انسانی کہانیاں عالمی تناظر

یو این امن فوج کا عالمی دن: 75 سالہ خدمات و قربانیوں کا اعتراف

جنوبی سوڈان میں تعینات امن فوج کی انڈیا، منگولیا، اور نمیبیا سے تعلق رکھنے والی ارکان۔
© UNMISS/Gregorio Cunha
جنوبی سوڈان میں تعینات امن فوج کی انڈیا، منگولیا، اور نمیبیا سے تعلق رکھنے والی ارکان۔

یو این امن فوج کا عالمی دن: 75 سالہ خدمات و قربانیوں کا اعتراف

امن اور سلامتی

1948 سے اب تک دو ملین سے زیادہ فوجی و غیرفوجی اہلکار دنیا بھر میں اقوام متحدہ کی امن کارروائیوں میں خدمات انجام دے چکے ہیں۔ سوموار کو منائے جانے والے 'اقوام متحدہ کے امن اہلکاروں کے عالمی دن' پر ان کے کردار کو اجاگر کیا جا رہا ہے۔

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش نے اس دن پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ "اقوام متحدہ کے امن اہلکار مزید پُرامن دنیا کے لئے ہمارے عزم کا اہم ترین حصہ ہیں۔"

Tweet URL

انہوں نے ان مردوخواتین کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کے لئے کہا جو ممالک کو جنگ سے امن کی جانب مراجعت میں مدد دیتے ہیں۔

امید اور امداد

انہوں نے کہا کہ "ان مہلک تنازعات سے جنم لینے والی ابتری میں پھنسے شہریوں کی حفاظت کے لئے بھی ان کا کردار اہم ہے جو بعض انتہائی خطرناک حالات میں لوگوں کو امید اور امداد مہیا کر رہے ہیں۔"

انتونیو گوتیرش نے بتایا کہ ان میں بہت سے اہلکاروں نے اس کی انتہائی قیمت چکائی ہے اور اب تک 4,200 سے زیادہ امن اہلکار اقوام متحدہ کے جھنڈے تلے خدمات انجام دیتے ہوئے اپنی جان دے چکے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ "ہمیں ان کے خاندانوں، دوستوں اور ساتھیوں سے ہمدردی ہے، ہم ان سے یکجہتی کرتے ہیں اور امن کے لئے ان کی بے لوث لگن ہمارے لئے ہمیشہ باعث تحریک رہے گی۔"

مدد اور اعتراف

اس وقت 125 ممالک سے تعلق رکھنے والے 87,000 سے زیادہ امن اہلکار یورپ، افریقہ، ایشیا اور مشرق وسطیٰ میں اقوام متحدہ کی 12 امن کارروائیوں میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔

سیکرٹری جنرل نے کہا کہ "انہیں بڑھتے ہوئے عالمی تناؤ اور تقسیم، جامد امن عمل اور پہلے سے کہیں زیادہ پیچیدہ تنازعات کا سامنا ہے۔

تاہم ان رکاوٹوں کے باوجود یہ امن اہلکار اپنے وسیع تر شراکت داروں کےساتھ کام کرتے ہوئے ثابت قدم ہیں۔

تنازعات کی زد میں رہنے والے لوگوں کے لئے بلیو ہیلمٹس کی ہماری ٹیمیں امید کی نمائندگی کرتی ہیں۔ امن اہلکار انسانیت کی مدد کر رہے ہیں۔ اس لئے آئیے ہمیشہ ان کی مدد اور ان کی خدمات کا اعتراف کریں۔"

"امن کا آغاز مجھ سے"

اقوام متحدہ کے امن اہلکاروں کا عالمی دن ہر سال 29 مئی کو منایا جاتا ہے۔ یہ تاریخ 2002 میں اس روز اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں منظور ہونے والی ایک قرارداد کی مطابقت سے رکھی گئی ہے۔

1948 میں اسی تاریخ کو اقوام متحدہ کے جنگ بندی کی نگرانی کرنے والے ادارے (یو این ٹی ایس او) کا مشن فلسطین بھیجا گیا تھا۔

"امن کا آغاز مجھ سے" اقوام متحدہ کی امن کارروائیوں کے 75 سال کی مناسبت سے رواں برس منعقد کی جانے والی خصوصی سرگرمیوں کا بنیادی موضوع ہے۔ اس میں حال اور ماضی کے بلیو ہیلمٹس کی خدمات اور قربانیوں کا اعتراف کیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ یہ ان لوگوں کی مضبوطی کو بھی خراج تحسین پیش کرتا ہے جن کے لئے یہ اہلکار کام کرتے ہیں اور جو بہت سی رکاوٹوں کے باجود امن کے لئے جدوجہد کر رہے ہیں۔

اس دن کے حوالے سے سالانہ تقریب جمعرات کو نیویارک میں اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر میں منعقد ہوئی تھی جس میں سیکرٹری جنرل نے بتایا تھا کہ "امن اہلکاروں کی بڑی تعداد ایسی جگہوں پر کام کر رہی ہے جو انتہائی درجے کی بدامنی کا شکار ہیں۔"

اس سے اگلے روز شہر نے ٹائم سکوائر میں ایک متعامل فنی تنصیب کی میزبانی کی جس میں امن اہلکار اور ان کی جائے کار پر مقامی لوگوں اور اثرورسوخ کی حامل شخصیات سمیت امن کے قیام اور اسے برقرار رکھنے کے لئے متحد ہو کر کام کرنے والے لوگ شامل ہیں۔