انسانی کہانیاں عالمی تناظر

یوکرین: کیئو پر روسی حملوں میں بچوں سمیت درجنوں افراد زخمی

کیئو ایک بار پھر روس کے میزائل حملوں کی زد میں ہے (فائل فوٹو)۔
© UN News/Anna Radomska
کیئو ایک بار پھر روس کے میزائل حملوں کی زد میں ہے (فائل فوٹو)۔

یوکرین: کیئو پر روسی حملوں میں بچوں سمیت درجنوں افراد زخمی

امن اور سلامتی

یوکرین کے دارالحکومت کیئو پر روس کے فضائی حملوں میں بچوں سمیت درجنوں افراد زخمی ہوئے ہیں جنہیں اقوام متحدہ اور اس کے امدادی شراکت دار طبی امداد اور تحفظ مہیا کر رہے ہیں۔ کیئو پر ایک ہفتے سے بھی کم عرصہ میں ہونے والا یہ تیسرا حملہ ہے۔

اقوام متحدہ کے ترجمان سٹیفن ڈوجیرک نے نیویارک میں صحافیوں کو بتایا کہ ان حملوں میں کیئو کے 10 میں سے چار اضلاع میں اہم تنصیبات کو نقصان پہنچا ہے۔ ان میں بیسیوں گھر، ہسپتال اور بچوں کا ایک سکول شامل ہیں۔

Tweet URL

علاوہ ازیں، ان حملوں میں پانی اور بجلی کے نظام بھی متاثر ہوئے تاہم حکام نے ان اہم خدمات کی فراہمی کو فوری بحال کر لیا۔ لوگوں کے لیے امدادی مقامات پر حرارت کا انتظام کیا گیا ہے اور جن کے گھروں کو نقصان پہنچا ہے ان کے لیے رہائش کا بندوبست کیا جا رہا ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ اقوام متحدہ اور اس کے امدادی شراکت داروں نے حملوں سے متاثرہ سینکڑوں لوگوں کو کمبل اور گرم کھانا مہیا کیا ہے۔ اس کے علاوہ انہیں نفسیاتی و طبی مدد دی جا رہی ہے اور متاثرین کو نقد امداد کے لیے بھی رجسٹرڈ کیا جا رہا ہے۔ 

مواصلاتی نظام پر سائبر حملہ

یوکرین میں موبائل فون کی سب سے بڑی کمپنی پر سائبر حملے کے باعث کیئو میں لاکھوں لوگوں کی فضائی حملے سے خبردار کرنے کے نظام تک رسائی نہیں رہی۔ شمالی اور مرکزی علاقوں میں بھی یہی صورت حال ہے۔

ترجمان نے کہا کہ بین الاقوامی انسانی قانون کے تحت شہری تنصیبات پر دانستہ حملے ممنوع ہیں۔ ان میں مواصلاتی نظام اور ایسی تنصیبات بھی شامل ہیں جن سے لوگوں کو دوران جنگ آگاہ اور محفوظ رہنے میں مدد ملتی ہے۔

یوکرین کا طویل مدتی نقصان

یوکرین میں اقوام متحدہ کے دفتر برائے انسانی حقوق (او ایچ سی ایچ آر) کی سربراہ ڈینیل بیل نے کہا ہے کہ شہری مقامات پر متواتر حملوں، انسانی حقوق کی پامالیاں اور شہریوں کی تکالیف کی یاد آئندہ نسلوں تک قائم رہے گی۔ 

جنگ سے متاثرہ یوکرین میں انسانی حقوق کے بارے میں تازہ ترین رپورٹ کے اجرا پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تعلیم سے لے کر صحت، معیشت اور سماجی ہم آہنگی تک عوامی زندگی کا ہر پہلو جنگ سے بری طرح متاثر ہوا ہے۔ اس سے یوکرین کی سماجی، معاشی اور سیاسی ساخت کو طویل مدتی نقصان پہنچا ہے۔ 

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ رواں سال اگست اور نومبر کے درمیان یوکرین میں 576 شہری ہلاک اور 1,864 زخمی ہو چکے ہیں۔86 فیصد انسانی نقصان یوکرین کے زیرانتظام علاقوں میں ہوا جن میں دونیسک، خارکیئو، کیرسون اور ژیپوریژیزیا خاص طور پر نمایاں ہیں۔ 

شہریوں کی بیشتر ہلاکتوں اور عمارتوں کو ہونے والے نقصان کا سبب بم باری اور محاز جنگ کے قریب ملٹی پل لانچ راکٹ سسٹم (ایم ایل آر ایس) کے حملے ہیں۔