انسانی کہانیاں عالمی تناظر

موسمیاتی تبدیلی کے ’پاگل پن‘ کو روکیں، یو این چیف

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش نے نیپال کے ضلع سولکھمبو کے علاقے سیانگ بپوچے کا دورہ کیا۔
UN Photo/Narendra Shrestha
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش نے نیپال کے ضلع سولکھمبو کے علاقے سیانگ بپوچے کا دورہ کیا۔

موسمیاتی تبدیلی کے ’پاگل پن‘ کو روکیں، یو این چیف

موسم اور ماحول

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش نے دنیا پر زور دیا ہے کہ معدنی ایندھن پر انحصار ختم کر کے موسمیاتی تبدیلی کی صورت میں آتی تباہی کو روکا جائے۔

سیکرٹری جنرل کا کہنا ہے کہ موسمیاتی ابتری سے بچنے کے لیے عالمی حدت میں اضافے کو 1.5 ڈگری سیلسیئس کی حد تک رکھنے کے لیے فوری اقدامات شروع کرنا ہوں گے۔ دنیا اس کے لیے مزید انتظار کی متحمل نہیں ہو سکتی۔

Tweet URL

انہوں نے یہ بات نیپال کے چار روزہ دورے کے دوسرے دن دنیا کے بلند ترین پہاڑ ایورسٹ کے دامن میں کھڑے ہو کر کہی۔ 

نیپال 30 برس میں اپنے ہاں ایک تہائی برف کھو چکا ہے جہاں گزشتہ سال گلیشیئر اس سے پچھلے برس کے مقابلے  میں 65 فیصد زیادہ تیزی سے پگھلے ہیں۔ ہمالیہ کے علاقے ایورسٹ میں گلیشیئروں کےپگھلاؤ نے پورے کے پورے علاقوں کو معدومیت کے خطرے سے دوچار کر دیا ہے۔

ہمالیہ کو دنیا کی چھت بھی کہا جاتا ہے۔ سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ یہ چھت گرنے کو ہے اور ان کے یہاں آنے کا مقصد اس چھت پر کھڑے ہو کردنیا کو آنے والے وقت سے خبردار کرنا ہے۔ انہوں نے دنیا پر زور دیا کہ وہ موسمیاتی تبدیلی کی صورت میں رونما ہوتے پاگل پن کو روکے۔ 

گلیشیئروں کو معدومیت کا خطرہ

گلیشیئر برف کے ذخیرے ہیں جو ہمالیہ سے اربوں لوگوں کو تازہ پانی مہیا کرتے ہیں۔ جب یہ سکڑتے جائیں گے تو دریاؤں میں پانی کا بہاؤ بھی کم ہوتا جائے گا۔

ہمالیہ کی اونچائیوں پر موجود گلیشیئر اس خطے میں بڑے دریائی نظاموں کو پانی مہیا کرتے ہیں اور فصلوں، مویشیوں اور مقامی معیشتوں کو مستحکم رکھتے ہیں جو 1.8 بلین لوگوں کا مسکن ہے۔ انتونیو گوتیرش نے خبردار کیا کہ گلیشیئروں کے سرے سے خاتمے کا خطرہ پہلے سے کہیں بڑھ گیا ہے۔

سیکرٹری جنرل نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے نتیجے میں بڑھتی ہوئی عالمی حدت کے باعث صدیوں سے جمی گلیشیائی برف پہلے سے کہیں تیز رفتار سے پگھل رہی ہے۔ یہ حالات ہمالیہ سے ہی مخصوص نہیں بلکہ اںٹارکٹیکا اور گرین لینڈ میں بھی یہی صورتحال ہے۔

مستقبل میں سندھ، گنگا اور برہم پترا جیسے ہمالیہ کے بڑے دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں بڑے پیمانے پر کمی آ سکتی ہے اور خشکی کی جانب پلٹنے والا کھارا سمندری پانی ان دریاؤں کے کناروں پر واقع علاقوں کو تباہ کر دے گا۔ان حالات میں سمندر کے قریب رہنے والے علاقے اور لوگ ہمیشہ کے لیے صفحہ ہستی سے مٹ جائیں گے۔ 

انہوں نے موسمیاتی تبدیلی سے ہونے والی تباہی سے بری طرح متاثرہ لوگوں کو تحفظ دینے کے لیے معدنی ایندھن پر انحصار ختم کرنے کی ضرورت واضح کی اور دنیا سے کہا کہ اب اس پاگل پن کی مزید کوئی گنجائش نہیں رہی۔

ایورسٹ کے علاقے میں گلیشیئر تیزی سے پگھل رہے ہیں۔
UN Nepal/Narendra Shrestha
ایورسٹ کے علاقے میں گلیشیئر تیزی سے پگھل رہے ہیں۔

سیکرٹری جنرل کا دورہ نیپال

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نیپال کی حکومت کی دعوت پر ملک کے دورے پر ہیں۔

اتوار کو وزیراعظم پشپا کمار دہل کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انتونیو گوتیرش نے 7 اکتوبر کو اسرائیل پر حماس کے حملے میں ہلاک ہونے والے 10 نیپالی طلبہ کے اہلخانہ سے تعزیت کی۔ 

اس موقع پر انہوں نے غزہ میں شہریوں کو تحفظ دینے، جنگ بندی، اسرائیلی یرغمالیوں کی غیرمشروط رہائی اور غزہ کے لوگوں کی ضروریات کے مطابق امداد کی فراہمی کے مطالبے کا اعادہ بھی کیا۔