انسانی کہانیاں عالمی تناظر

نیجر کے صدر کی مسلسل حراست پر یو این چیف کو تشویش

نیجر کے صدر محمد بازوم 2022 میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کر رہے ہیں۔
UN Photo/Cia Pak
نیجر کے صدر محمد بازوم 2022 میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کر رہے ہیں۔

نیجر کے صدر کی مسلسل حراست پر یو این چیف کو تشویش

امن اور سلامتی

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش نے نیجر میں 26 جولائی کو فوجی بغات کی کوشش کے بعد مغربی افریقی ممالک کی معاشی برادری (ایکوواس) کی جانب سے ثالثی کی کوششوں کی حمایت کی ہے۔

اطلاعات کے مطابق مغربی افریقہ کے ممالک کا یہ بلاک اس بحران کے حوالے سے نائجیریا کے شہر ابوجا میں جمعرات کو ایک اور اجلاس کرے گا۔

یہ پیش رفت گزشتہ ہفتے ہونے والی ایک غیرمعمولی کانفرنس کے بعد سامنے آئی ہے جہاں 15 ممالک کے اس بلاک نے ایک اعلامیہ جاری کیا تھا جس میں نیجر کے صدر محمد بازوم کی بحالی کا مطالبہ کیا گیا۔ 

'ایکوواس' نے خبردار کیا کہ اگر ایسا نہ ہوا تو ملک میں دستوری نظام کی بحالی کے لیے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جائیں گے جن میں طاقت کا استعمال بھی شامل ہے۔ اس حوالے سے دیے گئے الٹی میٹم کی مدت اتوار کو ختم ہو گئی تھی۔  

یہ اعلامیہ جاری ہونے کے بعد نیجر کے فوجی رہنماؤں نے ملک کی فضائی حدود بند کر دی ہیں۔ 

اقوام متحدہ کی مدد 

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے دفتر کی جانب سے صحافیوں کے لیے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ انہیں صدر بازوم کو گرفتار رکھے جانے اور ملک میں دستوری نظام کی بحالی میں ناکامی پر تشویش ہے۔

اقوام متحدہ کے امدادی اداروں نے نیجر میں موجود رہنے اور مدد کی فراہمی جاری رکھنےکا عہد کیا ہے۔

دریں اثنا، مغربی افریقہ اور ساحل کے لیے اقوام  متحدہ کے خصوصی نمائندے لیونارڈو سانتوز سیماؤ اس وقت ابوجا میں ہیں اور علاقائی فریقین کو مسئلے کے حل میں مدد فراہم کر رہے ہیں۔ 

امداد جاری رکھنے کی ضرورت 

سیکرٹری جنرل کے بیان میں یہ یقینی بنانے کی فوری ضرورت پر زور دیا گیا ہے کہ تحفظ زندگی کے لیے امدادی کام بلا روک و ٹوک جاری رہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ نیجر کے دور دراز علاقوں میں رابطے کے لیے مدد دینے والی اقوام متحدہ کی امدادی فضائی سروس کو کام کرنے اور ان جگہوں پر رہنے والے لوگوں کو مدد فراہم کرنے کی آزادی ہونی چاہیے۔ 

گزشتہ ہفتے سیماؤ نے صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ نیجر میں 4.3 ملین لوگوں کو انسانی امداد کی ضرورت ہے۔ 

انہوں نے خبردار کیا کہ یہ بڑھتا ہوا بحران پورے مغربی افریقہ میں عدم تحفظ کی صورتحال کو مزید بگاڑ سکتا ہے۔ 

اقوام متحدہ کے امدادی اداروں نے نیجر میں موجود رہنے اور مدد کی فراہمی جاری رکھنےکا عہد کیا ہے۔