پائیدار ترقی کے اہداف کا نصف مدتی جائزہ لینے کا وقت
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اعلیٰ سطحی ہفتے کے آغاز پر ہونے والی ایس ڈی جی کانفرنس پائیدار ترقی کے فیصلہ کن اہداف کی تکمیل کے لیے مقررہ مدت کے نصف عرصہ میں منعقد ہو رہی ہے۔
اقوام متحدہ کی نائب سیکرٹری جنرل امینہ محمد نے کہا ہے کہ یہ ہماری دنیا اور اس کے ٹاؤن ہال اقوام متحدہ کے لیے یکجہتی کا موقع ہے۔
نصف مدت پر بات چیت
جنرل اسمبلی کے اعلیٰ سطحی اجلاس کے دوران ایس ڈی جی پویلین میں ان اہداف کے حصول کی راہ پر نصف وقت گزرنے کے بعد کی صورتحال پر بات چیت کا سلسلہ منعقد ہو گا۔
شراکتوں سے متعلق اقوام متحدہ کا دفتر 'پراجیکٹ ایوری ون' کے ساتھ کام کر رہا ہے۔ یہ ایک غیرمنفعی اطلاعاتی ادارہ ہے جو ایس ڈی جی کے وکیل اور سکرین رائٹر رچرڈ کرٹس کی معاونت میں قائم کیا گیا ہے اور اس کے لیے ایس ڈی جی پویلین کی تیاری میں معروف فنکار ایس ڈیولن کا اشتراک شامل ہے۔ یہ پویلین اجلاسوں کے انعقاد کے مخصوص مقام اور فن پاروں کی نمائش کے کام آئے گا۔
اس موقع پر تمام اجلاسوں کی کارروائی براہ راست اور آن ڈیمانڈ نشر کی جائے گی۔ ہر اجلاس کو براہ راست دیکھنے کے لیے لنک یہاں دستیاب ہے۔
کھیلوں مثال دی جائے تو دنیا مقابلے کا نصف وقت گزرنے کے بعد ایک گول سے ہار رہی ہے لیکن دوسرے ہاف کے دوران کھیل میں واپس آنے کا موقع ہمیشہ موجود رہتا ہے۔
ایس ڈی جی کے پویلین میں ہونے والے پروگرام شرکا کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں کہ وہ کرہ ارض کے لیے یہ اہم جیت یقینی بنانے کے بارے میں سوچیں۔
یہاں ان پروگراموں کی ایک جھلک پیش کی گئی ہے جن کی آپ آئندہ ہفتے توقع رکھ سکتے ہیں:
'دی ویمن رائز فار آل لانچ' اقوام متحدہ کی نائب سیکرٹری جنرل کی میزبانی میں ایک سالانہ اجلاس بن جائے گا جس میں ایس ڈی جی کے لیے خواتین کے قائدانہ کردار پر بات چیت ہو گی۔
اس اجلاس کے مقررین میں نائب سیکرٹری جنرل امینہ محمد، بِل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کی معاون چیئرپرسن میلنڈا گیٹس، جرمنی کی وزیر برائے معاشی تعاون و ترقی سوینجا شلز اور مصنف و اداکارہ للی سنگھ شامل ہیں۔
ہاف ٹائم
'دی ہاف ٹائم شو' اقوام متحدہ کے لیے ایس ڈی جی کے اہداف سے متعلق مسائل پر ایجنڈا طے کرنے کے لیے پلیٹ فارم مہیا کرے گا اور اس ہفتے کے دوران فیصلہ کن اور انقلاب آفریں اقدامات کے لیے حوصلہ افزائی کرے گا۔
تفریح اور موسیقی کی دنیا سے لے کر سربراہان ریاست اور کارکنوں کے اہم کردار کے ذریعے یہ پروگرام یقینی بنائے گا کہ میڈیا اور فیصلہ ساز اس موقع پر ہونے والی باتوں پر توجہ دیں اور اس کے ذریعے 'یو این جی اے 78' میں عملی اقدامات کی ترغیب دی جائے گی۔
پویلین میں آںے والے مقررین اور فنکاروں میں اداکار اور یونیسف کے خیرسگالی سفیر اورلینڈو بلوم اور دنیا کے معروف سیلو نواز اور اقوام متحدہ کے امن کے پیامبر یو یو ما اور ایس ڈی جی کے وکیل اور یونیسکو کے خیرسگالی سفیر اور معروف اداکار فوریسٹ وٹکر بھی شامل ہیں۔
موسمیاتی انصاف
پروگرام کے اس حصے میں موسمیاتی انصاف کے حوالے سے تفصیلی بات چیت ہو گی جس میں زندگیوں کو تحفظ دینے اور روزگار کو نقصان اور تباہی سے بچانے کے اہم اقدامات کے طور پر بروقت آگاہی کے نظام کا بندوبست کرنے پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
اس موقع پر گوگل کے استحکامی شعبے کی سربراہ کیٹ برینڈٹ، اقوام متحدہ میں نوجوانوں کے مشاورتی گروپ کے رکن یاوینک ہنری، ایس ڈی جی کے وکیل ہندو ابراہیم اور اقوام متحدہ میں انڈونیشیا کی مستقل نمائندہ اور ملک کے موسمیاتی ادارے کی ڈائریکٹر ویکوریتا کارناوتی خطاب کریں گی۔