انسانی کہانیاں عالمی تناظر

گوتیرش نے ’انرا‘ کا جائزے لینے کے لیے آزاد پینل مقرر کر دیا

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش ایک پریس کانفرس سے خطاب کرتے ہوئے (فائل فوٹو)۔
UN Photo/Eskinder Debebe
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش ایک پریس کانفرس سے خطاب کرتے ہوئے (فائل فوٹو)۔

گوتیرش نے ’انرا‘ کا جائزے لینے کے لیے آزاد پینل مقرر کر دیا

اقوام متحدہ کے امور

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش نے فلسطینی پناہ گزینوں کے  لیے امدادی ادارے (انرا) کا جائزہ لینےکے لیے ایک غیرجانبدار پینل مقرر کیا ہے جو ادار ےکی غیرجانبداری اور الزامات پر کارروائی یقینی بنانے کے طریقہ ہائے کار کو جانچے گا۔

یہ تقرری 'انرا' کے متعدد اہلکاروں پر 7 اکتوبر اسرائیل کے خلاف حملوں میں ملوث ہونے کے الزامات کے بعد کی گئی ہے۔

Tweet URL

غیرجانبدار جائزہ گروپ کی تعیناتی میں 'انرا' کے کمشنر جنرل فلپ لازارینی کی مشاورت بھی شامل ہے۔ یہ پینل جائزہ لے گا کہ آیا ادارہ اپنی غیرجانبداری قائم رکھنے اور اپنے اہلکاروں پر کسی طرح کے الزامات کی صورت میں ضروری کارروائی یقینی بنانے کے لیے ہرممکن اقدامات کر رہا ہے یا نہیں۔ 

پینل اپنا کام 14 فروری سے شروع کرے گا اور متوقع طور پر اس کی جانب سے عبوری رپورٹ مارچ کے اواخر میں سیکرٹری جنرل کو جمع کرائی جائے گی۔ عام کی جانے والی حتمی رپورٹ اپریل کے آخر تک مکمل ہونے کا امکان ہے۔

اس پینل کی سربراہی فرانس کی سابق وزیر خارجہ کیتھرین کولونا کو سونپی گئی ہے جو تین تحقیقی اداروں کے ساتھ مل کر کام کریں گی۔ ان میں سویڈن کا راؤل والنبرگ انسٹیٹیوٹ، ناروے کا کرسچین مکلسن انسٹیٹیوٹ اور ڈنمارک کا انسٹیٹیوٹ فار ہیومن رائٹس شامل ہیں۔ 

متوازی تحقیقات

یہ جائزہ 'انرا' کے کمشنر جنرل کی درخواست پر لیا جا رہا ہے۔ اسی معاملے پر اقوام متحدہ کے شعبہ داخلی نگرانی (او آئی او ایس) کے زیرانتظام ایک متوازی تفتیش بھی جاری ہے جس میں 'انرا' کے 12 اہلکاروں پر 7 اکتوبر کے حملوں میں ملوث ہونے یا ان کی حمایت کرنے کے الزامات کو پرکھا جا رہا ہے۔

گزشتہ ہفتے 16 عطیہ دہندہ ممالک کی جانب سے 'انرا' کو مالی وسائل کی فراہمی روکے جانےکے بعد اقوام متحدہ نے خبردار کیا تھا کہ غزہ میں امدادی کارروائیاں خطرے سے دوچار ہیں۔ 

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے ایک بیان میں کہا ہےکہ یہ الزامات ایسے وقت سامنے آئے ہیں جب 'انرا' مشکل ترین حالات میں غزہ کے 20 لاکھ سے زیادہ فلسطینیوں کو انسانی امداد پہنچا رہا ہے۔ ان لوگوں کو دنیا میں سب سے بڑے اور پیچیدہ ترین انسانی بحران کا سامنا ہے۔ 

جائزہ گروپ کی ذمہ داریاں

'انرا' پر یہ الزامات اسرائیل کی جانب سے عائد کیے گئے ہیں اور سیکرٹری جنرل کا کہنا ہے کہ تحقیقاتی عمل کی کامیابی میں اسرائیلی حکام کی جانب سے تعاون خاص طور پر اہمیت کا حامل ہو گا۔

سیکرٹری جنرل کے مطابق یہ پینل 'انرا' کی جانب سے اپنی غیرجانبداری یقینی بنانے اور عملے پر ادارے اصولوں کی کسی خلاف ورزی کے الزامات پر کارروائی کے موجودہ طریقوں کی نشاندہی کرے گا۔پینل یہ بھی دیکھے گا کہ ان طریقوں پر کس انداز میں عمل ہوا ہے یا نہیں ہوا اور آیا ان سے پوری طرح کام لینے کی ہرممکن کوشش کی گئی ہے یا نہیں۔ اس ضمن میں عملیاتی، سیاسی اور سلامتی کے مخصوص ماحول کو بھی مدنظر رکھا جائے گا۔

علاوہ ازیں، یہ پینل اس بات کا بھی جائزہ لے گا کہ ایسے طریقہ ہائے کار اپنا مقصد پورا کرتے ہیں یا نہیں۔ اس میں عملیاتی، سیاسی و سلامتی کے مخصوص پس منظر میں خدشات سے نمٹنے کے انتظام کی افادیت کا اندازہ لگانا بھی شامل ہے۔

آخر میں یہ جائزہ گروپ ادارے کے موجودہ طریقہ ہائے کار میں ضروری بہتری کے لیے سفارشات پیش کرے گا۔ اس حوالے سے عملیاتی، سیاسی اور سلامتی کے مخصوص تناطر میں نئے اور متبادل نظام وضع کرنے سفارش بھی کی جا سکتی ہے جو اس مقصد کو بخوبی پورا کر سکیں۔