انسانی کہانیاں عالمی تناظر

عالمی امور پر بات کے لیے دنیا بھر سے رہنماء نیو یارک اکٹھے ہو رہے ہیں

گزشتہ سال سالانہ اجلاس کے موقع پر جنرل اسمبلی ہال میں پائیدار ترقی کے اہداف کے نشان آویزاں کیے گئے تھے۔
UN Photo/Manuel Elías
گزشتہ سال سالانہ اجلاس کے موقع پر جنرل اسمبلی ہال میں پائیدار ترقی کے اہداف کے نشان آویزاں کیے گئے تھے۔

عالمی امور پر بات کے لیے دنیا بھر سے رہنماء نیو یارک اکٹھے ہو رہے ہیں

اقوام متحدہ کے امور

رواں ماہ کے آخر میں دنیا کی توجہ ایک مرتبہ پھر نیویارک میں اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر پر ہو گی جہاں تمام 193 رکن ممالک کے صدور، بادشاہ، وزرائے اعظم اور سربراہان مملکت اس کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔

مِڈ ٹاؤن مین ہٹن میں اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر کے گرد سڑکیں بند ہوں گی، راستوں پر رکاوٹیں کھڑی کی جائیں گیاور سکیورٹی کو بڑھا کر اسے سخت کر دیا جائے گا۔ ادارے میں اعلیٰ سطحی اجلاسوں کے اس ہفتے میں عالمی رہنما دنیا کے حالات کا جائزہ لیں گے اور عالمگیر مسائل پر قابو پانے کے لیے اکٹھے ہوں گے۔ 

'یو این جی اے' کا 78واں اجلاس 6 ستمبر سے شروع ہو چکا ہے اور اس میں 18 ستمبر سے اہم اجلاسوں اور کانفرنسوں کے سلسلے کا آغاز ہو گا۔ اس موقع پر عمومی مباحثہ بھی ہونا ہے جہاں ہر رکن ملک کو عالمگیر پلیٹ فارم پر بین الاقوامی اہمیت کے مسائل پر بات کرنے کا موقع ملے گا۔ 

'یو این جی اے 78' میں کیا ہونا ہے: 

1۔ دنیا کے حالات کا جائزہ 

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریش 78ویں جنرل اسمبلی کے منتخب صدر ٹرنیڈاڈ اور ٹوبیگو سے تعلق رکھنے والے سفیر ڈینس فرانسس کے ساتھ۔
UN Photo/Eskinder Debebe
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریش 78ویں جنرل اسمبلی کے منتخب صدر ٹرنیڈاڈ اور ٹوبیگو سے تعلق رکھنے والے سفیر ڈینس فرانسس کے ساتھ۔

'یو این جی اے 78' کے صدر ڈینیس فرانسس کا تعلق ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوبیگو سے ہے جو 19 ستمبر کو سالانہ عمومی مباحثے کا افتتاح کریں گے جہاں عالمی رہنما اعتماد کی بحالی اور عالمگیر یکجہتی کو تازہ کرنے کے موضوع کے تحت پائیدار ترقی کے اہداف (ایس ڈی جی) پر پیش رفت کی رفتار بڑھانے پر تبادلہ خیال کریں گے۔ 

اقوام متحدہ کے تمام رکن ممالک اور مشاہدہ کاروں کو جنرل اسمبلی کے ہال میں تقریر کرنے کا حق ہے اور 25 ستمبر سے ان کے نمائندے امن، سلامتی اور پائیدار ترقی کو فروغ دینے کی راہ میں حائل کئی طرح کے باہم پیوسط عالمی مسائل کے حل پیش کریں گے اور ان کا کھوج لگائیں گے۔ 

1955 میں منعقدہ 'یو این جی اے 10' میں قائم ہونے والی روایت کے تحت سب سے پہلے برازیل کو بات کرنے کا موقع دیا جائے گا جس کے بعد اقوام متحدہ کے میزبان ملک کی حیثیت سے امریکہ کی باری ہو گی اور پھر اقوام متحدہ کے تمام ارکان اظہار خیال کریں گے۔ 

اجلاس کو براہ راست دیکھیے یا اقوام متحدہ کے اجلاسوں سے متعلق آن لائن تفصیلات ملاحظہ کیجیے جہاں ہمارے ساتھی انگریزی اور فرانسیسی زبان میں روزانہ ہونے والی کارروائی کا خلاصہ مہیا کریں گے۔ 

2۔ ایس ڈی جی کانفرنس 

نائیجریا کے ایک پرائمری سکول کی طالبات۔
© UNICEF/Mackenzie Knowles-Cour
نائیجریا کے ایک پرائمری سکول کی طالبات۔

