انسانی کہانیاں عالمی تناظر

غزہ میں کچھ بھی اور کوئی بھی محفوظ نہیں، ڈبلیو ایچ او چیف

سلامتی کونسل اجلاس کے شرکاء اسرائیل فلسطین بحران میں ہلاک ہونے والوں کے احترام میں خاموش کھڑے ہیں۔
UN Photo/Loey Felipe
سلامتی کونسل اجلاس کے شرکاء اسرائیل فلسطین بحران میں ہلاک ہونے والوں کے احترام میں خاموش کھڑے ہیں۔

غزہ میں کچھ بھی اور کوئی بھی محفوظ نہیں، ڈبلیو ایچ او چیف

امن اور سلامتی

اسرائیل۔فلسطین بحران پر بات چیت کے لیے سلامتی کونسل کا ایک اور اجلاس ہوا جس میں عالمی ادارہ صحت کے سربراہ کا کہنا تھا کہ غزہ میں کوئی کہیں بھی محفوظ نہیں ہے اور علاقے میں صحت کا نظام منہدم ہونے کو ہے۔

یہ اجلاس ایسے وقت ہوا ہے جب غزہ میں جاری جنگ کے خاتمے بارے میں اتفاق رائے کے لیے پس پردہ گفت و شنید جاری ہے۔

اس موقع پر ڈبلیو ایچ او کے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروز ایڈہانوم گیبریاسس نے کہا کہ  غزہ کے ہسپتالوں میں مریضوں کو بےہوش کیے بغیر ان کے آپریشن کیے جا رہے ہیں اور ہر دس منٹ کے بعد ایک بچے کی ہلاکت ہو جاتی ہے۔ طبی عملے کو 23 لاکھ لوگوں کی ضروریات پوری کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے اور اس تنازع کے آغاز سے اب تک غزہ میں طبی مراکز پر 250 اور اسرائیل میں 25 حملے ہو چکے ہیں۔

ڈبلیو ایچ او کے سربراہ ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروز ایڈہانوم گیبریاسس سلامتی کونسل کو غزہ کی صورتحال بارے آگاہ کر رہے ہیں۔
UN Photo/Eskinder Debebe
ڈبلیو ایچ او کے سربراہ ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروز ایڈہانوم گیبریاسس سلامتی کونسل کو غزہ کی صورتحال بارے آگاہ کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا  کہ انہیں حماس کے وحشیانہ حملوں  کے بعد اسرائیلی لوگوں کے غصے اور غم کا پوری طرح اندازہ ہے۔ اس کے ساتھ انہیں غزہ کے لوگوں کے غصے، غم اور خوف کا بھی احساس ہے جن کے خاندان، گھر، علاقے اور زندگی تباہ ہو چکے ہیں۔ 

7 اکتوبر سے اب تک غزہ میں اقوام متحدہ کے امدادی عملے کے 100 سے زیادہ ارکان ہلاک ہو چکے ہیں۔ علاقے میں نصف ہسپتال غیرفعال ہیں اور جو کام کر رہے ہیں ان پر مریضوں اور زخمیوں کا بہت بڑا بوجھ ہے۔

بہت ہو گیا: چین 

سلامتی کونسل میں چین کے سفیر ژانگ جن نے کہا کہ غزہ کی صورت حال انسانی بحران کے درجے سے کہیں زیادہ بگڑ چکی ہے۔ 

رواں ماہ کے لیے سلامتی کونسل کے صدر کی حیثیت سے متعلقہ فریقین کے ساتھ اپنی ملاقات کا تذکرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ اس معاملے میں موثر قدم اٹھانے کے لیے کونسل سے وابستہ ان کی توقعات سے متاثر ہوئے ہیں۔ ان تمام حالات میں دنیا کو متحد ہو کر کہنا ہو گا کہ 'بس، بہت ہو گیا' اب تشدد کا خاتمہ ہونا چاہیے۔ 

انہوں نے فریقین پر رسوخ رکھنے والے ممالک سے کہا کہ وہ اپنے اختلافات کو ایک جانب رکھ کر تشدد کا خاتمہ کریں اور جنگ بندی ہی غزہ کے لوگوں کے لیے بقا کی واحد امید ہے۔

چین کے سفیر ژانگ جن نے کہا کہ جنگ بندی ہی غزہ کے لوگوں کے لیے بقا کی واحد امید ہے۔
UN Photo/Eskinder Debebe
چین کے سفیر ژانگ جن نے کہا کہ جنگ بندی ہی غزہ کے لوگوں کے لیے بقا کی واحد امید ہے۔

