انسانی کہانیاں عالمی تناظر
دبئی کی ایکسپو سٹی کا خوبصورت الوصل گنبد جہاں اقوام متحدہ کی کاپ28 کانفرنس منعقد ہو رہی ہے۔

نقصان اور تباہی کے ازالے پر تاریخی معاہدے کے ساتھ کاپ28 کا آغاز

COP28/Neville Hopwood
دبئی کی ایکسپو سٹی کا خوبصورت الوصل گنبد جہاں اقوام متحدہ کی کاپ28 کانفرنس منعقد ہو رہی ہے۔

نقصان اور تباہی کے ازالے پر تاریخی معاہدے کے ساتھ کاپ28 کا آغاز

موسم اور ماحول

دبئی میں ہونے والی 'کاپ 28' میں غریب ممالک کو موسمیاتی تبدیلی سے ہونے والی تباہی اور نقصان کے ازالے میں مدد دینے کے فنڈ کو فعال کرنے پر اتفاق کر لیا گیا ہے جو اس کانفرنس کے پہلے روز حاصل ہونے والی بڑی کامیابی ہے۔

موسمیاتی تبدیلی سے بڑے پیمانے پر متاثر ہونے والے ترقی پذیر ممالک طویل عرصہ سے مطالبہ کر رہے تھے کہ انہیں اس مسئلے پر قابو پانے میں مالی مدد فراہم کی جائے۔ ایسے بیشتر ممالک کو موسمیاتی تبدیلی کے نتیجے میں خشک سالی، سیلاب اور سطح سمندر میں اضافے جیسے مسائل کا سامنا ہے۔

Tweet URL

کاپ 28 کے صدر سلطان الجابر نے بتایا ہے کہ ان کا ملک متحدہ عرب امارات اس فنڈ میں 100 ملین ڈالر مہیا کرےگا۔ جرمنی نے بھی 100 ملین ڈالر دینے کا اعلان کیا ہے جبکہ امریکہ اور جاپان نے بھی اس میں حصہ ڈالنے کی حامی بھری ہے۔

اس سے پہلے ایسی کئی سالانہ کانفرنسوں میں کڑے مذاکرات کے بعد گزشتہ برس مصر کے شہر شرم الشیخ میں ہونے والی کاپ 27 میں ترقی یافتہ ممالک نے یہ فنڈ قائم کرنے پر رضامندی ظاہر کی تھی۔

موسمیاتی تبدیلی پر اقوام متحدہ کے فریم ورک کنونشن (یو این ایف سی سی سی) کے ایگزیکٹو سیکرٹری سائمن سٹیئل نے اسے ایک اچھا آغاز قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ حکومت اور مذاکرات کاروں کو چاہیے کہ وہ اسے مزید پُرعزم فیصلوں کے لیے کام میں لائیں۔

دلیرانہ اقدامات کا وقت

اقوام متحدہ کے زیراہتمام سالانہ موسمیاتی کانفرنس 'کاپ 28' متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں شروع ہو گئی ہے۔ اس موقع پر موسمیاتی تبدیلی کے خلاف اقدامات کی رفتار بڑھانے اور معدنی ایندھن کے استعمال کا مکمل خاتمہ کرنے کے اقدامات خاص طور پر زیربحث آئیں گے۔

سائمن سٹیئل نے خبردار کیا ہے کہ کرہ ارض کو درپیش بحران دلیرانہ اقدامات کا تقاضا کرتا ہے جبکہ دنیا اس حوالے سے تاحال ابتدائی قدم بڑھا رہی ہے۔ 

کنونشن کے ریاستی فریقین کی یہ کانفرنس 12 دسمبر تک جاری رہے گی۔ اس کاانعقاد دبئی کے ایکسپو سٹی میں درختوں اور پھول پتوں سے سجے احاطے میں کیا گیا ہے۔ یہ جگہ دبئی کے مضافات میں واقع ہے جہاں کانفرنس کے موقع پر 70 ہزار سے زیادہ لوگ آ رہے ہیں۔ ان میں موسمیاتی تبدیلی پر مذاکرات اور دیگر مندوبین شامل ہیں جو کرہ ارض کے بہتر مستقبل کے لیے بات چیت کریں گے۔

موسمیاتی تبدیلی پر اقوام متحدہ کے فریم ورک کنونشن (یو این ایف سی سی سی) کے ایگزیکٹو سیکرٹری سائمن سٹیئل کاپ28 کانفرنس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے ہیں۔
COP28/Christopher Pike
موسمیاتی تبدیلی پر اقوام متحدہ کے فریم ورک کنونشن (یو این ایف سی سی سی) کے ایگزیکٹو سیکرٹری سائمن سٹیئل کاپ28 کانفرنس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے ہیں۔

تباہی اور مایوسی کا سال

کاپ 28 سے قبل شائع ہونے والی متعدد رپورٹوں سے ظاہر ہوتا ہے کہ دنیا موسمیاتی اہداف کے حصول کی راہ پر بری طرح بے سمت ہے۔ اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے پُرعزم اقدام کے بغیر رواں صدی کے آخر پر عالمی حدت میں اضافہ قبل از صنعتی دور کے مقابلے میں 3 ڈگری سیلسیئس تک بڑھ جائے گا۔