'یو این جی اے 78' کے اعلیٰ سطحی ہفتے میں مرکزی اجلاس کی حیثیت سے ایس ڈی جی (پائیدار ترقی کے اہداف) کانفرنس سربراہان مملکت و حکومت کے لیے 2030 کے ایجنڈے پر عملدرآمد کے لیے سیاسی قیادت مہیا کرنے کا مرکزی پلیٹ فارم ہو گی۔ یہ ایجنڈا پائیدار ترقی کے تمام 17 اہداف کے حصول کے لیے ایک وسیع تر عالمگیر عملہ منصوبہ ہے۔ 

اعلیٰ سطحی ہفتے کے آغاز پر 18 اور 19 ستمبر کو شروع ہونے والی ایس ڈی جی کانفرنس کا مقصد ان اہداف کے حصول کی جانب پیش رفت کا نیا دور شروع کرنا ہے جو کہ سست پڑ چکی ہے اور اس کانفرنس کا اختتام مستقبل کے لیے ایک سیاسی اعلامیے کی منظوری سے ہو گا۔ 

2030 کا ایجنڈا ضمانت نہیں بلکہ ایک وعدہ ہے۔ یہ ایجںڈا 2015 میں پیش کیا گیا تھا اور اب نصف مدت گزر جانے کے بعد اس وعدے کی تکمیل شدید خطرے سے دوچار ہے۔ ترقیاتی پیش رفت کو موسمیاتی حادثات، جنگوں، معاشی گراوٹ اور کووڈ۔19 کے طویل مدتی اثرات جیسے باہم مربوط مسائل کا سامنا ہے۔ 

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش نے کہا ہے کہ ستمبر میں ہونے والی ایس ڈی جی کانفرنس پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کے لیے نئی طاقت پیدا کرنے اور اقدامات کو تیز کرنے کے لیے متحد ہونے کا موقع ہونی چاہیے۔ 

یہ دو روزہ اجلاس پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کی رفتار میں دوبارہ تیزی لانے کے لیے ممالک کی حوصلہ افزائی کا موقع ہو گا۔ اس کا مقصد 2030 تک اس مقصد کا حصول ممکن بنانے کے لیے اعلیٰ سطحی سیاسی رہنمائی مہیا کرنا، پیش رفت اور ابھرتے ہوئے مسائل کی نشاندہی اور مزید اقدامات شروع کرنا بھی ہے۔

3۔ موسمیاتی انصاف، ذمہ دار اور متاثرین 

موسمیاتی بحران پر ایکشن کے لیے رہنما کانفرنس کی مناسبت سے اقوام متحدہ کے صدر دفتر میں آویزاں مطالبات۔
UN News/Daniel Dickinson
موسمیاتی بحران پر ایکشن کے لیے رہنما کانفرنس کی مناسبت سے اقوام متحدہ کے صدر دفتر میں آویزاں مطالبات۔

20 ستمبر کو عالمی رہنما موسمیاتی عزائم سے متعلق کانفرنس میں اپنے الفاظ کو عملی جامہ پہنانے کے لیے اکٹھے ہوں گے۔ یہ بدترین صورت اختیار کرتے موسمیاتی بحران پر قابو پانے کے لیے وعدوں کو پورا کرنے کی جانب ایک سیاسی سنگ میل ہے۔ اس موقع پر اقدامات کی رفتار تیز کرنے کے لیے عزم، اعتماد اور عملدرآمد پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔

بڑا مسئلہ: دنیا کو گرین ہاؤس گیسیں پیدا کرنے والے معدنی ایندھن سے ماحول دوست توانائی کی جانب بہتر طور سے کیسے منتقل کیا جائے۔ 

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی اس حوالے سے ضروری اقدامات کی فہرست حکومتوں، کاروباروں اور مالیاتی رہنماؤں کے لیے درکار ٹھوس اقدامات کی نشاندہی کرتی ہے۔ یہ اقدامات موسمیاتی تبدیلی سے نمٹںے کی رفتار تیز کرنے کے ایجنڈے کا حصہ ہیں جو پانچ ایسے اہم اقدامات پر مشتمل ہے جو دنیا کو قابل تجدید توانائی کی جانب تیزرفتار منتقلی کے لیے بہرطور اٹھانے چاہئیں۔ 

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کا کہنا ہے کہ اب عزم اور عملی اقدامات کا وقت ہے اور وہ موسمیاتی عزائم سے متعلق اپنی کانفرنس میں پہلے ذمہ داروں اور متاثرین کا خیرمقدم کرنے کے متمنی ہیں۔ دنیا دیکھ رہی ہے اور زمین مزید انتظار نہیں کر سکتی۔ 

