انسانی کہانیاں عالمی تناظر

پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کی رفتار بڑھانے کی ضرورت: گوتیرش

سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول پر کانفرنس کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کر رہے ہیں۔
UN Photo/Cia Pak
سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول پر کانفرنس کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کر رہے ہیں۔

پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کی رفتار بڑھانے کی ضرورت: گوتیرش

پائیدار ترقی کے اہداف

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش نے سول سوسائٹی سے کہا ہے کہ وہ پائیدار ترقی کے اہداف (ایس ڈی جی) کو قابل رسائی بنانے اور ہر فرد کے بہتر مستقبل کی خاطر جدوجہد میں مدد دینے کے لیے اپنی پُرجوش آوازوں اور توانا نیٹ ورک سے کام لے۔

دنیا بھر کے رہنما آئندہ ہفتے شروع ہونے والے جنرل اسمبلی کے اعلیٰ سطحی اجلاس میں شرکت کر رہے ہیں اور اس موقع پر ہفتے کو اقوام متحدہ کے مِڈ ٹاؤن ایسٹ کیمپس میں نوجوانوں کے گروہوں اور خواتین کی تنظیموں سے لے کر شہری منتظمین، سماجی کارکنوں اور کاروباری رہنماؤں تک بہت سے متحرک کرداروں کا اجلاس ہوا جس کا مقصد ایس ڈی جی کانفرنس سے قبل ان اہداف کے لیے حمایت کو بڑھانا تھا۔

Tweet URL

18 اور 19 ستمبر کو ہونے والی یہ کانفرنس ایسے موقع پر منعقد ہو رہی ہے جب ایس ڈی جی کے حصول کی مقررہ مدت میں نصف عرصہ گزر چکا ہے۔ دنیا نے پائیدار ترقی کے اہداف 2015 میں طے کیے تھے جنہیں 2030 تک حاصل کیا جانا ہے۔

اہداف اور بے سمتی 

موجودہ حالات کو دیکھا  جائے تو ان اہداف اور اقوام متحدہ کے رکن ممالک کی جانب 2030 کے ایجنڈے کی منظوری کے وقت کسی کو پسِ ماندہ نہ رہنے دینے کے وعدے کو سنگین مشکلات کا سامنا ہے۔ کچھ پیش رفت کے باجود گزشتہ برسوں میں تمام 17 اہداف سے متعلق اقدامات پر عملدرآمد میں وسیع پیمانے پر ناکامی کا مشاہدہ کیا گیا ہے جن کا مقصد غربت، بھوک اور صںفی عدم مساوات سے لے کر تعلیم اور ماحول دوست توانائی تک رسائی سمیت دنیا کو درپیش ہر مسئلے پر قابو پانا ہے۔ 

اہداف کے حصول میں سرکاری سطح پر دلچسپی کا فقدان، ارضی سیاسی اختلافات اور شاید سب سے بڑھ کر کورونا وائرس کی عالمگیر وبا جیسے مسائل کے باعث ایس ڈی جی کا حصول ممکن بنانے کے لیے عالمی منصوبہ بندی کی ضرورت ہے۔ 

سیکرٹری جنرل نے کہا کہ اس وقت صرف 15 فیصد اہداف پر پیش رفت درست سمت میں گامزن ہے جبکہ کئی ہدف ایسے ہیں جہاں ترقیء معکوس دیکھنے میں آئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سوموار کو ہونے والی ایس ڈی جی کانفرنس حکومتوں کے لیے اس پیش رفت کی رفتار بڑھانے کے لیے ٹھوس منصوبے اور تجاویز پیش کرنے کا موقع ہو گا۔ 

'خانہ پُری نہیں' 

تاہم انہوں ںے واضح کیا کہ ایس ڈی جی محض خانہ پُری کا معاملہ نہیں ہے۔ 

یہ لوگوں کی امیدوں، خوابوں، حقوق اور توقعات اور ہمارے قدرتی ماحول کی صحت کا معاملہ ہے۔ یہ تاریخی غلطیوں کو درست کرنے، عالمگیر تقسیم کو ختم کرنے اور ہماری دنیا کو پائیدار امن کی راہ پر ڈالنے کا معاملہ ہے۔ 

انہوں ںے کہا کہ سبھی کو ان اہداف کی تجدید کرنے اور لوگوں سمیت ہماری زمین کے لیے بہتر زندگی یقینی بنانے کے لیے آگے آنے کی ضرورت ہے۔ 

انتونیو گوتیرش نے شرکا میں موجود کارکنوں کی جرات اور عزم کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہیں علم ہے کہ ایس ڈی جی کے لیے عالمگیر جنگ میں انہوں نے اپنے تحفظ، آزادی حتیٰ کہ اپنی زندگی کو بھی خطرے میں ڈالا ہے۔ 

سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ وہ کارکنوں پر زور دیتے ہیں کہ وہ اپنا کام جاری رکھیں اور شرکا میں موجود کاروباری برادری کے لوگوں سے کہا کہ وہ اس حقیقت پر غور کریں کہ پائیدار ترقی سبھی کے لیے بہترین کاروباری منصوبہ ہے۔

مقامی حکمت عملی

انہوں نے کہا کہ وہ خواتین اور نوجوانوں سے کہتے ہیں کہ وہ اپنے معاشروں میں تبدیلی کے لیے آواز اٹھانا، اپنے حقوق کے لیے جدوجہد اور فیصلہ سازی کے ہر موقع پر اپنی آراء پیش کرنا جاری رکھیں۔ 

آخر میں انہوں نے کہا کہ وہ اجلاس میں موجود مقامی سطح کے حکام سے کہتے ہیں کہ ایس ڈی جی کا تحفظ نیویارک میں نہیں ہو گا بلکہ اہداف کو حاصل کرنے میں ان کے اپنے اپنے علاقوں میں کیے جانے والے کام سے مدد ملے گی۔ اسی لیے وہ اپنے لوگوں کی بات سنتے رہیں اور اپنی پالیسیوں اور سرمایہ کاری میں ان کی ضروریات اور خدشات کو مدنظر رکھیں۔