انسانی کہانیاں عالمی تناظر

یو این جنرل اسمبلی پہلی دفعہ ’ہفتہ پائیداریت‘ منائے گی

یو این جنرل اسمبلی پائیدار ترقی کے اہداف کے 2030 تک حصول پر بات کرنے کے لیے تیار ہو رہی ہے۔
UN Photo/Manuel Elías
یو این جنرل اسمبلی پائیدار ترقی کے اہداف کے 2030 تک حصول پر بات کرنے کے لیے تیار ہو رہی ہے۔

یو این جنرل اسمبلی پہلی دفعہ ’ہفتہ پائیداریت‘ منائے گی

اقوام متحدہ کے امور

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے صدر ڈینس فرانسس نے 15 تا 19 اپریل 'ہفتہ پائیداریت' منانے کا اعلان کیا ہے جس کا مقصد مستحکم اقدامات پر عملدرآمد اور دنیا کو درپیش اہم مسائل سے نمٹنے کے کام کی رفتار تیز کرنا ہے۔

اس موقع پر اقوام متحدہ کے زیراہتمام متعدد اعلیٰ سطحی مباحثوں کا انعقاد ہو گا اور موضوع کی مناسبت سے کئی طرح کے اقدامات شروع کیے جائیں گے۔ اس حوالے سے سیاحت، بنیادی ڈھانچے، توانائی اور نقل و حمل جیسے اہم شعبوں کی ترقی سے متعلقہ معاملات پر خاص توجہ مرکوز کی جائے گی۔

Tweet URL

ڈینس فرانسس نے اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر (نیویارک) میں صحافیوں کو بتایا کہ یہ پروگرام ایسے انداز میں پائیدار اقدامات کو ترقی دینے کے لیے ترتیب دیا گیا ہے جس سے پائیدار ترقی کے ایجنڈا 2030 پر عملدرآمد کی رفتار کو غیرمعمولی طور پر تیز کیا جا سکے۔ 

اس موقع پر ہونے والے پروگراموں میں دنیا بھر سے سربراہان مملکت و حکومت، مختلف شعبوں کے وزرا اور اقوام متحدہ کے اعلیٰ سطحی حکام کی شرکت متوقع ہے۔

ہفتہ پائیداریت کے پروگرام

  • 15 اپریل کو مستحکم قرضوں اور سماجی۔معاشی مساوات پر اعلیٰ سطحی مباحثے کا انعقاد ہو گا جس میں ممالک کی ترقی پر بڑھتے ہوئے قرضوں کے اثرات کو واضح کیا جائے گا۔
  • 16 اپریل کو سیاحت کے موضوع پر اعلیٰ سطحی اجلاس میں اس صنعت کے اندر غیرمستحکم طریقہ ہائے کار کو بہتر بنانے اور استحکام کا اندازہ لگانے کے لیے شماریاتی نظام شروع کرنے پر بات چیت کی جائے گی۔ 
  • 17 اپریل کو پائیدار نقل و حمل کے موضوع پر اعلیٰ سطحی اجلاس میں پائیدار ترقی کے متعدد اہداف کے حصول میں اس شعبے کی اہمیت پر زور دیا جائے گا۔ 
  • 18 اپریل کو دنیا بھر میں بنیادی ڈھانچے میں ربط کے استحکام اور پائیدار ترقی کو فروغ دینے پر غیررسمی بات چیت ہو گی۔ 
  • 19 اپریل کو دنیا بھر میں پائیدار توانائی کی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا اور اس دوران 'تمام لوگوں کی پائیدار توانائی تک رسائی کے لیے اقوام متحدہ کے عشرے' (2014 تا 2024) کے دوران ہونے والی پیش رفت اور کوتاہیوں پر غوروخوض ہو گا۔ علاوہ ازیں اس موقع پر کم خرچ اور ماحول دوست توانائی کے بارے میں پائیدار ترقی کے ہدف 7 پر عملدرآمد کی رفتار تیز کرنے کے لیے بھی کہا جائے گا۔ 

2030 کے ایجنڈے سے آگے 

جنرل اسمبلی کے صدر نے 2030 کے ایجنڈے سے ہٹ کر دیگر اقدامات پر بھی روشنی ڈالی جن میں 'پائیداریت کے انتخاب' کی مہم بھی شامل ہے۔ اس کا مقصد پائیدار طریقہ ہائے کار پر عملدرآمد سے متعلق وعدوں کے لیے متعلقہ فریقین کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔ 

انہوں نے اقوام متحدہ میں ہر مستقل مشن، متعلقہ فریقین اور ذرائع ابلاغ سے کہا کہ وہ پائیداریت کو فروغ دینے کے وعدے کریں اور مستحکم اقدامات کرتے وقت سوشل میڈیا پر اس حوالے سے اپنی حمایت کا اعلان کریں۔

ڈینس فرانسس نے کہا کہ 'ہفتہ پائیداریت' کے موقع پر ان کا دفتر دیگر اقدامات کے علاوہ جنرل اسمبلی میں آویزاں بینروں کو ایل ای ڈی سکرینوں سے تبدیل کر رہا ہے جو ناصرف دیرپا ہوں گی بلکہ ان سے توانائی کی بچت بھی ہو سکے گی۔