انسانی کہانیاں عالمی تناظر

روہنگیا پناہ گزینوں کی کشتی بحفاظت ساحل پہنچانے پر سری لنکا کی ستائش

اطلاعات کے مطابق 18 دسمبر کو قریباً 105 روہنگیا پناہ گزین سری لنکا کے شمالی علاقے سے قریب سمندر میں ایک کشتی پر بے یارومددگار موجود تھے (فائل فوٹو)۔
© UNHCR/Christophe Archambault
اطلاعات کے مطابق 18 دسمبر کو قریباً 105 روہنگیا پناہ گزین سری لنکا کے شمالی علاقے سے قریب سمندر میں ایک کشتی پر بے یارومددگار موجود تھے (فائل فوٹو)۔

روہنگیا پناہ گزینوں کی کشتی بحفاظت ساحل پہنچانے پر سری لنکا کی ستائش

مہاجرین اور پناہ گزین

پناہ گزینوں سے متعلق اقوام متحدہ کے ادارے 'یو این ایچ سی آر' نے ایک مصیبت زدہ کشتی میں سوار روہنگیا پناہ گزینوں کو بچانے اور انہیں بحفاظت ساحل پر لانے کے لیے سری لنکا کے مقامی مچھیروں اور بحری فوج کے فوری اقدامات پر ان کی ستائش کی ہے۔

اطلاعات کے مطابق 18 دسمبر کو قریباً 105 روہنگیا پناہ گزین سری لنکا کے شمالی علاقے سے قریب سمندر میں ایک کشتی پر بے یارومددگار موجود تھے جب چند مچھیروں نے اسے دیکھ لیا۔ اس موقع پر سری لنکا کی بحریہ نے فوری اقدام کرتے ہوئے ان لوگوں کو کشتی سے اتار کر ان کی جان بچا لی۔

انسانی جذبہ

ایشیا اور الکاہل کے لیے یو این ایچ سی آر کی ڈائریکٹر اندریکا رَٹوٹ نے کہا ہے کہ ''ہم سری لنکا کی بحریہ اور جانیں بچانے میں مدد دینے والے تمام لوگوں کےمشکور ہیں۔ یہ انسانی جذبے کی ایک مثال ہے جس کی خطے میں تمام ممالک کو سمندر میں جانوں کے المناک نقصان کو روکنے کے لیے فوری طور پر اور تیزتر اقدامات کے لیے پیروی کرنی چاہیے۔

یو این ایچ سی آر کشتی سے اتارے جانے والے ان لوگوں کی فوری ضروریات پوری کرنے کے لیے سری لنکا کے حکام کو مدد فراہم کر رہا ہے۔

جانیں بچایئں

یو این ایچ سی آر نے تمام ذمہ دار ممالک سے اپنی یہ اپیل دہرائی ہے کہ وہ کشتیوں میں مصیبت زدہ اور بے آسرا لوگوں کی جان بچائیں اور اپنی قانونی ذمہ داریوں اور انسانیت کی روایات کے تحت انہیں محفوظ طریقے سے اپنے ملک میں اترنے کی اجازت دیں۔

ادارے نے انڈیمان اور نکوبار جزائر کے قریب خلیج بنگال میں بے یارومدد گار بھٹکتی ایک اور کشتی کے بارے میں اطلاعات پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق 2022 میں سمندر میں قریباً 161 پناہ گزین ہلاک ہو چکے ہیں یا لاپتہ ہیں۔ زندگیاں بچانے اور مزید اموات کو روکنے کے لیے فوری اقدامات کرنا ضروری ہیں۔