کانفرنس کی افتتاحی تقریب سے کچھ ہی دیر پہلے اقوام متحدہ کے موسمیاتی ادارے 'ڈبلیو ایم او' نے ایک رپورٹ جاری کی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ رواں سال موسمی شدت کے سابقہ ریکارڈ ٹوٹ گئے ہیں اور یہ اپنے پیچھے تباہی اور مایوسی چھوڑ کر جا رہا ہے۔ 

کانفرنس کے افتتاحی روز مندوبین سے بات کرتے ہوئے سائمن سٹیئل کا کہنا تھا کہ یہ انسانی تاریخ کا گرم ترین سال ہے۔ اس برس بہت سے موسمیاتی ریکارڈ ٹوٹے ہیں۔ دنیا اس کی قیمت لوگوں کی زندگیوں اور روزگار کی صورت میں چکا رہی ہے۔ سائنس بتاتی ہے کہ چھ سال کے بعد زمین گرین ہاؤس گیسوں سے نمٹنے کی صلاحیت کھو دے گی۔ 

انہوں نے ممالک سے کہا کہ وہ موسمیاتی تبدیلی کے خلاف مستقبل کے منصوبوں (این ڈی سی) پر عملدرآمد کریں۔ اس سلسلے میں مالیاتی وسائل کی فراہمی، موسمیاتی تبدیلی سے مطابقت پیدا کرنے اور اس کے اثرات کو محدود کرنے کے تمام اقدامات میں 1.5 ڈگری کے ہدف کو مدنطر رکھا جائے۔

پیرس معاہدے پر پیش رفت

اس کانفرنس میں پیرس معاہدے کے اہداف یا اس میں کیے گئے وعدوں پر عملدرآمد کے حوالے سے تازہ ترین پیش رفت کا جائزہ بھی لیا جانا ہے۔ ان میں گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج پر قابو پانا، موسمیاتی تبدیلی کے خلاف استحکامی اقدامات اور غریب ممالک کو اس بحران سے نمٹنے میں مدد دینے کے لیے مالی وسائل کی فراہمی خاص طور پر اہم ہیں۔ 

انہوں نے کہا کہ کاپ 28 میں مندوبین کو دو میں سے ایک راستہ منتخب کرنا ہو گا۔ پہلا یہ کہ انہیں یہ تسلیم کرنا ہو گا کہ اس مسئلے سے نمٹنے میں پیش رفت بہت سست ہے۔ اس کے ساتھ انہیں اس حوالے سے بہترین اقدامات پر اتفاق اور مستقبل میں مزید اقدامات اٹھانے کا عہد کرنا ہو گا۔

دوسرا راستہ یہ ہے کہ کانفرنس خود طے کرے کہ کب اس نے کرہ ارض پر ہر فرد کو محفوظ اور مضبوط بنانا ہے۔ اس کے علاوہ کانفرنس ہی نقصان اور تباہی ک فنڈ سمیت اس تبدیلی کو ممکن بنانے کے لیے مالی وسائل مہیا کرے اور توانائی کے نئے نظام کو اپنانے کی بابت فیصلہ کرے۔ 

موسمیاتی انصاف

انہوں نے خبردار کیا کہ اگر معدنی ایندھن کے استعمال کا مکمل خاتمہ نہ کیا گیا تو خود انسانیت کا خاتمہ ہو جائے گا کیونکہ اس کی قیمت لوگوں کی زندگی کی صورت میں چکانا ہو گی۔ اس کے علاوہ اگر قابل تجدید توانائی کی جانب مراجعت منصفانہ نہ ہوئی تو اس کا کوئی فائدہ نہیں ہو گا۔ اس کا مطلب ممالک کے اندر اور ان کے مابین موسمیاتی انصاف قائم کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ موسمیاتی وعدوں پر جواب طلبی یقینی بنانے پر بھی توجہ دے رہے ہیں۔ یہ اب تک کی سب سے بڑی کانفرنس ہے، تاہم محض کانفرنس میں شرکت سے مسئلہ حل نہیں ہو گا۔ شرکا کی گردن میں لٹکے کانفرنس کے بیج ان پر دبئی اور اپنے ملک میں موسمیاتی تبدیلی کے خلاف فوری اقدامات کی ذمہ داری عائد کرتے ہیں۔ 

جمعرات کو اس کانفرنس کا رسمی طور پر آغاز ہو رہا ہے اور کل اس میں 'موسمیاتی اقدامات' پر اجلاس منعقد ہونا ہے۔ اس اجلاس میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بھی شرکت کریں گے۔ اس موقع پر دنیا بھر کی حکومتوں کی نمائندگی کرنے والے رہنما بتائیں گے کہ وہ اس مسئلے پر قابو پانے کے لیے کون سے اقدامات اٹھا رہے ہیں۔