4۔ بعداز وبا روشن تر دنیا کی تشکیل 

پاکستان کے شہر لاہور میں ایک چار سالہ بچی کو پولیو ویکسین کے قطرے پلائے جا رہے ہیں۔
© UNICEF/Syed Mehdi Bokhari
پاکستان کے شہر لاہور میں ایک چار سالہ بچی کو پولیو ویکسین کے قطرے پلائے جا رہے ہیں۔

عالمی رہنما لوگوں اور کرہ ارض کی صحت میں بہتری لانے کے وسیع تر مقصد کو لے کر پائیدار معیشتوں کی تعمیر اور اس طرح مستقبل کی وباؤں سے نمٹنے کے لیے مستقبل کی بہترین راہ پر غورخوض کریں گے۔ 

محفوظ تر دنیا: 'یو این جی اے' کےصدر اور عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) وباؤں سے نمٹنے کی تیاری کے معاملے پر 20 ستمبر کو سربراہان مملکت و حکومت کے اجلاس کا انعقاد کریں گے۔ اس موقع پر عالمی رہنماؤں کی جانب سے ایک اعلامیے کی منظوری متوقع ہے جس کا مقصد قومی، علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر سیاسی ارادے کو متحرک کرنا ہے۔ اس بارے میں یہاں مزید جانیے۔ 

صحت سب کے لیے: 21 ستمبر کو عالمگیر صحت کے حوالے سے ایک اجلاس میں 2030 تک کرہ ارض پر ہر فرد کی طبی سہولت تک رسائی کی رفتار تیز کرنے کے لیے کووڈ۔19 سے حاصل ہونے والے اسباق اور شہادتوں پر مبنی سفارشات پر غور کیا جائے گا۔ اس بارے میں مزید جانیے۔

20 ستمبر کو ترقی کے لیے مالیاتی وسائل کی فراہمی کے بارے میں ایک اعلیٰ سطحی بات چیت کا انعقاد ہو گا جس میں 2015 کے ادیس ابابا ایکشن ایجنڈے پر عملدرآمد کے لیے سیاسی قیادت اور رہنمائی مہیا کی جائے گی۔ اقوام متحدہ کے اس فریم ورک کا مقصد ایس ڈی جی کے حصول کے لیے وسائل اکٹھے کرنا ہے۔ اس موقع پر پیش رفت اور نئے مسائل کی نشاندہی نیز مزید کامیابیاں ممکن بنانے کے طریقوں پر غوروخوض بھی متوقع ہے۔ اس بارے میں یہاں مزید جانیے۔ 

تپ دق کی وبا سے نمٹنے کے اقدامات: تپ دق پر قابو پانے کے لیے 21 ستمبر کو ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کا انعقاد ہو گا جس کا بنیادی مقصد 2018 کے سیاسی اعلامیے میں طے شدہ اہداف اور ایس ڈی جی کے حصول کے تناظر میں پیش رفت کا جائزہ لینا ہے۔ اس بارے میں یہاں مزید جانیے۔ 

5۔ مستقبل کی کانفرنس کی تیاری 

کووڈ۔19 وباء کے دوران جب تعلیم ادارے بند تھے تو ایسے میں انڈیا میں ایک ماں اپنی بیٹی کی آن لائن پڑھائی میں مدد کر رہی ہے۔
© UNICEF/Vinay Panjwani
کووڈ۔19 وباء کے دوران جب تعلیم ادارے بند تھے تو ایسے میں انڈیا میں ایک ماں اپنی بیٹی کی آن لائن پڑھائی میں مدد کر رہی ہے۔

21 ستمبر کو ایک وزارتی اجلاس میں مندوبین ستمبر 2024 میں ہونے والی مستقبل کی کانفرنس کی تیاری کا ابتدائی کام کریں گے۔ 

سیکرٹری جنرل دنیا کو مستقبل کے خدشات سے نمٹنے اور نئے مواقع کی تخلیق کے لیے تیار کرنے کی غرض سے ایک نئے عالمگیر سمجھوتے کا موقع بنانے کے خواہاں ہیں۔ 

وزرا اس بات پر تبادلہ خیال کریں گے کہ کیسے کثیرفریقی نظام ابھرتے ہوئے عالمگیر خطرات سے نمٹ سکتا ہے اور اس کے ساتھ وہ عالمگیر نظام میں تبدیلی و اصلاحات کے لیے ٹھوس اور پُرعزم تجاویز بھی پیش کریں گے۔ 

اس دوران رکن ممالک کی جانب سے عملی اقدامات پر مبنی 'مستقبل کے معاہدے' پر اتفاق رائے کی بھی توقع ہے۔