سکولوں پر بڑھتے حملوں کو روکا جائے، یو این چیف
سکولوں اور ہسپتالوں پر حملوں میں بڑے پیمانے پر اضافے اور سات ملین سے زیادہ پناہ گزین بچوں کی تعلیم سے محرومی پر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے دنیا بھر میں غیرمحفوظ طلبہ اور اساتذہ کو تحفظ دینے کے اقدامات بڑھانے پر زور دیا ہے۔
تعلیم کو حملوں سے بچانے کے عالمی دن پر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش کا کہنا ہےکہ 'تعلیم کی محفوظ جگہوں' کا دفاع کرنا ضروری ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ تعلیم ناصرف ایک بنیادی انسانی حق ہے بلکہ یہ ہر فرد کے لیے بہتر مستقبل اور مزید پُرامن اور مفاہمت پر مبنی دنیا ممکن بنانے کا راستہ بھی ہے۔
انہوں نے ایک خطرناک حقیقت کی جانب توجہ دلائی کہ دنیا بھر میں 224 ملین بچوں اور نوعمر افراد کو تعلیمی مدد کی فوری ضرورت ہے۔ ان میں 72 ملین ایسے بچے بھی شامل ہیں جو مسلح تنازعات جیسے بحرانوں کے باعث حصول تعلیم سے پوری طرح محروم ہیں۔
حملوں میں اضافہ
رواں سال کے آغاز میں اقوام متحدہ کے سربراہ کی جانب سے بچوں اور مسلح تنازعات کے بارے میں شائع کردہ ایک جامع رپورٹ کے مطابق جنوری سے دسمبر 2022 کے دوران سکولوں اور ہسپتالوں پر حملوں میں 112 فیصد اضافہ ہوا۔ ایسے بیشتر واقعات افغانستان، یوکرین، برکینا فاسو، اسرائیل، فلسطین، میانمار اور مالی میں پیش آئے۔
مثال کے طور پر، افغانستان میں اقوام متحدہ نے شہری تنصیبات پر 95 حملوں کی تصدیق کی جن میں سے 72 سکولوں پر کیے گئے۔
رپورٹ میں ایسے 50 فیصد حملوں کا ذمہ دار غیرریاستی کرداروں کو قرار دیا گیا ہے۔ باقی نصف حملوں میں سرکاری افواج ملوث تھیں جو سنگین ترین جرائم کی بنیادی ذمہ دار ہیں جن میں بچوں کو ہلاک اور زخمی کرنا، سکولوں اور ہسپتالوں پر بے رحمانہ حملے اور امداد کی فراہمی میں رکاوٹ ڈالنا شامل ہیں۔
اقوام متحدہ میں پناہ گزینوں کے امور سے متعلق ادارے 'یو این ایچ سی آر' نے کہا ہے کہ 2022 کے آخر تک دنیا بھر میں سکول جانے کی عمر کے پناہ گزین بچوں کی تعداد 50 فیصد اضافے کے ساتھ 14.8 ملین تک پہنچ گئی جو کہ 2021 میں 10 ملین تھی۔ اس اضافے میں یوکرین پر روس کے حملے کا اہم کردار ہے۔
تعلیم میں خلل
جیسا کہ انتونیو گوتیرش نے کہا، طلبہ، اساتذہ، تعلیمی اہلکاروں اور سکولوں پر حملے عام ہوتے جا رہے ہیں جن کے باعث نوعمر طلبہ کی تعلیم میں ظالمانہ طور سے خلل پڑ رہا ہے اور انہیں ناقابل بیان نفسیاتی اور جسمانی نقصان کا سامنا ہے جس کے اثرات ان پر عمر بھر رہ سکتے ہیں۔
تعلیمی نقصان کی ایک واضح علامت یہ ہے کہ دنیا بھر میں 763 ملین لوگوں میں بنیادی سطح کی خواندگی کا بھی فقدان ہے۔
طلبہ اور تعلیم کا تحفظ
سیکرٹری جنرل نے تمام ممالک پر زور دیا کہ وہ سکولوں، بچوں اور اساتذہ کا ہمہ وقت تحفظ یقینی بنائیں اور اس سلسلے میں 'محفوظ سکولوں کے اعلامیے' اور 'تعلیم کو حملوں سے بچانے کے لیے عالمی اتحاد' جیسے اقدامات سے کام لیا جائے۔
انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ مشترکہ کوششوں کے ذریعے سکول 'ہر جا ہر بچے کے لیے تحفظ اور سیکھنے کی محفوظ جگہ' بن سکتے ہیں۔