انسانی کہانیاں عالمی تناظر

ایکوساک اجلاس میں کام کرنے کے بدلتے انداز زیر بحث

موثر ضابطوں کی بدولت ڈیجیٹل آلات روزگار کے مواقع پیدا کرنے کی رفتار بڑھانے اور سماجی تحفظ کو وسعت دینے میں مددگار ہو سکتے ہیں۔
UNFPA/Alys Tomlinson
موثر ضابطوں کی بدولت ڈیجیٹل آلات روزگار کے مواقع پیدا کرنے کی رفتار بڑھانے اور سماجی تحفظ کو وسعت دینے میں مددگار ہو سکتے ہیں۔

ایکوساک اجلاس میں کام کرنے کے بدلتے انداز زیر بحث

معاشی ترقی

اقوام متحدہ کی نائب سیکرٹری جنرل امینہ جے محمد نے کہا ہے کہ کام کے حالات میں بہتری لانے کے لیے تمام ممالک کو تمام لوگوں کے لیے یکساں مواقع کی فراہمی یقینی بنانا ہو گی۔

انہوں نے یہ بات اقوام متحدہ کی معاشی و سماجی کونسل (ایکوساک) کے خصوصی اجلاس کے لیے اپنے ویڈیو پیغام میں کہی ہے۔ کونسل کا دو روزہ اجلاس چلی کے دارالحکومت سانتیاگو میں جاری ہے۔ اس موقع پر کام کے حالات میں تیزرفتار تبدیلی بحث کا خاص موضوع ہے۔

Tweet URL

مواقع اور مسائل

نئی ٹیکنالوجی، عالمگیریت اور آبادیاتی رحجانات نے جہاں بہتر پیداوار اور اختراع کے حوالے سے اچھے مواقع پیدا کیے ہیں وہیں ان سے کارکنوں اور پالیسی سازوں کے لیے کئی مسائل نے بھی جنم لیا ہے۔

'ایکوساک' کی صدر پاؤلا ناروائز نے اجلاس سے افتتاحی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پائیدار ترقی کے لیے باوقار کام، روزگار کے مواقع کی تخلیق، محنت کشوں کے حقوق اور سماجی مکالمے کی خاص اہمیت ہے۔ انہوں نے باوقار روزگار کے مزید مواقع پیدا کرنے پر سرمایہ کاری بڑھانے کی اپیل کی۔ 

ان کا کہنا تھا کہ بڑے پیمانے پر تعاون، عالمی سطح پر مزید وسائل کی فراہمی اور تکنیکی معاونت کی بدولت قومی وسائل کو باوقار روزگار اور سماجی تحفظ تک رسائی بڑھانے کے لیے موثر طور پر کام میں لایا جا سکتا ہے۔ بے ضابطگی پر قابو پانے اور ایسی پالیسیاں تشکیل دینے کے لیے مربوط کوشش درکار ہے جن سے کم از کم مناسب اجرت، کام کے محفوظ معاہدے اور اچھے حالات کار یقینی بنائے جا سکیں۔ 

ڈیجیٹل دنیا

امینہ محمد نے کہا کہ سبھی کو یکساں مواقع کی فراہمی تک دنیا اپنے مقاصد میں کامیاب نہیں ہو گی۔ اس کا مطلب نوجوانوں میں انتہائی بلند سطح پر پہنچی بے روزگاری پر قابو پانا، اجرتوں میں صنفی بنیاد پر فرق کو ختم کرنا، افرادی قوت میں اضافہ اور سبھی کو سماجی تحفظ تک رسائی دینا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے لیے موثر ضابطوں کی عدم موجودگی بھی عدم مساوات کا محرک ہے۔ 

موثر ضابطوں کی بدولت ڈیجیٹل آلات روزگار کے مواقع پیدا کرنے کی رفتار بڑھانے اور سماجی تحفظ کو وسعت دینے میں مددگار ہو سکتے ہیں۔ کووڈ۔19 کے دوران کئی ممالک میں اس کا عملی مظاہرہ دیکھنے کو ملا۔ اسی عرصہ میں دنیا کو نگہبان معاشرے تشکیل دینے کی اہمیت کا احساس بھی ہوا۔

اجلاس، مباحثے اور تقریب

'ایکوساک' کا دو روزہ خصوصی اجلاس لاطینی امریکہ اور غرب الہند کے لیے اقوام متحدہ کے معاشی کمیشن (ای سی ایل اے سی) میں ہو رہا ہے جس کا دفتر چلی کے دراالحکومت میں واقع ہے۔ 

اس دوران عام اجلاس، متعامل مباحثے اور کمیشن کے قیام و انسانی حقوق کے عالمگیر اعلامیے کی منظوری کی 75ویں سالگرہ کے حوالے سے ذیلی اجلاس بھی منعقد ہوں گے۔ اس کے علاوہ چلی کے وکیل اور سفارت کار ہرنن سانتا کروز کی یاد میں خصوصی تقریب بھی ہو گی جو اس اعلامیے کا ابتدائی مسودہ تشکیل دینے والوں میں شامل تھے۔