انسانی کہانیاں عالمی تناظر

ایٹمی عدم پھیلاؤ کے لیے نوجوان قیادت کی تربیت کا یو این پروگرام شروع

مظاہرین نیویارک میں اقوام متحدہ کے دفتر کے سامنے ایٹمی اسلحہ کے پھیلاؤ کے خلاف مظاہرہ کر رہے ہیں (فائل فوٹو)۔
© ICAN/Seth Shelden
مظاہرین نیویارک میں اقوام متحدہ کے دفتر کے سامنے ایٹمی اسلحہ کے پھیلاؤ کے خلاف مظاہرہ کر رہے ہیں (فائل فوٹو)۔

ایٹمی عدم پھیلاؤ کے لیے نوجوان قیادت کی تربیت کا یو این پروگرام شروع

امن اور سلامتی

'جوہری ہتھیاروں سے پاک دنیا کے لیے نوجوان رہنماؤں کے فنڈ' میں کام کے لیے منتخب ہونے والے 100 نوجوانوں کا پہلا اجلاس اقوام متحدہ میں شروع ہو گیا ہے۔ یہ نوجوان اپنی صلاحیتوں کو دنیا سے جوہری ہتھیاروں کا خاتمہ کرنے کے لیے استعمال میں لائیں گے۔

اپنی نوعیت کے اس پہلے تربیتی پروگرام کے لیے جاپان نے فیاضانہ مدد فراہم کی ہے اور تخفیف اسلحہ کے امور پر اقوام متحدہ کا دفتر 'یو این او ڈی اے' ادارہ برائے تربیت و تحقیق کے تعاون سے اس پروگرام پر عملدرآمد کروا رہا ہے۔ اس کے تحت ان نوجوانوں کو متعامل آن لائن تربیت دی جائے گی، انہیں جوہری شعبے کے ماہرین کے ساتھ کام کرنے اور جاپان کے ورچوئل دورے کا موقع ملے گا اور وہ نوجوانوں کے زیرقیادت ایک کانفرنس میں شرکت کریں گے۔

Tweet URL

یہ نوجوان 60 ممالک کی نمائندگی کرتے ہیں جن کا انتخاب دنیا بھر کے 2,000 درخواست گزراروں میں سے ہوا تھا۔ 'یو این او ڈی اے' کے مطابق یہ نوجوان آئندہ برس جوہری اسلحے میں تخفیف کے بارے میں تعلیم و تربیت حاصل کریں گے۔ آگاہی حاصل کرنےکے بعد وہ اپنی صلاحیتوں کو جوہری ہتھیاروں کا خاتمہ کرنے کے لیے استعمال میں لائیں گے جو دنیا میں سب سے زیادہ تباہ کن اسلحہ ہے۔

'سفر جاری رکھنا ہے'

سوموار کو اس پروگرام کے آغاز پر جاپان کے وزیراعطم فومیو کیشیڈا اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش نے ان نوجوانوں کے لیے اپنے پیغامات بھیجے۔ 

وزیراعظم کیشیڈا کا تعلق دوسری جنگ عظیم کے اختتام پر جوہری بم کا نشانہ بننے والے جاپانی شہر ہیروشیما سے ہے۔ وہ ہیروشیما اور ایسی ہی تباہی کا سامنا کرنے والے دوسرے شہر ناگاساکی پر حملوں سے حاصل ہونے والے اسباق کو تازہ رکھنے کی مضبوطی سے وکالت کرتے آئے ہیں۔ دونوں شہروں کو ان حملوں میں بہت بڑے پیمانے پر موت، تکالیف اور تباہی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ دنیا کو جوہری ہتھیاروں سے پاک کرنا خواہ کتنا ہی مشکل کیوں نہ ہو، اس سمت میں سفر جاری رکھنا ہو گا۔ اب دنیا کو نوجوانوں کی ضرورت ہے جو اسے مستقبل کی جانب لے جائیں گے۔

مشترکہ مستقبل کا تحفظ

انتونیو گوتیرش نے اپنے پیغام میں ان نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کی ہے کہ وہ انسانیت کے مستقبل کو جوہری ہتھیاروں سے پاک کرنے کے لیے اپنی توانائی، اختراعی تصورات اور تخلیقی صلاحیتوں سے کام لیں۔

انہوں نے کہا کہ تمام انسانوں کے مشترکہ مستقبل اور انسانیت کی خاطر دنیا کو جوہری ہتھیاروں سے پاک کرنے کے لیے کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں۔ 

حالیہ برسوں میں سیکرٹری جنرل تبدیلی کی حتمی قوت کے طور پر نوجوانوں کے کردار کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں بااختیار بنانے پر زور دیتے رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ نوجوان تخفیف اسلحہ کے لیے ایک مضبوط قوت کے طور پر سامنے آئے ہیں۔