فلسطین: یو این اداروں سے عالمی عدالت کی رائے پر عملدرآمد کرانے کا مطالبہ
مقبوضہ فلسطینی علاقوں کے بارے میں اقوام متحدہ کے غیرجانبدارانہ بین الاقوامی تحقیقاتی کمیشن نے عالمی عدالت انصاف (آئی سی جے) کی جانب سے فلسطینی علاقے پر اسرائیلی قبضے کو غیرقانونی قرار دینے کا خیرمقدم کیا ہے۔
کمیشن کی سربراہ نوی پلے نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کی درخواست پر عدالت نے واضح اور غیر مبہم رائے دی جس میں ناصرف اسرائیل بلکہ اقوام متحدہ اور تمام ممالک کی بین الاقوامی قانونی ذمہ داریوں کے بارے میں بھی بتایا گیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ قوانین پر مبنی بین الاقوامی نظام کو برقرار رکھنے اور اسے بہتر بنانے کا دارومدار اس مشاورتی رائے پر عمل کرنے پر ہو گا۔
بین الاقوامی قانون
'آئی سی جے' نے اس معاملے میں جمعے کو اپنی قانونی رائے دیتے ہوئے کسی علاقے پر قبضے اور قابض طاقتوں کی ذمہ داریوں سے متعلق قوانین کو واضح کیا۔ عدالت نے کہا کہ طاقت کے زور پر کسی علاقے پر قبضہ کرنا اور لوگوں کے حق خود ارادیت کو سلب کرنا ممنوع ہے۔
اسرائیل کی جانب سے فلسطینی علاقوں پر یہودی بستیاں قائم کرنے کی پالیسیاں اور ان پر عملدرآمد کے اقدامات انسانی اور انسانی حقوق کے قوانین سمیت بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہیں۔
ان پالیسیوں اور اقدامات کے تحت فلسطینیوں کو اپنے گھروں سے جبراً بے دخل کیا جا رہا ہے، ان کی زمین اور املاک قبضے میں لی جا رہی ہے، قدرتی وسائل کا استحصال ہو رہا ہے اور اسرائیل کے زیرقبضہ علاقوں میں انہیں امتیازی قوانین کا سامنا ہے۔
سلامتی کونسل و جنرل اسمبلی کا کردار
عدالت نے کہا کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اور سلامتی کونسل کو ایسے موزوں اقدامات پر غور کرنا چاہیے جن کے ذریعے مقبوضہ فلسطینی علاقوں پر اسرائیلی ریاست کی غیرقانونی موجودگی کو ہرممکن طور سے جلد از جلد ختم کیا جا سکے۔
تحقیقاتی کمیشن عدالت کی مشاورتی رائے کی روشنی میں جنرل اسمبلی اور سلامتی کونسل کو اس ضمن میں موزوں اقدامات کا تعین کرنے میں مدد دینے کے لیے اسرائیل، فلسطین، تیسرے ممالک اور جہاں ضروری ہو کاروباری اداروں اور اقوام متحدہ کی ذمہ داریوں کا جائزہ لے گا۔