غزہ میں کوئی علاقہ محفوظ نہیں: روس

اقوام متحدہ میں روس کے مستقل نمائندے ویزلے نیبنزیا نے کونسل سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امدادی اداروں کی جانب سے بتائے گئے ہولناک حالات اور موجودہ صورتحال تباہ کن ہیں اور شہری تنصیبات بڑے پیمانے پر تباہ ہو رہی ہیں۔ 

ان کا کہنا تھا کہ مغربی کنارے میں پیش آنے والے پُرتشدد واقعات پر بھی بات ہونی چاہیے جہاں لوگوں کو اجتماعی سزا دینے، ان کی ناجائز گرفتاریوں اور 148 فلسطینیوں کی اموات کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

روسی سفیر کا کہنا تھا کہ جنگ میں مختصر مدتی وقفوں کے بجائے فوری جنگ بندی ہی مزید انسانی نقصان سے بچنے اور امداد فراہم کرنے کا واحد راستہ ہے۔

انہوں نے علاقے میں غیرملکی افواج اور خاص طور پر امریکی فوج کی تعداد میں اضافے کو بھی مجموعی کشیدگی میں اضافے کا سبب قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ تنازع خطے بھر میں پھیلنے کے سنجیدہ خطرات ہیں۔

روسی سفیر ویزلے نیبنزیا نے کہا کہ مغربی کنارے میں پیش آنے والے پُرتشدد واقعات پر بھی بات ہونی چاہیے۔
UN Photo/Loey Felipe
روسی سفیر ویزلے نیبنزیا نے کہا کہ مغربی کنارے میں پیش آنے والے پُرتشدد واقعات پر بھی بات ہونی چاہیے۔

جنگ بندی کے وقفے پہلا قدم: برطانیہ

اقوام متحدہ میں برطانیہ کی مستقل نمائندہ باربرا وڈوارڈ نے کونسل سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رفح اور دیگر راستوں سے غزہ میں مزید امداد کی فراہمی لازمی اور ضروری ہے تاکہ وہاں انسانی ضروریات کو پورا کیا جا سکے۔ 

ان کا کہنا تھا کہ ایندھن سمیت امدادی سامان فراہم کرنے کے لیے جنگ میں وقفوں پر عمل ہونا چاہیے اور یرغمالیوں کو رہا کیا جانا چاہیے۔

برطانوی سفیر نے کہا کہ شمالی غزہ میں جنگ بندی کے وقفے تنازع کی شدت میں کمی لانے کے لیے پہلا قدم ہیں تاہم ایسی کوششوں میں امداد کی فراہمی کے لیے درکار وقت اور تحفظ کو بھی یقینی بنانا ضروری ہے۔

برطانیہ کی مستقل نمائندہ باربرا وڈوارڈ کا کہنا تھا کہ ایندھن سمیت امدادی سامان فراہم کرنے کے لیے جنگ میں وقفوں پر عمل ہونا چاہیے۔
UN Photo/Loey Felipe
برطانیہ کی مستقل نمائندہ باربرا وڈوارڈ کا کہنا تھا کہ ایندھن سمیت امدادی سامان فراہم کرنے کے لیے جنگ میں وقفوں پر عمل ہونا چاہیے۔

دو ریاستی حل، امن کا واحد راستہ: امریکہ

سلامتی کونسل میں امریکہ کے مستقل نائب نمائندے رابرٹ وڈ نے کہا کہ ان کے وفد کو دونوں فریقین کے حالات کا ادراک ہے اور ایک فریق کی تکالیف کا احساس کرنے سے دوسرے کی تکالیف کی نہ تو نفی کی جا سکتی ہے اور نہ ہی وہ کم ہو جاتی ہیں۔

خطے میں پائیدار امن کے لیے تنازع کے خاتمے کی ضرورت کو واضح کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ "مسئلے کا دو ریاستی حل ہی خطے میں امن کے حصول کا واحد راستہ ہے"۔ تمام فریقین اس مقصد کے لیے کام کرنے کا عزم رکھتے ہیں اور اب وقت آ گیا ہے کہ آگے بڑھا جائے اور اقوام متحدہ کی کوششوں میں مدد دی جائے۔

سلامتی کونسل میں امریکہ کے مستقل نائب نمائندے رابرٹ وڈ نے کہا کہ مسئلے کے حل میں اقوام متحدہ کی کوششوں میں مدد دی جائے۔
UN Photo/Loey Felipe
سلامتی کونسل میں امریکہ کے مستقل نائب نمائندے رابرٹ وڈ نے کہا کہ مسئلے کے حل میں اقوام متحدہ کی کوششوں میں مدد دی جائے۔

