انسانی کہانیاں عالمی تناظر

گوتیرش کی پاکستان میں ہوئے خودکش حملے کی شدید مذمت

پاکستان کا تاریخی شہر لاہور۔
© Unsplash/Shiza Nazir
پاکستان کا تاریخی شہر لاہور۔

گوتیرش کی پاکستان میں ہوئے خودکش حملے کی شدید مذمت

امن اور سلامتی

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش نے پاکستان کے شمال مغربی صوبے میں ایک سیاسی جلسے پر خودکش بم حملے کی کڑی مذمت کی ہے۔

اب تک کی اطلاعات کے مطابق صوبہ خیبرپختونخوا کے افغانستان کی سرحد کے قریب واقع ضلع باجوڑ میں اتوار کو کیے جانے والے اس حملے میں کم از کم 54 افراد ہلاک اور 83 زخمی ہوئے۔ 

عالمی میڈیا کے مطابق داعش خراسان نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔ حملے کا نشانہ بننے والا جلسہ مذہبی سیاسی تنظیم جمعیت علمائے اسلام (فضل الرحمان گروپ) کا بتایا جا رہا ہے۔

اقوام متحدہ کے نائب ترجمان فرحان حق نے نیویارک میں بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیکرٹری جنرل نے متاثرین کے خاندانوں سے دلی تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی خواہش کی ہے۔

یکجہتی کا اظہار

سیکرٹری جنرل نے پاکستان کے حکام سے اس واقعے کے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے بھی کہا ہے۔ 

فرحان حق نے کہا کہ سیکرٹری جنرل نے دہشت گردی اور شہریوں کو دانستہ نشانہ بنائے جانے کے تمام واقعات کی مذمت کی ہے اور وہ اس برائی کا مقابلہ کرنے میں پاکستان کی حکومت اور لوگوں کے ساتھ ہیں۔ 

پاکستان میں اقوام متحدہ کے دفتر نے اپنے ٹویٹ میں اس حملے کی سختی سے مذمت کی ہے۔ دفتر نے کہا ہے کہ "ہم متاثرین کے اہلخانہ سے دلی تعزیت کا اظہار اور زخمیوں کی فوری صحت یابی کی خواہش کرتے ہیں۔"