انسانی کہانیاں عالمی تناظر

زمین کی بحالی کے اہداف: خاتون کی زمین، خاتون کا حق

سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش نے بآور کرایا کہ بہت سے ممالک میں قوانین اور طریقہ ہائے کار خواتین اور لڑکیوں کو زمین کے حصول سے روکتے ہیں۔
UN Photo/Jean Marc Ferré
سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش نے بآور کرایا کہ بہت سے ممالک میں قوانین اور طریقہ ہائے کار خواتین اور لڑکیوں کو زمین کے حصول سے روکتے ہیں۔

زمین کی بحالی کے اہداف: خاتون کی زمین، خاتون کا حق

موسم اور ماحول

خشک سالی اور زمین کے بنجرپن سے نمٹنے کی کوششوں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش کا کہنا ہے کہ خشک سالی، زمین کے بنجر پن، اور موسمیاتی بحران سے خواتین اور لڑکیاں سب سے زیادہ متاثر ہو رہی ہیں۔ 

سیکرٹری جنرل کا کہنا ہے کہ زمین پر خشکی کا 40 فیصد تک حصہ انحطاط کا شکار ہے جس سے غذائی پیداوار مشکلات سے دوچار ہے اور حیاتیاتی تنوع کو خطرہ لاحق ہے۔

Tweet URL

ان کا کہنا ہے کہ زمین کے ساتھ بدسلوکی کے نتیجے میں خوراک کی کمی، پانی کی کمیابی اور جبری مہاجرت سے خواتین اور لڑکیاں غیرمتناسب طور پر متاثر ہوتی ہیں لیکن اس کے باوجود ان کے پاس اختیار سب سے کم ہے۔ 

انہوں نے یاد دلایا کہ بہت سے ممالک میں قوانین اور طریقہ ہائے کار خواتین اور لڑکیوں کو زمین کے حصول سے روکتے ہیں، تاہم جہاں ایسی صورتحال نہیں ہے وہاں وہ زمین کی بحالی، اس کے تحفظ، خشک سالی کے خلاف مضبوطی پیدا کرنے اور صحت، تعلیم اور غذائیت کے لئے کام میں مصروف ہیں۔ 

اقوام متحدہ کے سربراہ کا کہنا ہے کہ زمین کی ملکیت کے مساوی حقوق زمین کو محفوظ بناتے اور صنفی مساوات کو فروغ دیتے ہیں، اسی لئے بنجر پن اور خشک سالی کے خلاف اس عالمی دن کا موضوع "خاتون کی زمین اور خاتون کے حقوق" ہیں۔ 

انہوں نے تمام حکومتوں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ خواتین کے زمین کی ملکیت رکھنے کے خلاف قانونی رکاوٹوں کا خاتمہ کریں اور انہیں پالیسی سازی میں شامل کریں اور انتہائی قیمتی وسائل کے تحفظ میں کردار ادا کرنے کے لیے خواتین اور لڑکیوں کی مدد کریں۔