انسانی کہانیاں عالمی تناظر

قیام امن کے لیے جانیں قربان کرنے والوں کو گوتیرش کا خراج عقیدت

یو این ہیڈکوارٹرز، نیو یارک: سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش امن دستوں میں خدمات سرانجام دیتے ہوئے جان کی بازی ہارنے والے اہلکاروں کی یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھانے کی تقریب میں شریک ہیں۔
UN Photo/Mark Garten
یو این ہیڈکوارٹرز، نیو یارک: سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش امن دستوں میں خدمات سرانجام دیتے ہوئے جان کی بازی ہارنے والے اہلکاروں کی یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھانے کی تقریب میں شریک ہیں۔

قیام امن کے لیے جانیں قربان کرنے والوں کو گوتیرش کا خراج عقیدت

امن اور سلامتی

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش نے ان تمام امن اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا ہے جنہوں نے اقوام متحدہ کے پرچم تلے فرائض انجام دیتے ہوئے اپنی جان قربان کر دی۔

اقوام متحدہ کے امن اہلکاروں کے عالمی دن پر انتونیو گوتیرش نے ادارے کے ہیڈکوارٹر میں 4,300 افراد کی یادگار پر پھول چڑھائے جو گزشتہ 80 برس کے دوران دنیا بھر میں قیام امن کی کارروائیوں میں اپنی جان دے چکے ہیں۔

Tweet URL

دنیا بھر میں اقوام متحدہ کی جانب سے کام کرنے والے امن اہلکاروں کو 'بلیو ہیلمٹس' بھی کہا جاتا ہے اور ان کا عالمی دن ہر سال 29 مئی کو منایا جاتا ہے۔ 

اقوام متحدہ کی تولیتی کونسل کے چیمبر میں سیکرٹری جنرل نے فوج پولیس اور سویلین  انتظامیہ سے تعلق رکھنے والے اہلکاروں کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی۔

اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ ان بلیو ہیلمٹس کی یاد تنازعات کی المناک انسانی قیمت کی یاد دہانی کراتی ہے۔ ان میں سے ہر جان کا نقصان تشدد کو روکنے، انتہائی کمزور لوگوں کو تحفظ دینے اور ان مہلک تنازعات کو ختم کرنے کے لیے کوئی کسر اٹھا نہ رکھنے کی فوری ضرورت کو واضح کرتا ہے۔

یادگار قربانیاں

گزشتہ برس 33 ممالک سے تعلق رکھنے والے 61 امن اہلکار اپنے فرائض انجام دیتے ہوئے ہلاک ہوئے۔ ان کے خاندانوں کو ڈگ ہیمرشولڈ میڈل دیے گئے جو اقوام متحدہ کے دوسرے سیکرٹری جنرل کے نام سے منسوب ہے جو ستمبر 1961 میں موجودہ زیمبیا کے علاقے میں ہوائی جہاز کے حادثے میں ہلاک ہو گئے تھے۔

انتونیو گوتیرش نے کہا کہ اقوام متحدہ ہلاک ہونے والے امن اہلکاروں کے خاندانوں اور دوستوں سے دلی ہمدردی رکھتا ہے اور ان لوگوں کو کبھی بھلایا نہیں جائے گا۔ 

ان کا کہنا تھا کہ دنیا ایک مشکل اور خطرناک دور سے گزر رہی ہے جب بین الاقوامی برادری میں گہری تقسیم پائی جاتی ہے اور اقوام متحدہ کے امن اہلکاروں کی اہمیت پہلے سے کہیں بڑھ گئی ہے۔ 

امن اہلکاروں کے لیے تعاون

اس وقت دنیا بھر میں 121 ممالک سے تعلق رکھنے والے 76 ہزار سے زیادہ مردوخواتین اہلکار 11 امن کارروائیوں میں فرائض انجام دے رہے ہیں۔ سیکرٹری جنرل نے کہا کہ انہیں عام طور پر ایسے علاقوں میں کام کرنا پڑتا ہے جہاں امن نام کی کوئی چیز نہیں ہوتی۔

مسلح گروہوں کی جانب سے براہ راست حملوں، کام کے کڑے ماحول اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت سمیت جنگ کے نئے ہتھیاروں کی موجودگی میں بھی امن اہلکار اپنا کام کر رہے ہیں اور ان کی مدد جاری رکھنا ہو گی۔

جینڈر ایڈووکیٹ ایوارڈ

انتونیو گوتریش نے انڈیا سے تعلق رکھنے والے امن اہلکار میجر رادھیکا سین کو 2023 کا یو این ملٹری جینڈر ایڈووکیٹ آف دی ایئر ایوارڈ بھی دیا۔ 

میجر رادھیکا جمہوریہ کانگو میں تعینات اقوام متحدہ کے امن مشن 'مونوسکو' کی جانب سے ملک مشرقی علاقے میں انڈین پلاٹون کی قیادت کر رہی ہیں۔

میجر رادھیکا سین نے ایسے وقت میں بے شمار کارروائیوں میں اپنی پلاٹون کی قیادت کی جب صوبہ شمالی کیوو میں لڑائی عروج پر تھی۔ انہوں نے علاقے میں مقامی لوگوں کے نیٹ ورک قائم کرنے اور خواتین کو اقوام متحدہ کے مشن کے حوالے سے اپنے تصورات اور خدشات کا تبادلہ کرنے کے لیے محفوظ ماحول مہیا کرنے میں مدد دی۔ 

سیکرٹری جنرل نے انہیں ایک حقیقی رہنما اور مثالی نمونہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی خدمات بحیثیت مجموعی اقوام متحدہ کے لیے حقیقی معنوں میں باعث فخر ہیں۔