انسانی کہانیاں عالمی تناظر

انرا پر جائزہ گروپ نے یو این چیف کو عبوری رپورٹ پیش کر دی

اقوام متحدہ کے امدادی ادارے (انرا) کا جائزہ لینے کے لیے غیرجانبدارانہ تحقیقاتی مشن کی سربراہ کیتھرین کولونا کا کہنا ہے کہ ان کا مقصد کھری اور حقائق کی بنیاد پر رپورٹ تیار کرنا ہے۔
UN Photo/Manuel Elías
اقوام متحدہ کے امدادی ادارے (انرا) کا جائزہ لینے کے لیے غیرجانبدارانہ تحقیقاتی مشن کی سربراہ کیتھرین کولونا کا کہنا ہے کہ ان کا مقصد کھری اور حقائق کی بنیاد پر رپورٹ تیار کرنا ہے۔

انرا پر جائزہ گروپ نے یو این چیف کو عبوری رپورٹ پیش کر دی

اقوام متحدہ کے امور

فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے اقوام متحدہ کے امدادی ادارے (انرا) کے اہلکاروں پر دہشت گردی میں ملوث ہونے کے الزامات کا جائزہ لینے والے غیرجانبدار تحقیقاتی گروپ کی عبوری رپورٹ سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش کو موصول ہو گئی ہے۔

سیکرٹری جنرل کے دفتر نے بتایا ہے کہ اس رپورٹ میں اسرائیل کی جانب سے عائد کردہ ان سنگین الزامات کا جائزہ لیا گیا ہے کہ 'انرا' کے بعض اہلکار 7 اکتوبر کو اس کے خلاف دہشت گرد حملے میں ملوث تھے۔

اقوام متحدہ میں داخلی نگرانی کا ادارہ (او آئی او ایس) بھی ان الزامات کی تحقیقات کر رہا ہے۔ 

عبوری رپورٹ اور اس میں دی گئی سفارشات منگل کو سیکرٹری جنرل کے دفتر بھیجی گئی تھیں۔ 

رپورٹ کے مطابق 'انرا' اپنے کام میں غیرجانبداری کا اصول یقینی طور پر برقرار رکھنے کے لیے کئی طریقہ ہائے کار سے کام لیتا ہے۔ جائزہ گروپ نے ایسے معاملات کی نشاندہی بھی کی ہے جہاں ادارے کو اپنا کام مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔ 

جائزہ گروپ اب ان کمزوریوں پر قابو پانے کے لیے ٹھوس اور حققیت پسندانہ سفارشات بھی تیار کرے گا۔ 

سیکرٹری جنرل آج شام یہ رپورٹ وصول کریں گے جبکہ حتمی رپورٹ 20 اپریل کو پیش کی جانا ہے اور اسے عام بھی کیا جائے گا۔

سیکرٹری جنرل نے 'انرا' کے کمشنر جنرل فلپ لازارینی کی مشاورت سے فروری میں جائزہ گروپ کا تقرر کیا تھا۔ اس کی قیادت فرانس کی سابق وزیر خارجہ کیتھرین کولونا کر رہی ہیں جبکہ سویڈن، ناروے اور ڈنمارک کے تین تحقیقی ادارے بھی ان کے معاون ہیں۔