انسانی کہانیاں عالمی تناظر

ایٹمی اسلحہ کی آزمائش و پھیلاؤ انسانی حقوق کے لیے خطرہ

جوہری ہتھیاروں کی تیاری اور ان کا استعمال روکنے کے لیے ان سے ہونے والی تباہی کو یاد رکھنا بہت ضروری ہے۔
UNODA/Diane Barnes
جوہری ہتھیاروں کی تیاری اور ان کا استعمال روکنے کے لیے ان سے ہونے والی تباہی کو یاد رکھنا بہت ضروری ہے۔

ایٹمی اسلحہ کی آزمائش و پھیلاؤ انسانی حقوق کے لیے خطرہ

امن اور سلامتی

جوہری اسلحے کی تخفیف اور عدم پھیلاؤ پر اقوام متحدہ کے ماہرین نے کہا ہے کہ جوہری تجربات سے دنیا بھر میں انسانی زندگیوں اور حقوق کو خطرات لاحق ہیں، ممالک کو انہیں روکنا اور متاثرین کے نقصان کا ازالہ کرنا ہو گا۔

تخفیف اسلحہ اور عدم پھیلاؤ کے عالمی دن پر ماہرین کا کہنا ہےکہ اس وقت دنیا میں تقریباً 13 ہزار جوہری ہتھیار موجود ہیں جبکہ ہر جگہ تنازعات میں بھی اضافہ ہو رہا ہے جن میں جوہری طاقتیں بھی شامل ہیں۔ ایسے حالات میں اسلحے کی عمومی اور مکمل طور پر تخفیف کی ضرورت واضح ہو کر سامنے آتی ہے۔

Tweet URL

ماہرین کا کہنا ہے کہ جوہری ہتھیاروں کی تیاری اور ان کا استعمال روکنے کے لیے ان سے ہونے والی تباہی کو یاد رکھنا بہت ضروری ہے۔

جوہری تجربات اور انسانی حقوق

الکاہل خطے سے مغربی ایشیا اور وسطی ایشیا سے شمالی افریقہ تک جوہری ہتھیاروں کے تجربات ایک عالمگیر مسئلہ ہیں جس کے انسانی حقوق پر گہرے اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ اس امر کا ٹھوس ثبوت موجود ہے کہ کسی جوہری حملے یا حادثے کی صورت میں پوری دنیا اس سے متاثر ہو گی۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ تجربات نوآبادیاتی ماضی کی تکلیف دہ یاد بھی دلاتے ہیں جس میں خودارادیت سے محروم اور مقامی لوگوں کو نقصان اٹھانا پڑا۔ 

رواں مہینے جزائر مارشل میں مونگے کے جزیرے بکینی ایٹول پر کیسل بریوو تجربے کو 70 سال مکمل ہو رہے ہیں۔ 1946 اور 1958 کے درمیانی عرصہ میں امریکہ نے اس جگہ جوہری ہتھیاروں کے 67 معلوم تجربات کیے جبکہ یہ علاقہ اقوام متحدہ کی تولیت میں تھا۔ 

ان تجربات کے نتیجے میں تابکاری اور جوہری فضلے کی زد میں آنے والے مقامی لوگوں کو جسمانی نقصان کا سامنا کرنا پڑا جس کے خواتین اور لڑکیوں پر غیرمتناسب شدت کے اثرات مرتب ہوئے۔ اس کے علاوہ موجودہ اور آنے والی نسلوں پر ان تجربات کے منفی اثرات بھی جاری رہے۔ 

بین الاقوامی ضابطوں بشمول تلافی و ازالے کے حق سے متعلق بنیادی اصولوں اور رہنمائی کے تحت دوبارہ ایسے تجربات نہ کیے جانے کی ضمانت دینا اور حقوق کی پامالیوں پر سچائی، احتساب اور ازالہ یقینی بنانا بھی ضروری ہے جو کہ اس معاملے میں کبھی نہیں ہوا۔ 

تخفیف اسلحہ کی ذمہ داری

1996 میں عالمی عدالت انصاف نے جوہری ہتھیاروں کے خطرے یا ان کے استعمال کے قانونی جواز پر اپنی مشاورتی رائے میں کہا تھا کہ ممالک کی ذمہ داری ہے کہ وہ نیک نیتی سے جوہری اسلحے کی تخفیف کے لیے کام کریں گے۔ انہیں ایسی بات چیت شروع کرنا ہو گی جس کی بدولت کڑی اور موثر بین الاقوامی نگرانی میں جوہری اسلحے کی ہر پہلو سے تخفیف ممکن ہو۔ 

جوہری ہتھیاروں کی ممانعت سے متعلق 2017 کے معاہدے میں جوہری مسائل سے نمٹنے کے لائحہ عمل کا تذکرہ بھی ہے۔ ماہرین  نے ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ اس معاہدے اور متاثرین کی مدد، ماحولیاتی نقصان کے ازالے اور بین الاقوامی تعاون سے متعلق اس کی شرائط پر عمل کریں۔ 

جوہری اسلحے اور دنیا میں جاری جنگوں کے ہوتے ہوئے تمام کو تخفیف اسلحہ اور ہتھیاروں کے عدم پھیلاؤ کو قبول کرنا ہو گا تاکہ سبھی کے انسانی حقوق اور مستحکم مستقبل کو یقینی بنایا جا سکے۔

ماہرین و خصوصی اطلاع کار

غیرجانبدار ماہرین یا خصوصی اطلاع کار اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے خصوصی طریقہ کار کے تحت مقرر کیے جاتے ہیں جو اقوام متحدہ کے عملے کا حصہ نہیں ہوتے اور اپنے کام کا معاوضہ بھی وصول نہیں کرتے۔