حماس وسیع پیمانے پر جنگی جرائم کی ذمہ دار: اسرائیل

اقوام متحدہ میں اسرائیل کے مستقل نمائندے گیلاد ایردان نے کہا کہ پانچ ہفتے پہلے اسرائیلیوں کا منظم طور سے قتل عام کیا گیا جس کا موازنہ نومبر 1938 میں نازیوں کے ہاتھوں کرسٹلینکٹ کے قتل عام سے کیا جا سکتا ہے۔ اس بریفنگ میں غزہ کے ہسپتالوں کی بات تو ہوئی لیکن چند ہی روز قبل حماس کی راکٹ باری میں اسرائیل کے ہسپتال کو براہ راست نشانہ بنانے کا کوئی تذکرہ نہیں کیا گیا۔ 

انہوں نے دعویٰ کیا کہ حماس کے جنگجو ایمبولینس گاڑیوں پر فائرنگ کرتے رہے ہیں تاکہ انہیں زخمیوں کی منتقلی سے روکا جا سکے۔ اسرائیل واضح طور پر آگاہ کر چکا ہے کہ حماس کا مرکزی ہیڈکوارٹر الشفا ہسپتال میں اور اس کے نیچے ہے جبکہ ایمبولینس گاڑیوں کو ہتھیار منتقل کرنے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔

اسرائیل کے سفیر نے اقوام متحدہ کے اعلیٰ حکام کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ حالات کے بارے میں سچائی سے کام نہیں لے رہے اور افسوسناک طور سے اقوام متحدہ کے حکام دروغ گوئی کر رہے ہیں اور جبکہ کی نظر حقائق پر نہیں ہے۔ 

گیلاد ایردان کا یہ بھی کہنا تھا کہ 'ڈبلیو ایچ او' کی بریفنگ کی بنیاد اقوام متحدہ کے اہلکاروں کے بجائے حماس سے حاصل ہونے والی معلومات پر ہے۔

اسرائیل کے مستقل نمائندے گیلاد ایردان نے دعویٰ کیا کہ حماس کے جنگجو ایمبولینس گاڑیوں پر فائرنگ کرتے رہے ہیں تاکہ انہیں زخمیوں کی منتقلی سے روکا جا سکے۔
UN Photo/Loey Felipe
اسرائیل کے مستقل نمائندے گیلاد ایردان نے دعویٰ کیا کہ حماس کے جنگجو ایمبولینس گاڑیوں پر فائرنگ کرتے رہے ہیں تاکہ انہیں زخمیوں کی منتقلی سے روکا جا سکے۔

قتل عام بند کیا جائے: فلسطین

اقوام متحدہ میں فلسطینی مشاہدہ کار ریاست کے مستقل نمائندے ریاض منصور نے کونسل سے اپیل کی کہ وہ غزہ میں قتل عام کو فوری طور پر روکے۔ 

انہوں نے کہا کہ ایک اور دن اس بات چیت پر ضائع نہ کیا جائے کہ کتنے درجن ٹرک غزہ میں آئیں گے۔ اس کے بجائے انہیں ہزاروں کی تعداد میں روزانہ آنے کی ضرورت ہے۔ امدادی اداروں کی آواز اور فلسطین کے لوگوں کی چیخوں کو سنا جائے اور بم باری بند ہونی چاہیے جبکہ اس میں تاخیر کی کوئی گنجائش نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ 'قاتل نے اپنے ارادے کبھی نہیں چھپائے۔ اس نے انتقام اور انسان نما جانوروں کی بات کی ہے اور کہا ہے کہ وہ خوفناک محاصرہ کرے گا۔ اس کا مطالبہ ہے کہ 200 یرغمالیوں کو رہا کیا جائے جبکہ اس دوران وہ خود 20 لاکھ سے زیادہ لوگوں کو یرغمال بنائے ہوئے ہے'۔

انہوں نے کہا کہ اگر قوانین وجود رکھتے ہیں تو پھر انہیں اسرائیل پر بھی لاگو ہونا چاہیے۔ اگر حقوق وجود رکھتے ہیں تو یہ فلسطینی لوگوں کو بھی ملنے چاہئیں۔ اس حوالے سے دہرے معیارات اور تخصیص نہیں ہونی چاہیے۔

اجلاس سے متحدہ عرب امارت کی سفیر لانا ذکی نوصیبا اور فلسطین ہلال احمر کے ڈائریکٹر جنرل مروان جیلانی نے بھی خطاب کیا۔

اقوام متحدہ میں فلسطینی ریاست کے مستقل نمائندے ریاض منصور نے کونسل سے اپیل کی کہ وہ غزہ میں قتل عام کو فوری طور پر روکے۔
UN Photo/Eskinder Debebe
اقوام متحدہ میں فلسطینی ریاست کے مستقل نمائندے ریاض منصور نے کونسل سے اپیل کی کہ وہ غزہ میں قتل عام کو فوری طور پر روکے۔