انسانی کہانیاں عالمی تناظر

اقوام متحدہ کا سال 2024 کے لیے 3.59 ارب ڈالر کا بجٹ منظور

 نیو یارک میں اقوام متحدہ کا صدر دفتر۔
UN Photo/Manuel Elías
نیو یارک میں اقوام متحدہ کا صدر دفتر۔

اقوام متحدہ کا سال 2024 کے لیے 3.59 ارب ڈالر کا بجٹ منظور

اقوام متحدہ کے امور

جنرل اسمبلی نے 2024 کے لیے اقوام متحدہ کے 3.59 ارب ڈالر کے بجٹ کی منظوری دے دی ہے۔ اس میں قیام امن کے لیے ادارے کے فنڈ کو مالی وسائل مہیا کرنے کی غرض سے خصوصی اکاؤنٹ کا قیام بھی شامل ہے۔

قیام امن کی غرض سے کئی سال کے لیے قائم کیا جانے والا خصوصی اکاونٹ یکم جنوری 2025 سے فعال ہو گا۔ اس اکاؤنٹ کے ذریعے 'فنڈ برائے قیام امن' کے لیے مالی وسائل مہیا کیے جائیں گے۔ اسمبلی نے اس کے لیے ہر سال 50 ملین ڈالر فراہم کرنے کی بھی منظوری دی ہے۔ 

'فنڈ برائے قیام امن' تنازعات کی روک تھام اور قیام امن کی کوششوں کے لیے اقوام متحدہ کا سب سے بڑا مالیاتی ذریعہ ہے۔ اس سے قیام امن کے اہم مواقع کو کام میں لانے کے اقدامات میں مدد ملتی ہے۔ اس کا مطلب ترقی، امداد، انسانی حقوق اور قیام امن کو باہم مربوط کرنا ہے۔ 

جمعے کو 193 رکنی اسمبلی نے انسانی حقوق کونسل کے اقدامات کے لیے اضافی مالی وسائل کی مد میں تقریباً 50 ملین ڈالر فراہم کرنے کی بھی منظوری دی۔ یہ کونسل انسانی حقوق کے معاملات پر اقوام متحدہ کا بنیادی فورم ہے۔

سیکرٹری جنرل کی تجویز

اکتوبر میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش نے جنرل اسمبلی کو 3.3 ارب ڈالر کی بجٹ تجویز پیش کی تھی۔ انہوں نے اسمبلی کی مرکزی بجٹ کمیٹی کے ارکان پر واضح کیا تھا کہ دور حاضر میں اقوام متحدہ کا کردار پہلے سے کہیں زیادہ اہمیت اختیار کر گیا ہے۔ 

انہوں نے ادارے کے لیے مالی وسائل کی قلت پر خدشات کا اظہار کرتے ہوئے ممالک پر زور دیا کہ وہ اقوام متحدہ کو بروقت اور مکمل ادائیگیاں یقینی بنائیں۔ 

ابلاغ میں بہتری کا اقدام

جنرل اسمبلی نے اقوام متحدہ کے بین الحکومتی اجلاسوں کی عربی، چینی، روسی اور ہسپانوی زبانوں میں تفصیلات مہیا کرنے کے عمل کو بہتر بنانے کے لیے محدود دورانیے کے عہدے تخلیق کرنے کی منظوری بھی دی۔

یہ عہدے عمومی عبوری معاونت (جی ٹی اے) کی ذیل میں تخلیق کیے گئے ہیں جن میں چاروں زبانوں کے لیے مدیر، پریس افسر اور معاون شامل ہیں۔ 

'انرا' کے عملے کی ہلاکتوں کی مذمت 

جنرل اسمبلی نے ایک قرارداد میں فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے اقوام متحدہ کے امدادی ادارے (انرا) کے عملے کی ہلاکتوں کی مذمت کی۔ قرارداد میں غزہ کی پٹی میں دوران جنگ اقوام متحدہ کے جھنڈے والے عمارتوں پر کیے جانے والے حملوں پر بھی افسوس کا اظہار کیا گیا۔ 

ہفتے تک غزہ میں 'انرا' کے ہلاک ہونے والے امدادی کارکنوں کی تعداد 142 ہو چکی تھی جبکہ 7 اکتوبر سے اب تک اس کے 123 مراکز کو نقصان پہنچا ہے۔ عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) اور اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام (یو این ڈی پی) نے بھی اپنے عملے کی ہلاکتوں کی اطلاع دی ہے۔

جمعے کو 'یو این ڈی پی' کے عملے کے رکن عصام المغرابی اسرائیلی فضائی حملے میں اپنی اہلیہ، بچوں اور رشتہ داروں سمیت ہلاک ہو گئے تھے۔