انسانی کہانیاں عالمی تناظر

پائیدار ترقی پر یو این کانفرنس دنیا کو کیسے بدلنا چاہتی ہے؟

زیمبیا کی ایک خاتون کسان اپنے سورج مُکھی کے کھیت میں کام کرتے ہوئے۔
© UNICEF/Karin Schermbrucker
زیمبیا کی ایک خاتون کسان اپنے سورج مُکھی کے کھیت میں کام کرتے ہوئے۔

پائیدار ترقی پر یو این کانفرنس دنیا کو کیسے بدلنا چاہتی ہے؟

پائیدار ترقی کے اہداف

پائیدار ترقی کے اہداف (ایس ڈی جی) کے بارے میں 18 اور 19 ستمبر کو ہونے والی کانفرنس نیویارک میں اقوام متحدہ کی حالیہ جنرل اسمبلی کے اعلیٰ سطحی ہفتے کا اہم ترین پروگرام ہو گا جس میں دنیا بھر کے رہنما شریک ہوں گے۔

دنیا کے تمام لوگوں کو ماحول دوست، صاف، محفوظ اور منصفانہ مستقبل ممکن بنانے کی راہ پر دوبارہ درست سمت میں گامزن کرنا اس کانفرنس کا ہدف ہے۔ 

ایس ڈی جی کانفرنس میں ایک دور رس سیاسی اعلامیے کی منظوری دی جانا ہے جس میں کسی کو پس ماندہ نہ چھوڑنے کے لیے 2030 کے ایجنڈے کی صورت میں مرکزی و انقلابی وعدے کی توثیق کی جائے گی۔

اس حوالے سے آپ کو پانچ باتوں سے آگاہ ہونا چاہیے: 

1۔ ایس ڈی جی کانفرنس کیوں اہم ہے؟ 

افغانستان میں دوہزار بائیس کے زلزلے سے متاثرہ افراد کے عارضی رہائشی کیمپ کی مقیم ایک بچی۔
© UNICEF/Sayed Bidell
افغانستان میں دوہزار بائیس کے زلزلے سے متاثرہ افراد کے عارضی رہائشی کیمپ کی مقیم ایک بچی۔

لوگوں اور کرہ ارض کو تحفظ دینے کی عالمگیر دوڑ 2015 میں شروع ہوئی جب پائیدار ترقی کے لیے 2030 کے تاریخی ایجنڈے اور اس میں پائیدار ترقی کے 17 اہداف (ایس ڈی جی) کی مںظوری دی گئی۔ یہ ایجنڈا اور اس کے اہداف لوگوں اور ماحول کو تحفظ دیتے ہوئے معاشی خوشحالی اور سماجی بہبود کی رفتار تیز کرنے کا خاکہ پیش کرتے ہیں۔ 

اس معاملے میں وقت کی خاص اہمیت ہے۔ 2030 کی حتمی مدت تک نصف وقت گزرنے کے بعد ایس ڈی جی کا حصول شدید مشکلات سے دوچار ہے۔ کووڈ۔19 وبا کے باعث پیش رفت جمود کا شکار ہے، موسمیاتی بحران شدت اختیار کر رہا ہے اور بھوک، صحت، حیاتیاتی تنوع، مضبوط اداروں، آلودگی اور پُرامن معاشروں سے متعلق اہداف کی جانب پیش رفت بے سمت ہو چکی ہے۔ 

ایس ڈی جی کانفرنس کا مقصد موجودہ راہ کو تبدیل کرنے کے طریقے ڈھونڈنا ہے۔ 

2۔ داؤ پر کیا ہے؟ 

کابل میں طالبان حکومت کی واپسی کے بعد لڑکیوں اور خواتین کی کھیل کود میں شرکت مشکل ہی نہیں بلکہ ناممکن ہو چکی ہے۔
UNAMA/Freshta Dunia
کابل میں طالبان حکومت کی واپسی کے بعد لڑکیوں اور خواتین کی کھیل کود میں شرکت مشکل ہی نہیں بلکہ ناممکن ہو چکی ہے۔

