انسانی کہانیاں عالمی تناظر

امددای سامان غزہ جانے کی حتمی اجازت ملنے کا منتظر

امدادی سامان سے لدے ٹرک مصر کے سرحدی گاؤں العریش سے غزہ روانہ ہونے کی اجازت کے منتظر ہیں۔
© UNICEF/Mohamed Ragaa
امدادی سامان سے لدے ٹرک مصر کے سرحدی گاؤں العریش سے غزہ روانہ ہونے کی اجازت کے منتظر ہیں۔

امددای سامان غزہ جانے کی حتمی اجازت ملنے کا منتظر

انسانی امداد

غزہ میں امداد پہنچانے کے لیے امریکہ کی ثالثی میں معاہدے کی خبریں آنے کے بعد مصر میں امدادی سامان کے ٹرک تیار کھڑے ہیں جبکہ اقوام متحدہ میں امدادی امور کے رابطہ دفتر نے خبردار کیا ہے کہ غزہ میں پانی کی قلت سے لوگوں کی زندگی کو خطرہ ہے۔

اطلاعات کے مطابق امریکہ نے غزہ میں محدود پیمانے پر انسانی امداد پہنچانے کے لیے اسرائیل کے ساتھ معاہدہ کیا ہے جس کے تحت ابتدائی مرحلے میں امدادی سامان کے 20 ٹرک مصر سے رفح کے سرحدی راستے سے غزہ جائیں گے۔

Tweet URL

بدھ کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل غزہ میں امداد کی فراہمی کے لیے انسانی بنیاد پر توقف سے متعلق قرارداد کی منظوری دینے میں ناکام رہی تھی جبکہ تقریباً 3,000 ٹن امدادی سامان غزہ کے ساتھ مصر کی سرحدی حدود میں ایک ہفتے سے موجود ہے۔

امریکہ کی ثالثی میں امداد کی فراہمی کے معاہدے پر تبصرہ کرتے ہوئے عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ٹیڈروز ایڈہانوم گیبریاسس نے زیرمحاصرہ علاقے میں خوراک، پانی اور طبی امداد پہنچانے کے لیے امریکہ کی قیادت اور اسرائیل کی رضامندی کا خیرمقدم کیا ہے۔

انہوں نے سوشل میڈیا کے پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹویٹر) پر کہا ہے کہ اس مدد پر بہت سی زندگیوں کا انحصار ہے۔

سیکرٹری جنرل کا دورہ قاہرہ

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل اس تنازعہ پر قابو پانے کے لیے اپنی سفارتی کوششوں کے سلسلے میں متوقع طور پر آئندہ چند گھنٹوں میں مصر کے دارالحکومت قاہرہ پہنچ رہے ہیں۔

انہوں نے منگل کو غزہ کے الاہلی عرب ہسپتال پر حملے کے بعد انسانی بنیادوں پر فوری جنگ بندی کے لیے کہا تھا۔ غزہ کے حکام کے مطابق اس حملے میں 471 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

انسانی جانیں خطرے میں

امدادی امور کے لیے اقوام متحدہ کے رابطہ دفتر او سی ایچ اے (اوچا)  نے کہا ہے کہ حالیہ تنازعہ شروع ہونے کے بعد اس میں یہ اب تک کا مہلک ترین واقعہ ہے جس میں بچے، طبی عملہ اور بے گھر لوگ ہلاک ہوئے۔

اطلاعات کے مطابق رفح کے سرحدی راستے سے غزہ میں امداد کی ترسیل کے لیے سڑک کی مرمت کا سامان پہنچ گیا ہے۔ امدادی سامان کے مزید 100 ٹرک مصر کی سرحدی حدود میں روانگی کی اجازت ملنے کے منتظر ہیں۔ 

اسرائیل نے کہا ہے کہ وہ غزہ میں محدود پیمانے پر امداد پہنچانے کی اجازت دے گا اور اس کی شرط ہےکہ یہ امداد حماس کے ہاتھ نہ لگے۔ 

اوچا کے سربراہ مارٹن گرفتھس نے بدھ کو سلامتی کونسل میں بریفنگ دیتے ہوئے کہا تھا کہ امدادی اداروں کو غزہ بھر میں شہریوں کو بلاروک و ٹوک مدد پہنچانے کی اجازت ہونی چاہیے۔ اس سلسلے میں انہیں ہر جگہ جانے کی آزادی اور تحفظ کی ضمانت ملنا بھی ضروری ہے۔ 

انہوں نے سفیروں کو بتایا کہ غزہ کے بیس لاکھ سے زیادہ لوگوں کی ضروریات پوری کرنے کے لیے روزانہ امدادی سامان کے 100 ٹرک درکار ہیں۔

تباہ کن صورتحال 

غزہ کی آبادی کو تباہ کن حالات کا سامنا ہے جہاں 11 اکتوبر سے بجلی مکمل طور پر بند ہے، غذائی عدم تحفظ بڑھ رہا ہے اور طبی نظام تباہی کے دھانے پر ہے۔

اوچا کے مطابق اب غزہ میں تمام آبادی کو پینے،کھانے پکانے اور صحت و صفائی برقرار رکھنے کے لیے روزانہ اوسطاً تین لٹر پانی ہی میسر ہے۔ ادارے نے خبردار کیا ہے کہ لوگ غیرمحفوظ ذرائع سے پانی پینے پر مجبور ہیں جس سے وبائی بیماریاں پھوٹنے اور لوگوں کی صحت و زندگی کے نقصان کا خطرہ ہے۔