یونیسکو کی طرف سے فنکاروں کے تحفظ کا مطالبہ
فن اور ثقافت کے عالمی سربراہی اجلاس کے موقع پر یونیسکو نے ایک رپورٹ شائع کی ہے جس میں رکن ممالک سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ فنکاروں اور ثقافتی شعبہ میں کام کرنے والے دوسرے افراد کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔
رپورٹ ’تخلیقی آوازوں کی حفاظت‘ خاص طور پر ایسے فنکاروں کے تحفظ اور ہنگامی امداد کی پالیسیوں کی سفارش کرتی ہے جن کی زندگیوں کو خطرہ لاحق ہے۔
یونیسکو نے فنکارانہ آزادی کی حمایت کے لیے ایک ملین امریکی ڈالر کے فنڈ کے قیام کا اعلان بھی کیا ہے۔ پچیس سے زیادہ ممالک میں فنکارانہ آزادی کے مختلف منصوبوں کی اس فنڈ کے تحت مالی اعانت کی جائے گی۔
یونیسکو کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مسلح تنازعات، سیاسی عدم استحکام، اور قدرتی آفات جیسے ہنگامی حالات فنی آزادی اور فنکاروں کو پہلے سے موجود خطرات میں اضافے کا سبب بنتے ہیں۔
خطرات
فنکاروں کو درپیش مسائل میں آن لائن اور آف لائن ہراسانی، ذرائع آمدنی میں بے تحاشہ کمی، مقدمات، تشدد، اور سنسرشپ نمایاں ہیں۔
رپورٹ میں سفارش کی گئی ہے کہ بین الاقوامی برادری ہنگامی حالات کی صورت میں فنکارانہ آزادی کے تحفظ اور فروغ کے لیے موزوں حکمت عملی وضع کرے جس میں فنکاروں کے جان و مال کے تحفظ اور مالی مدد کو یقینی بنایا جائے۔
اس حوالے سے یونیسکو نے عراق، یوکرین، اور یمن میں اپنے تجربات سے فائدہ اٹھانے کا مشورہ دیا ہے۔ یونیسکو نے ان جنگ زدہ ممالک میں صحافت اور تخلیقی آزادی کو ممکن بنانے کے لیے ایک ایکشن پلان ترتیب دیا تھا۔
کمزور طبقہ
یونیسکو فنکاروں کو معاشرے کے ایک کمزور طبقے کے طور پر لیتا ہے اور ان کے ساتھ ساتھ ثقافتی مقامات اور فن پاروں کے تحفظ پر زور دیتا ہے۔ یونیسکو کی رپورٹ میں فنکاروں کے آئینی و قانونی حقوق کے تحفظ کے لیے وکلاء کی اس حوالے سے صلاحیت میں اضافے پر کام کرنے کی تجویز بھی دی گئی ہے۔
رپورٹ میں ہنگامی حالات کی صورت میں فنکاروں کے بحفاظت انخلاء، محفوظ عارضی ٹھکانوں، اور ویزوں کے فوری اجراء کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا گیا ہے۔
یونیسکو کنونشن
یونیسکو کی 2022 کی عالمی رپورٹ کے مطابق ثقافتی و فنکارانہ اظہار کے تنوع کے 2005 کے کنونشن پر دستخط کرنے والے 152 ممالک میں سے صرف 27 فیصد نے فنکاروں کے تحفظ کے لیے اقدامات اٹھائے ہیں۔
تاہم اس کنونشن کے نصف سے زیادہ فریقین (53%) نے ایسے آزاد اداروں کا قیام عمل میں لایا ہے جو فنکارانہ آزادی کی خلاف ورزیوں اور پابندیوں کے بارے میں شکایات وصول کرتے ہیں۔
فری میوز کی رپورٹ کے مطابق 2021 میں دنیا بھر میں فنکارانہ آزادی کی 1,200 سے زیادہ خلاف ورزیاں ریکارڈ کی گئیں، اطلاعات کے مطابق 12 ممالک میں 39 فنکاروں کو ہلاک کیا گیا، اور 24 ممالک میں 119 فنکاروں کو قید کیا گیا۔