ایس ڈی جی کے تقریباً 140 اہداف میں سے صرف 15 فیصد پر ہی درست سمت میں کام ہو رہا ہے۔ تقریباً نصف اہداف متعدل یا شدید طور سے بے سمت ہیں اور تقریباً 30 فیصد پر یا تو سرے سے کوئی پیش رفت ہی نہیں ہوئی یا ان کی صورتحال 2015 سے بھی زیادہ بدترین ہو چکی ہے۔ 

مثال کے طور پر، موجودہ رفتار سے دیکھا جائے تو قانونی تحفظ کے معاملے میں صنفی فرق ختم کرنے اور امتیازی قوانین کے خاتمے (ہدف 5) میں 286 برس درکار ہوں گے۔ تعلیم کے حوالے سے عالمگیر صورتحال بھی اتنی ہی سنگین ہے۔ سالہا سال تک تعلیمی شعبے کو خاطرخواہ مالی وسائل کی عدم فراہمی اور تعلیمی نقصان کا مطلب یہ ہے کہ 2030 تک تقریباً 84 ملین بچے سکول جانے سے محروم ہوں گے اور سکول جانے والے 300 ملین بچے یا نوعمر افراد پڑھنے لکھنے (ہدف 4) کے قابل نہیں ہوں گے۔ 

دنیا بھر میں پائیدار ترقی کے اہداف پر پیش رفت کا فقدان ہے تاہم ترقی پذیر ممالک اور غریب ترین اور انتہائی بدحال لوگ دنیا کی اجتماعی ناکامی کے باعث سب سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں۔ 

موجودہ رحجانات کو دیکھا جائے تو 2030 میں 575 ملین لوگ بدستور شدید غربت کا شکار ہوں گے اور صرف ایک تہائی ممالک ہی اپنے ہاں غربت میں ںصف حد تک کمی لانے (ہدف 1) کے مقصد کو حاصل کر پائیں گے۔ 

3۔ حالیہ رحجانات کو پلٹنے کا منصوبہ کیا ہے؟ 

تھائی لینڈ میں نمدار زمین پر اگنے والے جنگلوں کی بحالی کی کوشش کی جا رہی ہے۔
© UNDP
تھائی لینڈ میں نمدار زمین پر اگنے والے جنگلوں کی بحالی کی کوشش کی جا رہی ہے۔

جیسا کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے انتونیو گوتیرش نے کہا ہے، اس حوالے سے کوئی متبادل منصوبہ نہیں ہے۔ 

اسی لیے دنیا کے رہنما ایس ڈی جی کانفرنس میں جمع ہو رہے ہیں۔ اس کا مقصد ترقی کی جانب عالمگیر تحرک کو نئی توانائی بخشنا ہے، ان کا اتفاق ہے کہ اب وقت آ گیا ہے کہ ممالک اور شراکت دار فوری طور پر ٹھوس نتائج حاصل کرنے کے لیے اپنے وعدوں کو عملی جامہ پہنائیں۔ 

اس میں تمام ممالک اور اہم فریقین، مقامی حکام، نجی شعبے، اداروں، فلاحی تنظیموں اور سول سوسائٹی پر اس مقصد کے لیے عملی اقدامات پر زور دینا بھی شامل ہے۔ 

4۔ ایس ڈی جی کانفرنس 2023 کا حتمی مقصد کیا ہے؟ 

ڈیجیٹل ٹیکنالوجی موریشس جیسے ملکوں کی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔
UNDP Mauritania
ڈیجیٹل ٹیکنالوجی موریشس جیسے ملکوں کی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔

اس کانفرنس میں شریک ہونے والے سربراہان مملکت و حکومت سے توقع رکھی جا رہی ہے کہ وہ ایک سیاسی اعلامیے کی مںظوری دیں گے۔ کانفرنس سے قبل ممالک نے پہلے ہی اس راہ میں درپیش مسائل اور آگے بڑھنے کےحوالے سے ایک اعلامیے کا مسودہ تیار کر رکھا ہے۔ 

