انسانی کہانیاں عالمی تناظر

بیالیس نئے مقامات یونیسکو کے عالمی ورثہ کی فہرست میں شامل

ایران کے شمال مغرب میں واقع یونیسکو کا ارس جیو پارک جو دریائے ارس کے کنارے واقع ہے (فائل فوٹو)۔
© Aras Geopark/Boyuk Raei
ایران کے شمال مغرب میں واقع یونیسکو کا ارس جیو پارک جو دریائے ارس کے کنارے واقع ہے (فائل فوٹو)۔

بیالیس نئے مقامات یونیسکو کے عالمی ورثہ کی فہرست میں شامل

ثقافت اور تعلیم

عالمی ورثے کی کمیٹی نے 42 نئے مقامات کو اپنی فہرست کا حصہ بناتے ہوئے پانچ جگہوں کو یونیسکو کے عالمی ورثے میں شامل کر لیا ہے۔ ان مقامات کو یہ درجہ دینے کی مںظوری کمیٹی کے 45وی اجلاس میں دی گئی جو 25 ستمبر کو ختم ہوا۔

کمیٹی نے دو ہفتوں پر مشتمل اپنے کام کے اختتام پر جن جگہوں کو اپنی فہرست میں شامل کیا ہے ان میں 33 ثقافتی مقامات اور 9 قدرتی ماحول کی زمرے میں آتی ہیں۔

Tweet URL

اب ان جگہوں کو دنیا کے ورثے کی حیثیت سے اعلیٰ ترین تحفظ میسر آئے گا۔ اس کے علاوہ یونیسکو کی جانب سے ان کے لیے تکنیکی اور مالیاتی مدد کے مواقع بھی کھلیں گے۔

اس اضافے کے بعد دنیا کے 168 ممالک میں یونیسکو کا عالمی ثقافتی ورثہ قرار دیے گئے مقامات کی تعداد بڑھ کر 1199 ہو گئی ہے۔ عالمی ورثے کی کمیٹی نے پہلے سے اپنی فہرست میں شامل کردہ 263 مقامات کے تحفظ کی صورتحال کا جائزہ بھی لیا۔

ریاض میں ہونے والے اجلاس میں عالمی ورثے کے کنونشن کے 195 رکن ممالک کے نمائندوں، سول سوسائٹی کے تقریباً 300 اداروں نے شرکت کی جنہوں نے اس ورثے کو درپیش بڑے عالمی مسائل پر قابو پانے کے طریقے ڈھونڈنے کے لیے اکٹھے کام کیا۔ ان مسائل میں موسمیاتی تبدیلی، شہری ترقی، آبادی کا دباؤ، مسلح تنازعات اور بڑے پیمانے پر سیاحت نمایاں ہیں۔ 

افریقی ورثے کے لیے اہم سال

عالمی ورثے میں 5 نئی جگہوں کی شمولیت کے بعد افریقہ میں ایسے مقامات کی تعداد 100 تک پہنچ گئی ہے۔ کنونشن کے رکن ممالک نے عالمی ورثے میں افریقی مقامات کی تعداد بڑھانے کے لیے یونیسکو کی جانب سے براعظم کے لیے مخصوص حکمت عملی کی منظوری بھی دی۔ یہ حکمت عملی افریقہ کے ممالک کو مقامی سطح پر اس ورثے کے تحفظ کے منصوبے چلانے اور عالمی ورثے کے لیے نامزدگی کی شرائط پوری کرنے میں بہتر طور سے مدد دے گی۔ 

خطرے سے دوچار مقامات میں اضافہ

اجلاس کے دوران یوکرین کے دو مقامات کو ایسی جگہوں کی فہرست میں شامل کیا گیا جنہیں بمباری سے خطرات لاحق ہیں۔ کیئو پیچرسک میں سینٹ صوفیا کیتھڈرل اور لاورا کی عمارتوں اور لیئو میں تاریخی مرکز کو اوڈیسا کے تاریخی مرکز کے ساتھ ایسی جگہوں میں شمار کیا گیا ہے جنہیں خطرات لاحق ہیں۔ اوڈیسا کے مرکز کی اس فہرست میں شمولیت رواں سال جنوری میں ہوئی تھی۔

خطرات کا شکار ورثے میں نئے مقامات کی شمولیت سے مقامی سطح پر ایسی جگہوں کو مزید تحفظ ملے گا۔ اس سے کنونشن کے تمام رکن ممالک میں ان جگہوں کے تحفظ میں مدد دینے کی اہمیت بھی واضح ہوتی ہے۔

یادگاری مقامات

اجلاس کے دوران جنگ کے خطرات کا سامنا کرنے والے تین یادگاری مقامات کو عالمی ورثے کی فہرست کا حصہ بنایا گیا۔ ان میں ارجنٹائن کا ایسما میوزیم اور یادگار جو کبھی خفیہ قید خانہ اور تشدد و استحصال کا مرکز تھی، روانڈا میں نسل کشی کے واقعات کی یادگاریں نیاماتا، مورامبی، گیسوزی اور بائیسیسیرو، اور بیلجیئم اور فرانس میں پہلی جنگ عظیم کے مغربی محاذ پر مرنے والوں کی آخری رسومات کے مقامات اور یادگاریں شامل ہیں۔ 

یادگار مقامات وہ جگہیں ہیں جہاں ایسے واقعات پیش آ چکے ہوں جنہیں ممالک اور ان کے لوگ یا کسی مخصوص سماجی گروہ کے ارکان ہمیشہ یاد رکھنا چاہتے ہیں۔ یا تو ان جگہوں پر پہلے ہی لوگوں کی رسائی ہوتی ہے یا انہیں لوگوں کے لیے قابل رسائی بنایا جاتا ہے اور اس طرح یہ مقامات مفاہمت، سوچ بچار اور پُرامن انداز میں غوروفکر کی جگہیں بن جاتے ہیں۔