انسانی کہانیاں عالمی تناظر

تمام بچوں اور سیاسی قیدیوں کو رہا کرو: میانمار پر خصوصی نمائندہ

ایک بچی میانمار میں بے گھر افراد کے کیمپ میں اپنی جھونپڑی کے باہر کھڑی ہے۔
© UNICEF/Minzayar Oo
ایک بچی میانمار میں بے گھر افراد کے کیمپ میں اپنی جھونپڑی کے باہر کھڑی ہے۔

تمام بچوں اور سیاسی قیدیوں کو رہا کرو: میانمار پر خصوصی نمائندہ

مہاجرین اور پناہ گزین

میانمار کے لیے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی خصوصی نمائندہ نوئلین ہائزر نے میانمار میں قیدیوں کی اجتماعی رہائی کے اعلان کو حوصلہ افزا قرار دیتے ہوئے صدر وِن مینٹ اور سٹیٹ کونسلر آنگ سان سو کی سمیت ان تمام قیدیوں کی فوری رہائی کے لیے سیکرٹری جنرل کے مطالبے کااعادہ کیا ہے جو بدستور ناجائز حراست میں ہیں۔

خصوصی نمائندہ ہائزر نے میانمار میں دیگر مقامات پر قید کاٹنے والے تمام بچوں اور سیاسی قیدیوں کی رہائی کے لیے زور دیا ہے۔ انہوں نے یہ مطالبہ اگست میں نے پی ٹا میں اپنے مشن کے دوران کیا۔ اس کے ساتھ انہوں نے آسٹریلیا کے ماہر معاشیات شوآن ٹرنیل کو رہا کرنے کی درخواست بھی کی جنہیں حالیہ اجتماعی رہائی کے دوران آزادی ملی ہے۔

خصوصی نمائندہ نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اور جنرل اسمبلی سمیت ہر جگہ رکن ممالک کی جانب سے سامنے آنے والی مسلسل حمایت کو سراہا جس کی بدولت حزب اختلاف کے کارکنوں سمیت تمام سیاسی قیدیوں کی فوری رہائی اور ناجائز حراستوں، گرفتاریوں اور سیاسی بنیاد پر سزاؤں، سزا سنائے جانے اور پھانسیاں دیے جانے کی مذمت کے مطالبات کو تقویت ملی۔