کے باعث سیاحوں کی آمد میں کمی اور تخلیقی صنعتوں کے کام میں پیدا ہونے والا خلل اور سست روی بتایا گیا ہے۔

چھیاسٹھ ملین ڈالر کی فراہمی

اس ضمن میں فوری ضروریات سے نمٹنے کے لیے یونیسکو نے گزشتہ دو برس میں اپنے رکن ممالک اور نجی شعبے سے 66 ملین ڈالر جمع کیے ہیں۔ اس میں اکیلے جاپان کا حصہ 26 ملین ڈالر ہے۔ اس رقم سے ثقافت، ورثے، تعلیم اور ابلاغ کے شعبوں میں درجنوں مختصر، درمیانے اور طویل مدتی اقدامات کیے گئے ہیں۔ ادارے نے کیئو میں 20 افراد پر مشتمل عملے کے ساتھ ایک رابطہ دفتر بھی کھولا ہے جو اس حوالے سے تمام اقدامات کو مربوط بنانے کا کام کر رہا ہے۔ 

یونیسکو نے یوکرین میں ثقافتی و سیاحتی بحالی کے لیے درج ذیل اقدامات اٹھائے ہیں۔ 

نقصان کی روک تھام اور تعمیر نو

یونیسکو گزشتہ دو برس سے ہنگامی ضرورت کے سازوسامان کی فراہمی اور خطرات سے نمٹنے کے نظام قائم کرنے جیسے اقدامات کے ذریعے ثقافتی ورثے کو تحفظ دیتا چلا آیا ہے۔ اس حوالے سے کیئو، لیئو، اوڈیسا اور چرنیئو میں ثقافتی اثاثوں کی فہرستیں اور ان کے تھری ڈی نقشے تیار کرنے کا کام بھی شروع کیا گیا ہے۔ 

یونیسکو نے ثقافتی و سیاحتی ورثے کو مستحکم کرنے اور اس کی مرمت کے لیے متعدد منصوبے بھی شروع کیے ہیں۔ ان میں اوڈیسا کا فنون لطیفہ میوزم، آثار قدیمہ کا میوزم اور سائنس دانون کا مرکز جبکہ کیئو میں متعدد عجائب گھر بھی شامل ہیں۔ ادارہ اوڈیسا میں کیتھیڈرل آف دی ٹرانسفیگریشن کی عارضی چھت بھی تعمیر کرےگا جس کے لیے اٹلی نے مالی وسائل فراہم کیے ہیں۔   

ثقافتی ماہرین کی تربیت

گزشتہ دو برس میں یونیسکو اور اس کے شراکت داروں نے یوکرین بھر میں قومی و مقامی سطح کے ثقافتی اداروں کی صلاحیت بہتر بنانے کے لیے 1,600 ماہرین کو تربیت دی ہے۔ اس عملے کی اکثریت کو پہلے کبھی ہنگامی حالات سے واسطہ نہیں پڑا تھا۔

یونیسکو نے بیرون ملک پناہ گزین تقریباً 100 یوکرینی فنکاروں کو رہائش کے حصول میں مالی مدد فراہم کی ہے۔ علاوہ ازیں، ادارہ یوکرین میں ثقافتی سرگرمیاں جاری رکھنے میں بھی تعاون کر رہا ہے۔ اس مقصد کے لیے ملک بھر میں 14 نئے فنی منصوبوں کے لیے مالی وسائل مہیا کیے گئے ہیں۔