انسانی کہانیاں عالمی تناظر

نیجر میں حکومت بدلنے کی ’غیر آئینی کوششوں‘ کی مذمت

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس کا ایک منظر (فائل فوٹو)۔
UN Photo/Manuel Elías
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس کا ایک منظر (فائل فوٹو)۔

نیجر میں حکومت بدلنے کی ’غیر آئینی کوششوں‘ کی مذمت

امن اور سلامتی

سلامتی کونسل کے ارکان نے نیجر کے منتخب جمہوری صدر محمد بازوم کی فوری اور غیرمشروط رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے انہیں، ان کے اہلخانہ اور ان کی حکومت کے ارکان کو تحفظ دینے پر زور دیا ہے۔

سلامتی کونسل کے ارکان نے 26 جولائی 2023 کو جمہوریہ نیجر میں قانونی حکومت کو غیرآئینی طریقے سے تبدیل کرنے کی کوششوں کی کڑے انداز میں مذمت کی۔

رواں ہفتے کے آغاز پر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش نے نیجر کے صدر کی رہائی کا مطالبہ کیا۔ بدھ کی شام نیجر کی فوج کے چند افسروں نے ٹیلی ویژن پر فوجی بغاوت کا اعلان کیا جس سے قبل دارالحکومت نیامے میں صدر کے اپنے محافظوں نے انہیں ان کے دفتر میں ہی حراست میں لے لیا تھا۔

اطلاعات کے مطابق بغاوت کی کوشش کو پوری فوج کی حمایت حاصل نہیں تھی تاہم فوج کے سربراہ نے اعلان کیا کہ وہ اس اقدام کی حمایت کرتے ہیں۔

غیر آئینی اقدامات کے خطے پر منفی اثرات

اپنے بیان میں سلامتی کونسل کے ارکان نے حکومت میں غیرآئینی تبدیلیوں کے اس خطے پر منفی اثرات، دہشت گرد سرگرمیوں میں اضافے اور سنگین سماجی معاشی حالات پر تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں ںے نیجر میں پیش آںے والے واقعات پر افسوس کا اظہار بھی کیا جن سے ملک میں حکومتی اداروں اور امن عامہ کی صورتحال میں بہتری لانے کی کوششیں کمزور پڑ گئی ہیں۔

کونسل نے مغربی افریقی ممالک کی معاشی برادری (ای سی او ڈبلیو اے ایس)، افریقن یونین اور اقوام متحدہ کی جانب سے کی جانے والی کوششوں کی حمایت کی اور ان کی جانب سے غیرآئینی طریقوں سے اقتدار پر قبضہ کرنےکی کسی بھی کوشش کی مخالفت کی یقین دہانی سے متعلق بیانات کا خیرمقدم کیا۔

تشدد کی مخالفت

ارکان نے اس بغاوت میں شامل فوجی عناصر سے تشدد سے پرہیز کرنے اور اقتدار جمہوری حکومت کے حوالے کر کے بیرکوں میں واپس لوٹنے کے مطالبات کی بھی حمایت کی۔ 

کونسل نے حکومت میں غیرآئینی تبدیلیوں کو واپس لینے کی کوششوں کی حمایت کو دہراتے ہوئے حکومت اور قانونی طریقہ ہائے کار کو مضبوط بنانے کے لیے 'ای سی او ڈبلیو اے ایس' اور افریقن یونین کی حمایت کی۔ نیجر کے لوگوں سے یکجہتی کے لیے کونسل نے شہریوں کو دینے اور اس مشکل وقت میں انسانی امداد کی فراہمی کی اہمیت کو واضح کیا۔