انسانی کہانیاں عالمی تناظر

نیلسن منڈیلا جرات اور عزم کا پہاڑ تھے: انتونیو گوتیرش

نیلسن منڈیلا نے سمتبر 2004 میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کیا تھا۔
UN Photo
نیلسن منڈیلا نے سمتبر 2004 میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کیا تھا۔

نیلسن منڈیلا جرات اور عزم کا پہاڑ تھے: انتونیو گوتیرش

امن اور سلامتی

اقوام متحدہ کے سربراہ انتونیو گوتیرش نے نیلسن مینڈیلا کی یاد میں ہر سال منائے جانے والے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ رہنما کی حیثیت سے ان کی شخصیت بے پایاں کامیابی اور غیرمعمولی انسانیت سے عبارت تھی۔

انہوں نے منڈیلا کو اِس دور کا عظیم فرد قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی میراث کی بہتر قدر عملی اقدامات کے ذریعے ہی کی جا سکتی ہے جو کہ نسل پرستی، تفریق اور نفرت کے خاتمے کی جدوجہد ہے۔

Tweet URL

انتونیو گوتیرش نے مزید کہا کہ منڈیلا نے نوآبادیاتی میراث کے خاتمے، مساوات، انسانی حقوق اور سب سے بڑھ کر دنیا میں انصاف کے فروغ کے لیے بھرپور کام کیا۔ ’آج غربت، بھوک اور عدم مساوات عروج پر ہے۔ کئی ممالک قرض کی دلدل میں پھنس رہے ہیں۔موسمیاتی بحران ان لوگوں کی زندگیوں کو تباہ کر رہا ہے جن کا اسے پیدا کرنے میں بہت کم کردار ہے۔‘

متروک عالمی مالیاتی نظام

 اقوام متحدہ کے سربراہ نے اپنے پیغام میں کہا کہ موجودہ غیرمنصفانہ اور متروک عالمی مالیاتی نظام عالمگیر معاشی تحفظ میں مدد دینے کے مقصد کو پورا نہیں کر رہا جبکہ ان تمام مسائل کو حل کرنا ہمارے اختیار میں ہے۔

انہوں نے کہا کہ نیلسن منڈیلا کی زندگی اور میراث کو یاد کرتے ہوئے انسانیت، وقار اور انصاف کے لیے ان کے جذبے کو آگے لے کر چلنا چاہیے۔ ’آئیے ہر جگہ خواتین اور لڑکیوں، نوجوانوں اور تبدیلی لانے والوں کا ساتھ دیں۔آئیے بہتر دنیا کی تعمیر کے لیے عملی قدم اٹھائیں۔‘