اس مسودے میں کہا گیا ہے کہ "ایس ڈی جی کا حصول خطرات سے دوچار ہے اور 2030 کے ایجنڈے کے حصول کے لیے مقررہ مدت میں سے نصف وقت گزر جانے پر ہمیں تشویش ہے کہ ایس ڈی جی پر درست سمت میں پیش رفت کی شرح صرف 12 فیصد ہے اور 30 فیصد اہداف کے حوالے سے حالات میں کوئی تبدیلی نہیں آئی یا ان کی صورتحال 2015 کی سطح سے بھی زیادہ بگڑ چکی ہے۔ 

"تاہم، دنیا، اس کے لوگوں اور اقوام متحدہ کی مضبوطی اور مسائل پر قابو پانے کی تاریخ کو دیکھتے ہوئے ہمیں صورتحال میں بہتری آنے کی امید ہے۔" 

کانفرنس کے موقع پر رہنما پلاسٹک کی آلودگی کا خاتمہ کرنے سے لے کر ڈیجیٹل تقسیم پاٹنے اور مصنوعی ذہانت کے فوائد سے کام لینے سمیت بہت سے امور پر کوششیں بڑھانے کا عہد کریں گے۔ 

اعلامیے کے مسودے میں رہنماؤں نے کہا ہے کہ "ہمارے اقدامات ہماری دنیا کو متاثر کرتے بحرانوں کے حجم اور وسعت کے مطابق ہونے چاہئیں۔ یہ صورتحال دنیا سے کوششوں میں اضافہ کرنے اور 2030 تک پائیدار ترقی کے اہداف حاصل کرنے کے لیے بڑے اقدامات کا تقاضا کرتی ہے۔" 

5۔ آپ کیا کردار ادا کر سکتے ہیں؟ 

ایس ڈی جی کے تقریباً 140 اہداف میں سے صرف 12 فیصد پر ہی درست سمت میں کام ہو رہا ہے۔
United Nations
ایس ڈی جی کے تقریباً 140 اہداف میں سے صرف 12 فیصد پر ہی درست سمت میں کام ہو رہا ہے۔

کرہ ارض پر ہر انسانی تبدیلی اور ترقی کی رفتار تیز کرنے میں مدد دے سکتا ہے۔ 

16 اور 17 ستمبر کو نیویارک میں اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر میں ایس ڈی جی پر عملی اقدامات کے ہفتے کو فالو کیجیے جب شرکا اس موضوع پر تبادلہ خیال کریں گے کہ اس ضمن میں بہترین کام کیا ہو سکتا ہے اور نتائج حاصل کرنے کے لیے کیا کرنا ہو گا۔ 

18 تا 22 ستمبر ایس ڈی جی میڈیا زون کا وزٹ کیجیے اور تازہ ترین اجلاسوں کی روداد جانیے، ماہرین سے رابطہ کیجیے یا ایس ڈی جی کے لیے وکالت کرنے والوں سے ملیے جو پہلے ہی تبدیلی کے لیے کام کر رہے ہیں۔ 

سرکاری حیثیت میں کام کرنے والے لوگوں سے لے کر کارہائے نمایاں انجام دینے والے لوگوں تک ایس ڈی جی کے 'سرکل آف سپورٹرز' سے رابطے میں رہیے جو دنیا کی ضروریات کے لیے تعاون بڑھانے کی غرض سے اپنے لوگوں سے متحد ہونے کے لیے کہیں گے۔ 

سمندری تحفظ کے لیے لیزی پرسن کی رہنمائی سے چار سطحوں کے عملی اقدامات سے متعلق روزانہ کی بنیاد پر اہم معلومات لیجیے۔ 

ہر سال ستمبر میں ایس ڈی جی کے حوالے سے اقوام متحدہ کی مہم اور شراکت دار لاکھوں لوگوں کو عالمی ہفتے کے دوران #Act4SDGs کے لیے متحرک کرتے ہیں۔ ہدف: 2030 تک ایک بلین اقدامات۔ 2022 میں 142 ملین اقدامات کیے گئے اور یہ اب تک کا سب سے بڑا عالمی ہفتہ رہا۔ تبدیلی لانے کے لیے ہمارے عالمی نقشے پر اپنے اقدامات کو یہاں درج کیجیے۔