انسانی کہانیاں عالمی تناظر

تنازعات میں مبتلا علاقوں میں صحافیوں کی ہلاکتوں میں اضافہ، یونیسکو

رواں سال جنگوں کے دوران کم از کم 38 صحافیوں کی ہلاکت ہوئی۔ 2022 میں یہ تعداد 28 اور 2021 میں 20 تھی۔
Unsplash/Jana Shnipelson
رواں سال جنگوں کے دوران کم از کم 38 صحافیوں کی ہلاکت ہوئی۔ 2022 میں یہ تعداد 28 اور 2021 میں 20 تھی۔

تنازعات میں مبتلا علاقوں میں صحافیوں کی ہلاکتوں میں اضافہ، یونیسکو

امن اور سلامتی

جنگ زدہ علاقوں میں کام کرنے والے صحافیوں کے لیے 2023 خاص طور پر جان لیوا سال رہا۔ اس دوران اپنے فرائض کی انجام دہی کے دوران ہلاک ہونے والے صحافیوں کی تعداد گزشتہ تین سال کے مقابلے میں کہیں زیادہ رہی۔

اقوام متحدہ کے تعلیمی، سائنسی و ثقافتی ادارے (یونیسکو) نے بتایا ہے کہ 2007 کے بعد رواں سال کے گزشتہ تین ماہ جنگ زدہ علاقوں سے اطلاعات دینے والے صحافیوں کے لیے خطرناک ترین تھے۔ اس عرصہ کے دوران دنیا بھر میں 27 صحافیوں کی ہلاکت ہوئی۔

Tweet URL

رواں سال فرائض کی انجام دہی کے دوران مجموعی طور پر 65 صحافی ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ 2022 میں یہ تعداد 88 تھی۔

یونیسکو کی سربراہ آدرے آزولے کا کہنا ہے کہ بظاہر رواں سال صحافیوں کی مجموعی ہلاکتوں میں کمی ہوئی ہے لیکن ان میں جنگ زدہ علاقوں میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد گزشتہ چند برس کے مقابلے میں کہیں زیادہ ہے۔

غزہ جنگ: صحافیوں کا بھاری نقصان

رواں سال جنگوں کے دوران کم از کم 38 صحافیوں کی ہلاکت ہوئی۔ 2022 میں یہ تعداد 28 اور 2021 میں 20 تھی۔ 

ایسی بیشتر ہلاکتیں مشرق وسطیٰ میں جاری تنازعات کے دوران ہوئیں۔ یونیسکو کے مطابق 7 اکتوبر کے بعد فلسطین میں اب تک 19، لبنان میں تین اور اسرائیل میں دو صحافی ہلاک ہو چکے ہیں۔ اِس سال افغانستان، کیمرون، شام اور یوکرین میں بھی دو دو صحافیوں کی ہلاکت ہوئی ہے۔

ان میں وہ صحافی اور میڈیا کے کارکن شامل نہیں ہیں جن کی ہلاکت ایسے حالات میں ہوئی جب وہ اپنے کام مصروف نہیں تھے۔ تاہم یونیسکو نے بتایا ہے کہ 2023 میں ایسے صحافیوں کی اموات میں بھی نمایاں اضافہ دیکھنے کو ملا ہے۔